• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بہرائچ کے بعد اب بریلی ضلع میں بھیڑیوں کی دہشت، گھرمیں گھس کر باپ بیٹے پر حملہ

Updated: September 19, 2024, 1:04 PM IST | Bareilly

تحصیل نواب گنج کے گاؤں بھان پور میں جنگلی جانور کے حملے میں باپ بیٹے زخمی۔ گاؤں والوں کا دعویٰ ہے کہ حملہ بھیڑیے نے کیا جبکہ محکمہ جنگلات نے اسے گیدڑ قرار دیا۔

A Forest Department team with villagers in a village in Bareilly. Photo: INN.
بر یلی کے ایک گاؤں میں  محکمہ جنگلا ت کی ٹیم گاؤں والوں کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این۔

بہرائچ کے بعد اب بریلی ضلع میں جنگلی جانوروں کے حملے جاری ہیں۔ پیر کی رات تحصیل نواب گنج کے گاؤں بھان پور میں بھیڑیے نے حملہ کر کے ایک کسان کو زخمی کر دیا۔ باپ کو بچانے کیلئے آنے والے بیٹے کو بھی زخمی کردیا۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم موقع پر پہنچی اور رات بھر تلاش کرتی رہی لیکن بھیڑیے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ کھیتوں میں قدموں کے نشان دیکھ کر محکمہ جنگلات نے کہا کہ یہ گیدڑ ہے۔ 
اس گاؤں کے پشپیندر نے بتایا کہ پیر کی رات۱۰؍ بجے ان کے والد پریم سنگھ(۵۵) گھر میں داخل ہونے جارہے تھے کہ بھیڑیے نے ان پر حملہ کر دیا۔ جب وہ بچنے کیلئے گھر کے اندر بھاگے تو بھیڑیا بھی گھر میں گھس آیا اور انہیں آنگن میں گرادیا، پھر ان کے چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر دانتوں سے کاٹ کر انہیں زخمی کر دیا۔ 
پشپیندر اپنے والد کو بچانے گیا تو بھیڑیے اس کا ہاتھ بھی چبا گیا۔ شور سن کر محلے والے لاٹھی ڈنڈے لے کر آگئے۔ بڑی مشکل سے انہوں نے بھیڑیے کو بھگا یا۔ اس طرح انہوں  نےپریم سنگھ کی جان بچائی۔ خاندان والے کسان کو ایمبولینس میں نواب گنج لے گئےجہاں سے ا نہیں ضلع اسپتال ریفر کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پہنچنے والے محکمہ جنگلات کے اہلکار مادھو سنگھ اپنی ٹیم کے ساتھ رات بھر بھیڑیے کو تلاش کرتے رہے لیکن وہ اس کا سراغ نہیں مل سکا۔ منگل کی دوپہر گاؤں پہنچنے والے محکمہ جنگلات کے افسران نے گاؤں والوں کو مشورہ دیا کہ وہ رات کو اکیلے گھر سے باہر نہ نکلیں۔ سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر کمل کمار نے بتایا کہ پاؤں کے نشانات سے یہ گیدڑ لگتا ہے۔ گاؤں والے بھیڑیا ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ 
جنگلی جانوروں کے مسلسل حملوں کے پیش نظر محکمہ جنگلات نے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ افواہوں سے گریز کریں۔ اگر آپ کو جنگلی جانور نظر آئے تو محکمہ کو مطلع کریں۔ رات کو اکیلے گھر سے باہر نہ نکلیں۔ اگر ضروری ہو تو گروپ میں جائیں۔ ایک ٹارچ اور لاٹھی لے کر جائیں۔ گھر کے ارد گرد کافی روشنی رکھیں۔ بوڑھوں اور بچوں کو گھر سے اکیلے نہ نکلنے دیں۔ رات کو کھلے میں نہ سوئیں اور گھر کا دروازہ بند رکھیں۔ کسی ویران جگہ پر اکیلے نہ جائیں۔ جنگلی جانوروں کو اکسانے کی کوشش نہ کریں۔ قبل ازیں ضلع کے شاہی علاقے کے بڈھے پورہ گاؤں میں بھیڑیے نے حملہ کر کے گاؤں کے کئی افراد کو زخمی کر دیا تھا جس میں گڈی دیوی بری طرح زخمی ہو گئی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK