یکم اپریل سے ۱۵؍ اپریل کے دوران ہر روز ڈیڑھ ہزار یا اس سے زائد معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ ۲۸؍فروری تک صرف ۱۷۲؍ افراد متاثر تھے
EPAPER
Updated: April 18, 2021, 9:40 AM IST | Haridwar
یکم اپریل سے ۱۵؍ اپریل کے دوران ہر روز ڈیڑھ ہزار یا اس سے زائد معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ ۲۸؍فروری تک صرف ۱۷۲؍ افراد متاثر تھے
اتراکھنڈ مہاکمبھ کو بھلے ہی سادھو سنتوں نے ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے لیکن اب اتراکھنڈ میں ’کورونا کمبھ‘ شروع ہونے کی علامت دکھائی دینے لگی ہے۔ کئی اکھاڑوں میں تو اس بات کو لے کر مہابھارت بھی شروع ہو گیا ہے کہ کون کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بنا ہے ۔ سبھی اکھاڑے اب ایک دوسرے کو کورونا انفیکشن کے لئے ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں دینک بھاسکر نے جو اعداد و شمار اپنی رپورٹ میں پیش کئےک ہیں، ان کے مطابق ہری دوار کمبھ شروع ہونے کے بعد سے اتراکھنڈ میں کورونا انفیکشن کی رفتار میں ۸۸۱۴؍فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ۱۴؍ فروری سے ۲۸؍ فروری تک اتراکھنڈ میں محض۱۷۲؍ افراد ہی انفیکشن کا شکار تھے لیکن یکم اپریل سے ۱۵؍اپریل کے درمیان۱۵؍ ہزار سے زائد افراد کورونا کی زد میں آگئے۔ اس طرح ۱۴؍ فروری سے ۱۴؍ اپریل کے درمیان اضافہ کی شرح ۸؍ ہزار فیصد سے زائد ہو گئی ہے ۔اس درمیان ہر روز سامنے آ نے والے نئے کورونا کیسیز کی تعداد میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فروری تک ہر دن صرف ۳۰؍ سے ۶۰؍ افراد ہی کورونا متاثر ملتے تھے لیکن اب یہ تعداد روزانہ کی بنیاد پر ۲؍ ہزار سے زائد ہو گئی ہے اور اس کا اوسط بھی ۱۵؍ کے قریب پہنچ گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں حالات مزید خوفناک ہو سکتے ہیںکیوں کہ اب بھی کئی لوگوں نے ٹیسٹ نہیں کروایا ہے۔ دوسری طرف ہری دوار میلہ اسپتال میں روزانہ تقریباً ۱۵۰؍ افراد کی جانچ کی جا رہی ہے جن میں سے ۲۵؍ متاثرہ مل رہے ہیں۔ اسپتال ملازمین نے بتایا کہ بیشتر افراد کو اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے اور سارے وارڈ فل ہو رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انفیکشن کے شکار پائے گئے بیشتر افراد اتر پردیش، گجرات، مہاراشٹر اور راجستھان وغیرہ ریاستوں سے آئے ہیں۔
ادھر کمبھ کے تعلق سے اکھاڑوں میں الزام تراشیاں شروع ہو گئی ہیں۔ بیراگی اکھاڑے کا الزام ہے کہ سنیاسی اکھاڑوں کی وجہ سے کورونا انفیکشن پھیلا ہے۔ ’دینک بھاسکر‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق نرموہی اکھاڑے کے سربراہ مہنت راجندر داس نے کمبھ میں بڑھے انفیکشن کے لئے اکھاڑا پریشد کے سربراہ مہنت نریندر گری کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔کمبھ میں کم از کم ۶۰؍ سادھو اب تک کورونا انفیکشن کا شکار ہو چکے ہیں۔