آئرلینڈ ، ناورے اور اسپین نے باضابطہ طور پر فلسطین کو علاحدہ ریاست قرار دیا، اسرائیل چراغ پا ، آئر لینڈ اور ناورے سے اپنے سفیر واپس بلالئے
EPAPER
Updated: May 23, 2024, 8:36 AM IST | Madrid
آئرلینڈ ، ناورے اور اسپین نے باضابطہ طور پر فلسطین کو علاحدہ ریاست قرار دیا، اسرائیل چراغ پا ، آئر لینڈ اور ناورے سے اپنے سفیر واپس بلالئے
اسرائیلی شیطنت کیخلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تین یورپی ممالک نے فلسطین کو بطور ریاست (علاحدہ ملک)تسلیم کر لیا ہے۔رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ، ناروے اور اسپین نے باضابطہ طور پر فلسطین کو علاحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کیا ہے جس کے بعداسرائیل نے دو یورپی ممالک آئر لینڈ اور ناروے سے اپنے سفیروں کو واپس بلالیا ہے۔ آئرلینڈ اور اسپین کی جانب سے وزرائے اعظم نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ بدھ کو آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ ہم آج فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر رہے ہیں کیوں کہ ایسا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آئرلینڈ، ناروے اور اسپین اعلان کر رہے ہیں کہ ہم فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں، ہم میں سے ہر ایک اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جن اقدامات کی بھی ضرورت پڑے گا ، وہ اقدامات کرے گا تاکہ اسرائیل کو بتایا جاسکے کہ اہل فلسطین اس دنیا میں تنہا نہیں ہیں۔
سائمن ہیرس نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ممالک اس اہم قدم کو اٹھانے میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ یہ اعلان دو ریاستی حل کے لئے واضح حمایت پر مبنی ہے، جو اسرائیل اور فلسطین اور ان کے لوگوں کے لئےامن اور سلامتی کا واحد معتبر راستہ ہے۔
ڈبلن میں سائمن ہیرس کے بیان کے فوراً بعد اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایدے نے بھی اپنے اپنے بیانات جاری کئے اور کہا کہ دونوں ممالک ۲۸؍ مئی سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے۔ سانچیز نے کہا کہ اب نیتن یاہو کے پاس اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے ، انہیں جنگ بند کرنی ہو گی۔