اس سے قبل ،کل ملک بھر میں مسلمانوں نے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر نماز جمعہ ادا کی۔
EPAPER
Updated: March 29, 2025, 9:43 AM IST | New Delhi
اس سے قبل ،کل ملک بھر میں مسلمانوں نے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر نماز جمعہ ادا کی۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اعلان پر دہلی اور پٹنہ میں وقف بل کے خلاف احتجاج کرنے کے بعد اب ملّی تنظیموںنے آندھرا پردیش کی راجدھانی وجے واڑہ کا رخ کیا ہے جہاں وہ آج یعنی سنیچر کو چندرا بابو نائیڈو کی حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے اور انہیں وہ وعدہ یاد دلائیں گے جو انہوں نے وقف ترمیمی بل کے تعلق سے مسلم تنظیموںاور خاص طور پر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ساتھ کیا تھا ۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے پٹنہ میں ہونے والے مظاہرہ میں جتنے لوگ شریک ہوئے تھے اس سے کئی گنا زیادہ افراد کے وجے واڑہ میں پہنچنے کی امید ہے۔ اسی وجہ سے شہر میں سیکوریٹی کے انتظامات سخت کردئیے گئے ہیں جبکہ خود مسلم پرسنل لاءبورڈ کے اپنے رضاکاروں نے بھی اپنی اپنی ڈیوٹی سنبھال لی ہے تاکہ احتجاج کے وقت عام شہریوں کو کوئی پریشانی نہ ہو ۔
جمعۃ الوداع پر خاموش احتجاج
ملک بھر میں جہاں ایک طرف جمعۃ الوداع کی نماز پر امن طورپر ادا کی گئی وہیں مسلمانوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل پر وقف ترمیمی بل کے خلاف بازو پر کالی پٹی باندھ کر پرامن احتجاج کیا۔ ملک بھر سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مسلمانوں نے اس پرامن احتجاج میں انتہائی جوش اور سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا۔ بورڈنے مسلمانوں سے یہ بھی اپیل کی تھی کہ وہ بازو پر کالی پٹی باندھ کرسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر’ انڈیا اگینسٹ وقف بل ‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کریں۔ملک کے مسلمانوں نے اپنی تنظیم کے مطالبہ پر لبیک کہا اور تصاویر بھی پوسٹ کیں۔
حکومت سے مطالبہ
مسلم پرسنل لاء بورڈنے پرامن احتجاج کے ساتھ ایک بار پھر حکومت سے یہ مطالبہ کیا کہ وہ اس غیرقانونی ترمیمی بل کو فور ی طورپر واپس لے۔ بورڈ نے کہا کہ مسلمانوں نے دہلی اور پھر پٹنہ کے بعد آج پورے ملک میں اپنے اتحاد کا ثبوت دے دیا ہے۔ مسلمانوں کا مطالبہ یہی ہے کہ حکومت وقف کو برباد کرنے کی کوشش نہ کرے۔ بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، امیر جماعت اسلامی اور بورڈکے نائب صدر سید سعادت اللہ حسینی، بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا فضل الرحمٰن مجددی،بورڈ کے سکریٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے بھی بازو پر کالی پٹی باندھ کر تصاویر شیئر کیں۔
اویسی نے بھی سیاہ فیتہ باندھا
حیدر آباد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران مجلس کے سربراہ اویسی بھی اپنے بازو پر کالی پٹی باندھے نظر آئے۔انہوںنے تقریر کرتے ہوئے وقف ترمیمی بل کے معاملے میں مودی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوںنے کہا کہ ہندوستان میںکسی بھی برادری کو دوسری برادری سے خطر نہیں ہے ۔اگر کسی سے خطرہ ہے تو ملک کے آئین کو آر ایس ایس کے نظریات کے ساتھ مودی اور یوگی جیسے لیڈران سے خطرہ ہے۔اسی طرح آلٹ نیوز کے صحافی محمد زبیر نےبھی بازو پرپٹی باندھ کر بنگلور سے اپنی تصویر شیئر کی۔ اس سے قبل بیشتر مساجد میں وقف کی اہمیت، ضرورت اور ترمیمی بل کے نقصانات پرائمہ نے نماز جمعہ سے قبل تقاریر بھی کیں۔
چندرا بابو نائیڈو کا وعدہ
ایک طرف جہاں آج نائیڈو حکومت کے خلاف پرسنل لاء بورڈ کا احتجاج ہے وہیں اس سے قبل آندھر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے گزشتہ روز ریاستی حکومت کی افطارپارٹی میں وقف املاک کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا لیکن وقف ترمیمی بل پر مکمل خاموشی اختیار کی۔ انہوں نے جبہ اور ٹوپی میں ریاستی افطار پارٹی میں شرکت کی اور وقف املاک کے تحفظ اور پسماندہ مسلم خاندانوں کی ترقی کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ چندرابابونائیڈو نے اپنی تقریر میں وقف ترمیمی بل کا کوئی ذکر نہیں کیا۔انہوں نے نماز میں بھی شرکت کی لیکن بل کے تعلق سے کچھ نہیں کہا۔