• Mon, 25 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سورت اور اندور کے بعد کانگریس کو پوری میں جھٹکا، اُمیدوار نے اپنا نام واپس لیا

Updated: May 05, 2024, 9:20 AM IST | Agency | Bhubaneswar

سچریتا موہنتی نے الیکشن لڑنے کیلئے پارٹی سے فنڈ نہ ملنے کی شکایت کی، کل پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ، نئے امیدوار کی تلاش، مقابلہ سمبت پاترا سے ہے۔

Suchrita Mohanty. Photo: INN
سچریتا موہنتی۔ تصویر : آئی این این

سورت اور اندور کے بعد اب کانگریس کو ادیشہ میں جھٹکا لگاہے جہاںپوری پارلیمانی  حلقے سے بی جےپی کے امیدوارسمبت پاترا کے مد مقابل اتاری گئیں سچریتا موہنتی  نے الیکشن لڑنے سے انکار کردیا۔ انہوں  نے  پارٹی کی جانب سے انتخابی مہم کیلئے فنڈنگ ​​سے انکار کئے جانے کے بعد اپنا ٹکٹ واپس کردیا۔ یہ اہم بات ہے کہ کانگریس جس کے کئی کھاتے الیکشن شروع ہونے سے قبل منجمد کردیئے گئے ہیں، فنڈ کی شدید قلت کا سامنا کررہی ہے۔  
موہنتی نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال کو ایک ای میل کر کے کہا ہے کہ پارٹی کے ادیشہ امور کے انچارج ڈاکٹر اجے کمار کے فنڈز دینے سے صاف انکار کرنے سے ان کی مہم بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
  موہنتی، پیشہ سے  صحافی ہیں ، جنہوں نے تقریباً۱۰؍ سال پہلے سیاست میں قدم رکھا۔ سچترا نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے مکتوب میں کہا ہے کہ انہوں نے پوری میں انتخابی مہم چلانے کی پوری کوشش کی۔ اپنی ترقی پسند سیاسی مہم کی حمایت کیلئے عوامی چندہ کی مہم میں کوششوں کے باوجود، انھیں اب تک بہت کم کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے مہم کے تخمینے والے اخراجات کو کم کرنے کی بھی کوشش کی۔ چونکہ وہ خود فنڈز اکٹھا نہیں کر سکتی تھیں، اس  لئے  انہوں نے مرکزی قیادت سے رابطہ کیا اور ان پر پوری پارلیمانی حلقہ میں موثر انتخابی مہم کے لیے ضروری پارٹی فنڈ مختص کرنے کی درخواست کی۔ الیکشن لڑنے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے  انہوں  نے امید ظاہر کی کہ۲۰۲۴ء کے موجودہ انتخابات میں عوام بدعنوان اور گھپلوں میں ملوث حکمراں جماعتوں بی جے پی اور بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کو مرکز اور ریاست  میں اقتدار سے بے دخل کر دیں گے اور کانگریس کے ۵؍ نیائے  پتروں اور۲۵؍ گیارنٹیوں کو ووٹ کرنے کیلئے  وہ پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’یہ واضح ہے کہ صرف فنڈز کی کمی ہی ہمیں پوری میں جیتنے والی مہم سے روک رہی ہے۔  میں  پارٹی ٹکٹ واپس کر رہی ہوں کیونکہ پارٹی فنڈنگ ​​کے بغیر پوری میں مہم چلانا میرے لئے ممکن نہیں ۔ ‘‘ موہنتی نے کہا کہ وہ کانگریس کی خاتون ہیں اور کانگریس کی اقدار کی سیاست ان کے ڈی این اے میں ہے۔ پوری لوک سبھا سیٹ کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ۶؍ مئی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ۹؍ مئی ہے۔ یہاں۲۵؍مئی کو ووٹنگ ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK