• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایوت محل کے بعد لاتور میں بھی اُدھو کے بیگ کی تلاشی، شیوسینکوں میں برہمی

Updated: November 12, 2024, 11:49 PM IST | yavatmal

لگاتار دوسرے دن تلاشی پر سابق وزیراعلیٰ جھنجھلا گئے،الیکشن کمیشن کے اہلکاروں پر برہمی کااظہار کیا، پوچھا کہ ’’مودی ،امیت شاہ، فرنویس اور شندے کا بیگ کیوں نہیں چیک کرتے۔‘‘ دھمکی دی کہ ان کے بیگ شیوسینک چیک کریں گے

Uddhav Thackeray`s bag was searched in Ayutthaya on Monday and in Latur on Tuesday.
اُدھو ٹھاکرے کے بیگ کی پیر کو ایوت محل میں اور منگل کو لاتور میں تلاشی لی گئی

پیر کو ایوت محل میں ہیلی کاپٹر سے اترتے ہی شیوسینا (اُدھو) کے بیگ کی تلاشی لینے کے بعد  منگل کو لگاتار دوسرے دن  الیکشن کمیشن  کے اہلکاروں  کے ان  کے بیگ کی تلاشی لی ۔ منگل کو یہ تلاشی اس وقت لی گئی جب وہ  انتخابی مہم میں شرکت کیلئے لاتو ر پہنچنے۔ لگاتار دوسرے دن تلاشی پر سابق وزیراعلیٰ جھنجھلا گئے اورانہوں نےا لیکشن کمیشن کے افسران کے ساتھ سخت گفتگو کرتے ہوئے ان کے نام اوران کے شناختی کارڈ کی  جانچ کی۔اس کے ساتھ ہی اُدھو ٹھاکرے نے انتخابی عملے کے مذکورہ ذمہ داران سے چبھتا ہوا سوال کیا کہ کیا وہ اسی طرح مودی، امیت شاہ، دیویندر فرنویس اور ایکناتھ شندے کے سامان کی بھی تلاشی لیتے ہیں؟ دوسری طرف بی جےپی نے اُدھو ٹھاکرے کی برہمی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیا وہ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں؟
 لاتور پہنچنے کے بعدہیلی کاپٹر سے اُترتے ہی جب انتخابی عملے کے ذمہ داران اُدھوٹھاکرے کے سامان کی تلاشی لینے کیلئے آگے بڑھے تو  پہلے تو وہ جھنجھلاگئے اور افسران سے ان کے نام اور شناختی کارڈ دکھانے کو کہا، بعد میں انہوں نے کہا کہ ’’میں آپ پرغصہ نہیں ہوں، آپ اپنی ذمہ داری نبھارہے ہیں اور میں اپنی ذمہ داری نبھاؤںگا۔‘‘ اُدھو ٹھاکرے نے سوال کیا کہ ’’جس طرح آپ میرے بیگ چیک کرتے ہیں کیا اسی طرح مودی اور شاہ کے بیگ چیک کرتے ہیں؟‘‘ انہوں  نے مزید پوچھا کہ ’’کیا وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اور دیویندر فرنویس کے بیچ کی تلاشی نہیں لی جانی چاہئے؟‘‘ شیوسینا (اُدھو)سربراہ نے کہا کہ ’’یہ سب ڈراما چل رہاہے،میں اسے قطعی جمہوری نہیں سمجھتا، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوسکتا کیوں کہ جمہوریت میں کوئی بڑا یا چھوٹا نہیں ہوتا۔ ‘‘اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’اگر الیکشن اہلکاراُن (حکمراں محاذ کے لیڈروں) کے بیگ نہیں چیک کریں گے تو شیوسینا(اُدھو)ا ور مہاوکاس اگھاڑی کے کارکن چیک کریں گے۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس وقت پولیس اور الیکشن کمیشن کے اہلکار بیچ میں نہ آئیں کیوں کہ عوام کو بھی حق ہے کہ وہ تلاشی لیں۔
 دوسری طرف الیکشن کمیشن نے لگاتار دوسرے دن اُدھو کے بیگ کی تلاشی کو معمول کی کارروائی قراردیا۔ کمیشن نے دعویٰ کیا کہ سابقہ الیکشن میں جے پی نڈا اور امیت شاہ کے طیاروں کی بھی تلاشی لی گئی تھی۔ بی جےپی  لیڈر انوراگ ٹھاکر جو انتخابی مہم  میں شرکت کیلئے مہاراشٹر میں ہیں، نے تلاشی لینے پر اُدھو ٹھاکرے کی برہمی کو ’’چور کی ڈاڑھی میں تنکا‘‘قرار دیا جبکہ کریٹ سومیا نے سوال کیا کہ کیاٹھاکرے خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں۔ انہوں  نے دعویٰ کیا کہ فرنویس کا سامان بھی چیک ہوچکاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK