اس فلم میں دکھا یا گیا ہےکہ مغلوں نے مراٹھوں سے جوسونالوٹا تھا اسے برہانپورکے اس قلعے کےقریب دفن کردیا تھا، یہ دیکھ کرلوگوں کی بھیڑ یہاں پہنچ رہی ہے۔
EPAPER
Updated: March 09, 2025, 9:40 AM IST | Burhanpur
اس فلم میں دکھا یا گیا ہےکہ مغلوں نے مراٹھوں سے جوسونالوٹا تھا اسے برہانپورکے اس قلعے کےقریب دفن کردیا تھا، یہ دیکھ کرلوگوں کی بھیڑ یہاں پہنچ رہی ہے۔
مدھیہ پردیش کے برہان پور ضلع سے۲۰؍ کلومیٹر دور واقع تاریخی اسیر گڑھ قلعے کیلئے مشہور اسیر گاؤں ان دنوں خزانے کیلئے کھیتوں میں کی جا رہی کھدائی کی وجہ سے موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ چار ماہ قبل جب یہ افواہ پھیلی کہ کھیتوں میں سونے کے سکوں کا خزانہ ہے تو لوگوں نے یہاں کھیتوں کو کھود لیا۔ اب پچھلے تین دنوں سے یہاں کھدائی کے ویڈیو دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فلم ’چھاوا‘ دیکھنے کے بعد اچانک یہاں بھیڑ پہنچنے لگی ہے اور سونے کے سکے تلاش کررہی ہے۔ اس فلم میں بتایا گیا ہے کہ مغلوں نے مراٹھوں سے جو سونا اور خزانہ لوٹا تھا، اسے اسیر گڑھ قلعے میں کہیں دفن کر دیا تھا۔
ان ویڈیوز میں لوگوں کا ہجوم آدھی رات کو موبائل ٹارچ کی روشنی میں کھیتوں میں کھدائی کرتے ہوئےنظر آرہا ہے۔ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہاں سونے کے سکے مل رہے ہیں۔ ویڈیو منظر عام پر آتے ہی نمبولا تھانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے پہنچنے پر لوگ وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے ۔ اسیر گڑھ قلعہ ملک میں ایک الگ پہچان رکھتا ہے اور اس کی عظیم تاریخ ہے۔ چند ماہ قبل بھی یہاں سے ایسی ہی تصویریں سامنے آئی تھیں۔ تب بھی پولیس انتظامیہ نے اس کی تردید کی تھی۔ اب ایک بار پھر افواہ کے بعد یہاں کھدائی کے ویڈیو سامنے آئے ہیں ۔ پولیس انہیں پرانے گڑھے بتا رہی ہے لیکن جو ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئے ہیں ان سے صاف ظاہر ہے کہ یہاں پچھلے کچھ دنوں سے ہی کھدائی کی جارہی ہے۔
کھیت میں سکے تلاش کرنے کا دعویٰ
اسیر گڑھ قلعہ کے قریب رہنے والے وسیم خان نے بتایا کہ یہ ہارون سیٹھ کا فارم ہے جہاں زمین میں سونے کے سکے ہونے کا دعویٰ کیاجارہا ہے۔ دیہی لوگ شام ۷؍ بجے سے کھیتوں میں پہنچنے لگتے ہیں اور صبح۳؍بجے تک بھیڑ کھدائی شروع کر دیتی ہے۔ جس کی وجہ سے فارم مالکان بھی پریشان ہیں۔
جب برہان پور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ دیویندر پاٹیدار سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ آپ کے علم میں آیا ہے، اس کی تصدیق کی جائے گی اورکھدائی کے دوران اگر کوئی ملا تو ہم کارروائی کریں گے۔
برہانپور کے ضلع مجسٹریٹ کاکیا کہنا ہے؟
برہان پور کے ضلع مجسٹریٹ ہرش سنگھ نے کہا ’’میرے نوٹس میں آیا ہے کہ کچھ لوگوں نے سونے کے سکوں کی تلاش میں قلعے کے ارد گرد کھیتوں میں کھدائی کی ہے۔ میں نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کو جائے وقوع کا دورہ کرنے کیلئے کہا ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ اگر لوگوں کو کچھ سکے مل بھی جائیں تو وہ آثار قدیمہ کے لحاظ سے اہمیت کے حامل ہوں گے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہاکہ `میں نے ایس ڈی ایم سے کہا ہے کہ وہ تحقیقات کریں اور کھدائی کی سرگرمی کو روکیں۔ اگر انتظامیہ کو لوگوں کے پاس سکے ملیں اور یہ ثابت ہو جائے کہ وہ قلعے کے قریب سے ملے ہیں تو انہیں سرکاری ملکیت تصورکیاجائے گا۔