راجستھان کے وزیراعلیٰ نے کہا: میرے ساتھ ہی چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل کا تعلق بھی او بی سی سے ہے اور کانگریس نے ہمیں پوری ریاست کی کمان سونپی
EPAPER
Updated: March 28, 2023, 10:26 AM IST | New Delhi
راجستھان کے وزیراعلیٰ نے کہا: میرے ساتھ ہی چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل کا تعلق بھی او بی سی سے ہے اور کانگریس نے ہمیں پوری ریاست کی کمان سونپی
’مودی‘ سر نیم معاملے پراو بی سی کارڈ کھیل کر بی جے پی ایک جانب جہاں اپنے لئے درج فہرست طبقے کی ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتی تھی وہیں دوسری جانب اس طبقے کو کانگریس سے متنفر بھی کرنا چاہتی تھی لیکن وہ اس محاذ پربری طرح ناکام نظر آرہی ہے۔ رہی سہی کسر کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے یہ بیان دے کر پوری کردی کہ کانگریس نے او بی سی لیڈروں کو ہمیشہ فوقیت دی ہے اوران کا احترام کیا ہے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو ہتک عزت کے ایک معاملے میں مجرم ٹھہرائے جانے اور پارلیمنٹ سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد بی جے پی نے اس معاملے کودوسرا رُخ دینے کی کوشش کرتے ہوئے اسے اوبی سی سے جوڑدیا۔ بی جے پی نے ملک گیر سطح پر اس رخ کو ہوا دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ’اوبی سی‘ کی توہین کی ہے۔ اسی کا جواب دیتے ہوئے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ ان کا تعلق بھی او بی سی برادری سے ہے اور وہ تین بار وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے وزرائے اعلیٰ میں وہ اور ان کے چھتیس گڑھ کے ہم منصب بھوپیش بگھیل کا تعلق بھی او بی سی برادری سے ہے اور دونوں کو کانگریس نے ریاست کی کمان سونپ رکھی ہے۔
اشوک گہلوت نے راج گھاٹ پر منعقدہ کانگریس کے’سنکلپ ستیہ گرہ‘ پروگرام میں یہ بات کہی تھی کہ میں مالی سینی برادری سے تعلق رکھتا ہوں اور اسمبلی میں صرف ایک ایم ایل اے (اس برادری سے) ہے اور وہ میں خود ہوں لیکن میں ریاست میں تیسری بار وزیر اعلیٰ بنا ہوں۔ انہوں نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہ اسے لوگوں کو بتانا چاہئے کہ کیا نیرو مودی، للت مودی اور میہول چوکسی او بی سی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں؟ اگر نہیں تواو بی سی کی توہین کیونکر ہوئی؟
خیال رہے کہ راہل گاندھی کو جب سے گجرات کی ایک عدالت نے ان کے اس ریمارک پر مجرمانہ ہتک عزت کا قصوروار ٹھہرایا کہ مودی’سرنیم‘ والے سبھی چور ہیں، بی جے پی راہل گاندھی پر او بی سی برادری کی توہین کا الزام لگا رہی ہے۔ کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے انہیں ’بزدل‘ قرار دیا اور یہ بھی کہا کہ وہ `ایک آدمی کو بچانے کیلئے اقتدار کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس معاملے پر بی جے پی صدر جے پی نڈا نے ٹویٹ کرکے کانگریس کو گھیرنے کی کوشش کی تھی اور راہل گاندھی کے بیان کو او بی سی سماج کی توہین قرار دیاتھا۔ انہوں نے کہاتھا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو حقائق سے ہٹ کر من گھڑت الزامات لگانے کی عادت ہے۔ ان کی اسی بات کو بی جے پی کے دوسرے لیڈروں نے بھی دہرایا۔اسی طرح مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے ایوان میں او بی سی کی توہین کی بات کی۔
اسی حوالے سے پیر کومرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو گھیرنے کی کوشش کرتے کہا کہ وہ ملک کو بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے اور ہمیشہ خود کو قانون سے بالاتر ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ راہل گاندھی نے نہ صرف یہ کہ او بی سی کی توہین کی ہے بلکہ اس پر انہیں ندامت بھی نہیں ہے۔ انہوں نےکہا کہ `ایسے لوگ جو خود کونظام سےاوپر سمجھتے ہیں یقیناً جمہوریت کیلئے خطرناک ہیں۔ لوک سبھا سے راہل گاندھی کی نااہلی پر احتجاج کرنے والے کانگریس لیڈروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لیڈر ایسے بھی ہیں، جن کیلئے گاندھی خاندان قانون اور آئین سے بالاتر ہیں، اسلئے وہ اس فیصلے پر ہنگامہ کھڑا کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی نے نہ صرف آئین کی بلکہ ملک کے جمہوری نظام کی بھی توہین ہے۔