• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شاندار کامیابی کے بعد کسانوں کا آخری جتھا بھی گھر پہنچ گیا، غازی پور بارڈر خالی ہو گئی

Updated: December 16, 2021, 9:17 AM IST | new Delhi

غازی پور بارڈر پر کامیاب احتجاج کے بعد راکیش ٹکیت اپنے آبائی گائوں سسولی پہنچ گئے ہیں۔

Rakesh Tikait received a warm welcome. (PTI)
راکیش ٹکیت کا شاندار استقبال کیا گیا ۔(پی ٹی آئی )

غازی پور بارڈر پر کامیاب  احتجاج کے بعد راکیش ٹکیت اپنے آبائی گائوں سسولی پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے بدھ کی صبح غازی پور بارڈر سے کوچ کیا اور ۳۸۳؍ دنوں کے بعد یہ بارڈر خالی کردیا گیا۔  تینوں زرعی قوانین کی واپسی اور کسانوں کے دیرینہ مطالبات پر حکومت کی تحریری منظوری کے بعد کسانوں کی گھر واپسی شروع ہو گئی ہے۔ بدھ کو کسانوں کا آخری جتھا جو غازی پور بارڈر پر براجمان تھا وہ بھی اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گیا۔ یاد رہے کہ  دہلی کے ٹیکری اور سنگھو بارڈر ۱۱؍ دسمبر کو ہی  خالی ہو چکے ہیں ۔
 بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت یہاں سے ۳۸۳؍دنوں کے بعد واپس لوٹے ہیں۔ٹکیت یوپی کےضلع مظفرنگر کے گاؤں سسولی کے رہائشی ہیں اور ان کے گائوں کے لوگوں نے  ان کے گھر واپسی کے دن کو یادگار بنانے پوری تیاری کی تھی ۔ سسولی گاؤں کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا  اور جیسے ہی راکیش ٹکیت اپنے گائوں پہنچے ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ کسی سپہ سالار کی طرح انہیں مبارکبادیں دی گئیں ۔ کئی جگہوں پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔  راکیش ٹکیت غازی پور بارڈر سے صبح ۹؍ بجے روانہ ہو ئے تھے اور راستے میںمودی نگر، میرٹھ، دورالہ،منصورپوراور سورم ہوتے ہوئے سسولی پہنچے۔ ان مقامات پر بھی راکیش ٹکیت کا زبردست خیرمقدم کیا گیا اور ان کی کامیابی کو ملک کے تمام کسانوں کی کامیابی قرار دیا گیا۔
  بی کے یو کے میڈیا انچارج دھرمیندر ملک نے بتایا کہ کسانوں کے استقبال کے لئے غازی پور سے سسولی تک جگہ جگہ بھنڈارے اور لنگر کا انتظام کیا گیا ہے۔ راکیش ٹکیت نے بھی غازی پور بارڈر چھوڑنے سے قبل ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ تمام کسان اب حکومت کے اقدامات پر نظر رکھیں گے  اور جب جب وہ کوئی کسان مخالف قدم اٹھائے گی اس کے خلاف ایسا ہی احتجاج کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ٹکیت کا غاز ی پور بارڈر پر بھی استقبال کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK