• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لوک سبھا الیکشن کے نتائج کے بعد شیئر بازار نے۴۳۰۰؍پوائنٹس کا غوطہ کھایا

Updated: June 05, 2024, 10:33 AM IST | Agency | New Delhi

نتائج کی غیر یقینی صورتحال کے سبب سرمایہ کاروں نے شیئرس فروخت کئے۔نفٹی میں بھی ۱۳۰۰؍پوائنٹس کی گراوٹ۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے درمیان منگل کو ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ بھاری نقصان کے ساتھ بند ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ کومنگل کو مارچ ۲۰۲۰ء کے بعد سب سے بڑی انٹرا ڈے گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ ۳۰؍حصص والا بی ایس ای سینسیکس منگل کو گراوٹ کے ساتھ ۷۶۲۸۵ء۷۸؍ پوائنٹس پر کھلا اور کھلتے ہی نیچے گر گیا۔ انٹرا ڈے ٹریڈ کے دوران سینسیکس ۶؍ ہزار پوائنٹس گر کر ۷۰۲۳۴ء۴۳؍ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ آخر کار یہ ۵ء۷۴؍ فیصد یا ۴۳۸۹ء۷۳؍ پوائنٹس گر کر ۷۲۰۷۹ء۰۵؍ پوائنٹس پر بند ہوا۔ 
اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج(این ایس ای ) کا نفٹی۵۰؍ بھی ۵ء۹۳؍ فیصد یا۱۳۷۹ء۴۰؍ کی زبردست گراوٹ کے ساتھ۲۱۸۸۴ء۵۰؍ کی سطح پر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران یہ۲۱۲۸۱ء۴۵؍ پوائنٹس تک بھی نیچے چلا گیا تھا۔ 
لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو توقع سے کم سیٹیں ملنے اور اکثریت کے نشان سے کم رہنے کی وجہ سے منگل کو اسٹاک مارکیٹ بری طرح سےگرا۔ کسی بھی جماعت یا اتحاد کو حکومت بنانے کیلئے کم از کم۲۷۲؍نشستیں درکار ہوتی ہیں۔ بونانزا پورٹ فولیو کے ریسرچ اینالسٹ ویبھو ودوانی نے کہاکہ ’’انتخابی نتائج پر غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے منگل کو گھریلو بازار گر گئے۔ ممکن ہے اس کی وجہ سے کچھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنی پڑی۔ انہوں نے کہاکہ ’’ایسا لگتا ہے کہ واضح اکثریت حاصل کرنا فی الحال حکمراں جماعت کیلئے چیلنج ہے۔ اس سے مارکیٹ میں مایوسی کا ماحول ہو سکتا ہے۔ سرمایہ کار اس ہفتے ریزرو بینک آف انڈیا کی مانیٹری پالیسی کے اعلان سے پہلے محتاط موقف کی حمایت جاری رکھ سکتے ہیں۔ ‘‘

اڈانی گروپ کے شیئرس میں زبردست گراوٹ 
نفٹی۵۰؍ انڈیکس میں اڈانی انٹرپرائزیز اور اڈانی پورٹس کے حصص سب سے زیادہ گرے،۱۹؍ فیصد گرے۔ اڈانی گروپ کے دیگر حصص بھی ۹؍ سے۱۹؍ فیصد کی گراوٹ کے ساتھ ٹریڈ کر رہے تھے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ایگزٹ پول کے بعد پیر کو گروپ کے شیئرس ۴؍ سے۱۸؍ فیصد کے درمیان اضافہ ہوا تھا۔خیال رہے کہ پیر کوشیئر مارکیٹ میں  بینچ مارکس ۳؍ فیصد سے زیادہ چھلانگ لگا کر ریکارڈ اونچائی تک پہنچ گیا تھا۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے اتحاد کی زبردست جیت کی پیش گوئی کے بعد ایگزٹ پولس کے بعد پیر کو بازار میں تیزی آئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK