• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جیو کے بعد ایئر ٹیل کے موبائل فون ریچارج پلان مہنگے ہوئے

Updated: June 29, 2024, 11:54 AM IST | Agency | New Delhi

ایئر ٹیل کا ۱۷۹؍روپے کا سب سے سستا پری پیڈ پلان اب ۱۹۹؍روپے کا ملے گا، اس اقدام کا اثر کمپنی کے شیئرز کی قدر پر بھی پڑا،بلندترسطح چھونے کے بعد گراوٹ کا شکار ہوا۔ جیو پری پیڈ کے سب سے سستے پلان کیلئے صارفین کو ۱۵۵؍روپے کے بجائے اب ۱۸۹؍ روپے ادا کرنے ہوں گے۔

Reliance and Jio mobile users will now have to spend more on phone recharge. Photo: INN
ریلائنس اور جیو کے موبائل صارفین کا اب فون ریچارج پرخرچ بڑھ جائے گا۔ تصویر : آئی این این

جیوکے بعد اب ایئر ٹیل کے موبائل فون ریچارج کے پلان مہنگے ہوگئے ہیں۔ ہندوستان کے دوسرے سب سے بڑے ٹیلی کام آپریٹر ’بھارتی ایئر ٹیل‘ نے اپنے ریچارج پلان کے دام میں  ۱۵؍فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ نئے داموں کی تفصیل اس نے جاری کردی ہے۔ بھارتی ایئر ٹیل نے اس ضمن میں  کہا ہے کہ نئے دام کا اطلاق ۳؍ جولائی ۲۰۲۴ء سے ہوگا۔ 
ٹیریف پلان میں  کون سی تبدیلیاں کی گئیں ؟
-پری پیڈ:اب ایئر ٹیل کا ۱۷۹؍ روپے والا سب سے سستاپری پیڈ پلان۱۹۹؍روپے میں ملے گا۔ اس میں  ۲۸؍ دن کی ویلڈیٹی(مدت)، لامحدود فون کالز اور ۲؍جی بی ڈیٹا ملتا ہے۔ وہیں  ۲۶۵؍  روپے والا پلان ۲۹۹؍ روپے میں  ملے گا۔ اس میں  ۲۸؍ دن کی ویلڈیٹی کے ساتھ ان لمیٹیڈ کالنگ اور ۲؍ جی بی ڈیٹا روزانہ ملتا ہے۔ 
-پوسٹ پیڈ:ایئر ٹیل نے پوسٹ پیڈ پلانز کے دام بھی بڑھائے ہیں۔ نئے ٹیریف پلان کے مطابق پوسٹ پیڈ ایئر ٹیل کا ۳۹۹؍ روپے ماہانہ والا سب سے سستا پلان اب ۴۴۹؍روپے کا کردیا گیا ہے۔ جس میں  ایک کنکشن کے ساتھ ۴۰؍ جی ڈی ڈیٹا (رول اوور) کی سہولت کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ جبکہ۴۹۹؍روپے ماہانہ والا پوسٹ پیڈ پلان ۵۴۹؍روپے کا کردیا گیا ہے۔ اس میں ایک کنکشن کے ساتھ، ۷۵؍ جی بی ڈیٹا رول اوور کی سہولت کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ اسی طرح ۵۹۹؍ روپے والا پوسٹ پیڈ پلان اب ۶۹۹؍ روپے اور ۹۹۹؍روپے والا پلان ۱۱۹۹؍ روپے میں  کردیا گیا ہے۔ ایئر ٹیل نے کہا ہے کہ اس کا موقف ہے کہ ہندوستان میں ٹیلی کمیونی کیشن کمپنیوں  کے لئے مالیاتی طور پر مضبوط بزنس ماڈل کو تقویت پہنچانے کیلئے ’ایوریج ریونیو پر یُوز(اے آر پی یو) ۳۰۰؍ روپے سے ہونا چاہئے۔ ہم انٹری لیول پلان میں  ۷۰؍ پیسے فی دن کا اضافہ کررہے ہیں۔ کمپنی نے جمعہ کو جا ری کردہ بیان میں یہ بھی کہا کہ اے آر پی یو کا یہ پیمانہ نیٹ ورک ٹیکنالوجی اور اسپیکٹرم میں مطلوبہ خاطر خواہ سرمایہ کاری کو قابل بنائے گا اور سرمائے پر معمولی منافع فراہم کرے گا۔ پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ پلان مہنگا کرنے کےاس اقدام کا اثر کمپنی کے شیئر کی قدر پر پڑا ہے۔ جمعہ کو کاروباری دن کے دوران یہ ۱۵۳۶؍  روپے کی اب تک کی بلند سطح پر پہنچا۔ تاہم بعد میں  اس میں ۱ء۸۲؍ فیصد کی گراوٹ درج کی گئی اور ۱۴۴۹؍روپے پر بند ہوا۔ امسال اس شیئر کی قدر میں ۴۳؍  فیصد کا اچھال درج کیا گیا ہے۔ 
 خیال رہے کہ ایئر ٹیل کا مالیاتی سال ۲۰۲۴ء میں کنسولیڈیٹیڈ منافع ۱۰ء۵۲؍ فیصد گھٹ کر ۷؍ہزار ۴۶۷؍ کروڑ روپے رہا۔ جبکہ ۲۰۲۳ء میں  یہ ۸؍ہزار ۳۴۵؍ کروڑ  روپے رہا تھا۔ جبکہ کمپنی کی آمدنی کی ۲۰۲۴ء میں  بڑھ کر ۱ء۵۰؍ لاکھ کروڑ روپے پہنچ گئی ہے۔ یعنی آمدنی میں ۸؍فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 
ریلائنس جیو کانیا ٹیریف پلان یہ ہے
 خیال رہے کہ بدھ کو ریلائنس جیو نے اپنے پری پیڈ پلانز کی قیمتیں ۱۵؍ سے ۲۵؍فیصد بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ نئے ٹیریف پلان ۳؍ جولائی سے نافذ ہوں گے۔ اب صارفین کو ۲۳۹؍روپے والے پلان کیلئے ۲۹۹؍روپ ادا کرنے ہوں  گے۔ وہیں  سب سے سستا پلان ۱۵۵؍ روپے کا تھا، جو ۱۸۹؍ روپے میں  ملے گا۔ 
 اتنا ہی نہیں  ماہانہ اور لانگ ٹرم ریچارج پلانس کے ٹیریف بڑھانے کے ساتھ ساتھ کمپنی نے ڈیٹا ایڈ آن یعنی پلان کے دوران ڈیٹا لمٹ ختم ہوجانے کے بعد ایکسٹرا ڈیٹا لینے والے پلانز کی قیمتیں  بھی بڑھائی ہیں۔ پہلے ایک جی بی ڈیٹا ایڈ آن کیلئے۱۵؍ روپے ادا کرنے ہوتے تھے لیکن صارفین کو اب اس کیلئے ۱۹؍ روپے خرچ کرنے ہوں  گے۔ ریلائنس جیو نے اپنے پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ پلانز کی قیمتیں ۱۵؍ سے ۲۵؍ فیصد بڑھائی ہیں۔ نئے ٹیریف پلان ۳؍ جولائی سے نافذ ہوں  گے۔ اب ۲۳۹؍روپے والا سب سے پسندیدہ پلان ۲۹۹؍ روپےمیں ہوجائے گا۔ وہیں سب سے سستا پری پیڈ پلان ۱۵۵؍ روپے کا تھا یہ اب ۱۸۹؍ روپے میں ملے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK