• Thu, 30 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بہار کے اسمبلی انتخابات سے قبل کئی اہم لیڈران کانگریس میں شامل

Updated: January 29, 2025, 12:06 PM IST | Agency | New Delhi

جے ڈی یو کے سابق ایم پی علی انور، ’آپ‘ لیڈر نشانت آنند اور بی جے پی کی ترجمان نگہت عباس نے کانگریس کا دامن تھاما۔

Bhagirath Manjhi, the son of Dashrath Manjhi, whose life has also been made into a film, is expected to strengthen the Congress in Bihar. Photo: INN
دشرتھ مانجھی جن کی زندگی پر ایک فلم بھی بن چکی ہے، کے بیٹے بھاگیرتھ مانجھی کے کانگریس میں شامل ہونے سے بہار میں کانگریس کے مضبوط ہونے کی امید ہے۔ تصویر: آئی این این

بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بڑھتے ہوئے سیاسی اتھل پتھل کے درمیان، عام آدمی پارٹی (آپ)،بی جے پی اور ایک سابق رکن پارلیمان سمیت کئی اہم لوگ  کانگریس میں شامل ہوگئے۔ان تمام شخصیات نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں کانگریس کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا اور بہار کانگریس کے صدر اکھلیش پرساد سنگھ کی موجودگی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کانگریس کی رکنیت لی۔
 پارٹی میں شامل ہونے والے لیڈروں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے پون کھیڑا نے کہا کہ ان میں’ماؤنٹین مین‘ کے نام سےمشہور دشرتھ مانجھی (جن پر ایک فلم بھی بن چکی ہے) کے بیٹے بھاگیرتھ مانجھی،  بہار کے آل انڈیا پرجاپتی کمہار سنگھ کے سربراہ منوج پرجاپتی، آل انڈیا پسماندہ مسلم سماج  کے قومی صدر اور جے ڈی یو کے سابق رکن پارلیمان علی انور انصاری،ڈاکٹر جگدیش پرساد، بی جے پی کی سابق ترجمان نگہت عباس اور عام آدمی پارٹی کے سابق ترجمان نشانت آنند اور مصنف فرینک حضور شامل ہیں۔
  پارٹی میں شامل ہونے کے بعد علی انور انصاری نے کہا کہ وہ پہلے ہی سے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے خیالات سے متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب’سمویدھان رکشا سمیلن‘ کا سلسلہ شروع ہوا تو انہیں اس میں مدعو کیا گیا تھا اور اس کے بعد وہ کئی کانفرنسوں میں راہل گاندھی سے ملے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے خیالات نے بہار میں دلتوں، پسماندہ طبقات، قبائلیوں اور اقلیتوں میں جوش پیدا کیا ہے اور وہ بھی کانگریس کے خیالات سے متفق ہیں۔
 نگہت عباس نے کہا کہ وہ کانگریس کے نظریے کے ساتھ یہ سوچ کر آگے بڑھ رہی ہیں کہ’’اگر ہم ساتھ رہیں گے تو مضبوط رہیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اب وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کی خوف اور جنون کی سیاست کو ختم کیا جائے۔ آج ہر مسلمان خوفزدہ ہے، اسی لئے میں بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئی ہوں۔‘‘
پرجاپتی نے کہا کہ بہار کا پسماندہ طبقہ راہل گاندھی کی قیادت میں متحد ہے اور اس سال بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا کہ اہم شخصیات کی شمولیت سے کانگریس پارٹی مضبوط ہوگی اور بہار کے آئندہ انتخابات میں اس سے فائدہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK