• Thu, 24 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی جے پی کے بعد شیو سینا اور این سی پی نے بھی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی

Updated: October 24, 2024, 11:24 AM IST | Mumbai

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ۴۵؍ امیدواروں کی فہرست جاری کی جبکہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے فی الحال ۳۸؍ امیدواروں ٹکٹ دیا ہے۔

Mahayoti has announced a total of 182 candidates so far. Photo: INN.
مہایوتی نے مجموعی طورپراب تک ۱۸۲؍ امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

بی جے پی کے بعد اب اس کی حلیف شیوسینا (شندے) اور این سی پی (اجیت) نے بھی اپنی اپنی پارٹیوں کے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ شیو سینا کی پہلی فہرست میں ۴۵؍ نام ہیں جبکہ این سی پی کی پہلی فہرست میں ۳۸؍ نام ہیں۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نےمنگل کی دیر رات سوشل میڈیا پر شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے اور اپنے سیاسی استاد آنند دیگھے کا نام لے کر یہ فہرست جاری کی جس میں پہلا نام خود ایکناتھ شندے کا ہے۔ اس کے علاوہ کئی وزراء اور دیگر اہم لیڈروں کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ 
 یاد رہے کہ بی جے پی نے گزشتہ اتوار ہی کو ۹۹؍ ناموں پر مشتمل اپنی فہرست جاری کر دی تھی۔ اجیت پوار نے بھی پیر کو تقریباً ۱۷؍ لوگوں کو اے بی فارم تقسیم کردیا تھا لیکن ایکناتھ شندے اب تک خاموش تھے۔ منگل کی رات ان کے سوشل میڈیا اکائونٹ پر شیوسینا (شندے) کے سیکریٹری سنجے مورے کے دستخط کے ساتھ ایک مختصر سا خط جاری کیا گیا جس میں لکھا تھا’’ہندوہردئے سمراٹ، قابل تعظیم شیوسینا پرمکھ اور آنند دیگھے کے آشیرواد اور شیوسینا کے سربراہ ایکناتھ شندے کے حکم سے مہاراشٹر اسمبلی الیکشن ۲۰۲۴ء کیلئے شیوسینا کی پہلی فہرست جاری کی جاتی ہے ۔ 
اس فہرست میں پہلا نام ایکناتھ شندے ہی کا ہے جو اپنی روایتی سیٹ کوپری پانچ پکھاڑی(تھانے) سے الیکشن لڑیں گے۔ اس کے علاوہ جلگائوں ( دیہی ) سے وزیر صنعت گلاب رائو پاٹل کا نام بھی اس میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ وزیر تعلیم دیپک کیسرکرکو ان کے حلقے ساونت واڑی سے ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ ریاستی وزیر اُودئے سامنت کو رتناگیری حلقے سےاور ان کے بھائی کرن سامنت کو اس سے متصل راجا پور کی سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ ناگپور کی رام ٹیک سیٹ سے حال ہی میں شیوسینا میں شامل ہونے والے آشیش جیسوال کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ اسی سیٹ پر آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ کر بی جے پی کے ملکارجن ریڈی کو ہرا چکے ہیں۔ 
مالیگائوں آئوٹر سے ناسک کے نگراں وزیر دادا بھسے کو تیسری بار ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اورنگ آباد کی پیٹھن سیٹ سے حال ہی میں لوک سبھا کا الیکشن جیتنے والے سندیپن بھومرے کے بیٹے ولاس بھومرے کو میدان میں اتارا گیا ہےجبکہ پارٹی ترجمان سنجے شرساٹ کو اورنگ آباد مشرق سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ وزیر برائے اقلیتی امور عبدالستار کانام بھی ان کی روایتی سیٹ سلوڈ سے اس فہرست میں شامل ہے۔  جہاں تک بات ہے ممبئی کی تو یہاں سے ۵؍ سیٹوں کیلئے امیدواروں کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ جوگیشوری سے منیشا وائیکر کو ٹکٹ ملا ہے۔ بائیکلہ سیٹ سے یامنی جادھو کو، ماہم سے سدا سرونکر کو، چاندیولی سے دلیپ لانڈے اور کرلا سے منگیش کڈالکر کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ تھانے سے وزیر اعلیٰ کے علاوہ اولا ماجی واڑہ کی سیٹ سے پرتاپ سرنائیک کو دوبارہ میدان میں اتارا گیا ہے۔ اجیت پوارگروپ نے بھی ۳۸؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ اس فہرست میں اجیت پوار کا نام سب سے اوپر ہے جو بارہ متی سے الیکشن لڑیں گے۔ ان کے علاوہ دھننجے منڈے پرلی سے، دلیپ ولسے پاٹل امبے گائوں سے اور اشوتوش کالے کو کوپر گائوں سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس فہرست میں حیرت انگیز طور پر سابق ریاستی وزیر اور قد آور مسلم لیڈر نواب ملک کا نام نہیں ہے۔ کلوا ممبرا حلقے سے اجیت پوار نے اوہاڑ کے مقابلے میں نجیب ملّا کو ٹکٹ دیا ہے۔ ایولہ سے چھگن بھجبل کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ کولہاپور کے کاگل سے حسن مشرف، شریوردھن سے ادیتی تٹکرے، ادگیر سے سنجے بنسوڑے، احمد نگر شہر سے سنگرام جگتاپ اورجنّیر سے اتل بینکے کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس طرح سے کل ملاکر حکمراں محاذ نے ۱۸۲؍ سیٹوں کیلئے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK