• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پہلی مرتبہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر پورا افغانستان جشن میں ڈوب گیا

Updated: June 26, 2024, 9:37 AM IST | Agency | kabul

دنیا کے بہترین لیگ اسپنر راشد خان کی قیادت میں افغانستان کی ٹیم نے وہ کارنامہ کردکھایا ہے جسے دیکھنے کے بعد افغانستان کے بیشتر شہروں میں لوگ نہ صرف سڑکوں پر آگئے بلکہ ٹیم کی فتح کا جشن منانے لگے۔

The streets of Kabul were drowned in celebration. Photo: INN
کابل کی گلی گلی جشن میں ڈوب گیا۔ تصویر : آئی این این

دنیا کے بہترین لیگ اسپنر راشد خان کی قیادت میں افغانستان کی ٹیم نے وہ کارنامہ کردکھایا ہے جسے دیکھنے کے بعد افغانستان کے بیشتر شہروں میں لوگ نہ صرف سڑکوں پر آگئے بلکہ ٹیم کی فتح کا جشن منانے لگے۔  افغانستان کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی مرتبہ کسی بھی ورلڈ کپ کے ناک آئوٹ اسٹیج میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔ افغان ٹیم ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے جہاں اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم سے ہوگا۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے کابل اور دیگر شہروں کی تصاویر اپنے ایکس اکائونٹ پر پوسٹ کیں اور لکھا کہ ’’دیکھو کامیابی ہمارے لئے کیا معنی رکھتی ہے۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سپر ایٹ کا آخری میچ سنسنی سے بھرپور رہا۔ افغانستان نے بنگلہ دیش کو ۸؍ رن سے شکست دے کر پہلی بار کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی کی۔ جہاں ایک طرف افغانستان ٹیم کے کھلاڑیوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے وہیں دوسری جانب بنگلہ دیش کے کیمپ میں مایوسی چھائی ہوئی تھی۔ اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی سیمی فائنل تک رسائی بھی دم توڑ گئی۔ یہاں  میچ کے اہم لمحات پیش کئے جارہے ہیں۔  
  فتح کے بعد افغانستان کی ٹیم جذباتی ہو گئی 
 افغانستان نے پہلی بار ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔ ٹیم نے۱۱۶؍ رن کے چھوٹے ہدف کا دفاع کیا اور بنگلہ دیش کو ۸؍ رن سے شکست دی۔ یہ افغانستان کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ یہاں تک پہنچنے کیلئے  افغانستان نے آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دی۔ افغانستان کی ٹیم جیت کے ساتھ جذباتی ہو گئی۔
خروٹی نے کیپٹن راشد کو اپنے کندھوں پر اٹھایا
 اس میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے شاندار بولنگ اور بیٹنگ کی۔ انہوں نے۱۰؍ گیندوں پر۱۹؍ رن کی اننگز کھیلی اور آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کاا سکور۱۱۵؍رن تک پہنچا دیا۔ ساتھ ہی بولنگ میں ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ اسے جیت کا بڑا کریڈٹ دینے کیلئے، ننگیالئی خروٹی نے کپتان راشد کو اپنے کندھوں پر اٹھایا اور گراؤنڈ کے گرد لے گئے۔
گرباز نے ڈگ آؤٹ میں آنسو بہائے 
 افغانستان کے اوپننگ بلے باز رحمان اللہ گرباز نے ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ۲۸۱؍ رن بنا کر ورلڈ کپ ۲۰۲۴ء کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ اس میچ میں بھی انہوں نے۴۳؍ رن کی اننگز کھیلی تاہم کیپنگ کے دوران چوٹ لگنے کی وجہ سے وہ ڈگ آؤٹ میں بیٹھ کر جیت کا جشن منا رہے تھے۔ وہاں وہ اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکا۔
نوین نے۱۰؍ویں وکٹ لینے کے بعد فتح کا جشن منایا
 افغانستان کے فاسٹ بولر نوین الحق نے۱۷ء۵؍ اوور میں بنگلہ دیش کے۱۰؍واں وکٹ حاصل کیا۔ انہوں نے مستفیض الرحمان کو گولڈن ڈک ( صفر رن، ایک گیند) پر آؤٹ کیا۔ اس کے ساتھ ہی افغانستان نے یہ میچ۸؍ رن سے جیت لیا۔ وکٹ لینے کے بعد پوری ٹیم نے نوین کے ساتھ جیت کا جشن منایا۔ ابراہیم زدران نے راشد خان کو گود میں اٹھا لیا۔
بنگلہ دیش کی اننگز کے پہلے اوور میں گرباز زخمی ہو گئے 
 بنگلہ دیش کی اننگز کا پہلا اوور نوین الحق نے کروایا۔ اوور کی آخری گیند ایک اچھی لینتھ گیند آف کے باہر تھی۔ بلے باز لیٹن داس کا ڈرائیو چھوٹ گیا اور گیند کیپر رحمان اللہ گرباز کے پیچھے چلی گئی۔ گرباز پکڑتے ہوئے زخمی ہوگئے۔   ان کی جگہ متبادل محمد اسحاق کو میچ میں رکھا گیا۔
زدران کے ہاتھ سے بلہ چھوٹ گیا 
 افغانستان کی اننگز کا ۱۱؍واں اوور رشاد حسین نے کروایا۔ انہوں نے تیسری گیند کو زدران کو سلو اسپن کیا۔ زدران نے کور کی طرف شاٹ مارنا چاہا لیکن ان  کے ہاتھ سے بلہ چھوٹ گیا۔ بلہ ہوا میں اچھل کر اسکوائر لیگ امپائر کے قریب جا گرا۔ زدران اگلی ہی گیند پر۱۸؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
گلبدین نائب کھڑے ہوتے ہوئے گر گئے 
 بنگلہ دیش کی اننگز کا۱۲؍واں اوور نور احمد کر رہے تھے۔ جب وہ پانچویں گیند کرنے کیلئے رن اپ لے رہے تھے تو افغانستان کے گلبدین نائب، جو سلپ پر فیلڈنگ کر رہے تھے، کھڑے ہو کر گر گئے۔ امپائر کو میچ روکنا پڑا اور پھر بارش آگئی اور میچ کچھ دیر کے لئے روک دیا گیا۔ اس وقت بنگلہ دیش ٹیم کا اسکور ۸۱؍رن پر ۷؍وکٹ تھا۔
راشدخان  نے رشاد کو کلین بولڈ کیا 
راشدخان  نے ۲؍ گیندوں پر ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے پہلے۱۱؍ویں اوور کی پانچویں گیند پر محمود اللہ کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اگلی ہی گیند نئے بلے باز رشاد حسین کے پیڈ پر ماری۔ سوئنگ کے باعث گیند بلے اور پیڈ سے نکل کر وکٹ میں داخل ہوگئی اور رشادصفر پر آؤٹ ہوگئے۔
راشد نے غصے میں بلے کو پھینک دیا 
 افغانستان کی اننگز کا آخری اوور تنظیم حسن ثاقب نے کروایا۔ انہوں نے تیسری گیند راشد خان کو یارکر پھینکی۔ بلے کے بیرونی کنارے سے ٹکرانے کے بعد گیند آف سائیڈ پر چلی گئی۔ راشد اور کریم جنت نے ایک ایک رن لیا۔ راشد نے دوسرا رن لینا چاہا، تاکہ اسٹرائیک ان کے پاس رہے لیکن کریم جنت نے پہلے رن کے بعد اسے انکار کر دیا۔ راشد آدھی پچ تک پہنچ چکے تھے۔ انہوں نے غصے میں بلے کو وہیں پھینک دیا اور واپس چلے گئے۔ اس کے بعد کریم نے بلے کو اٹھایا اور راشد کو واپس کر دیا۔ ٹیم کے اسکور۱۰۸؍رن  پر کریم جنت نے راشد کو دوسرا رن لینے سے منع کیاتھا۔ 
 گرباز کو پہلی گیند پر موقع ملا
 افغانستان کی اننگز کا پہلا اوور تنظیم حسن ثاقب نے کرایا۔ گرباز نے پہلی ہی گیند پر اسکوائر لیگ پر شاٹ کھیلا۔ ابراہیم زدران اور گرباز نے پہلے رن بنائے۔ شکیب الحسن نے ڈائریکٹ تھرو کیا۔ تاہم گرباز گیند وکٹ پر لگنے سے پہلے ہی کریز پر پہنچ چکے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK