• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

 نتائج سے قبل ہلچل، کیجریوال کے گھر پولیس پہنچی

Updated: February 08, 2025, 3:36 PM IST | Agency | New Delhi

بی جےپی پر خریدوفروخت کا الزام لگانا مہنگا پڑا، اینٹی کرپشن بیورو نے قانونی نوٹس تھما دیا،آج ثبوت پیش کرنے کی ہدایت دی۔

When thWhen the Anti-Corruption Bureau team reached Kejriwal`s residence on Friday, an army of lawyers also arrived. Photo: INNe Anti-Corruption Bureau team reached Kejriwal`s residence on Friday, an army of lawyers also arrived. Photo: INN
جمعہ کو جب اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم کیجریوال کی رہائش گاہ پہنچی تو وکیلوں کی ایک فوج بھی پہنچ گئی۔ تصویر: آئی این این

دہلی میں انتخابی نتائج کے اعلان سے قبل ہی سیاسی درجہ ٔ حرارت عروج پر پہنچ گیاہے۔ عام آدمی پارٹی  کے سربراہ اروند کیجریوال اور دیگر لیڈروں کےا س الزام  پر کہ بی جےپی  نے ’’آپ‘‘ کے ۱۶؍ اراکین اسمبلی کو خریدنےکیلئے فی امیدوار ۱۵؍ کروڑ کی پیشکش کی ہے،  دہلی پولیس حرکت میں  آگئی اور اس کا اینٹی کرپشن بیورو  ( اے سی بی )سابق وزیر اعلیٰ  کے گھر  پہنچ گیا۔  اے سی بی نے کیجریوال کو قانونی نوٹس دیتے ہوئے  اُن اراکین اسمبلی کے نام مانگے ہیں جنہیں پیش کش کی گئی ہے نیز اُن  افراد کے نام اور رابطہ کی تفصیل بھی طلب کی ہے جنہوں نے رقم کی پیشکش کی ہے۔ سنیچر کو کیجریوال یقیناً ووٹوں کی گنتی میں مشغول ہوں  گے مگر اے سی بی نے انہیں سنیچر کو ہی قانونی نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت بھی دی ہے۔
مرکز کے نمائندہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر کارروائی 
  دہلی پولیس نے یہ کارروائی دہلی میں مرکزی حکومت  کےنمائندہ  لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ کی ہدایت پر کی ہے۔ ان کی ہدایت پر ان کے پرنسپل سیکریٹری  نےچیف سیکریٹری کو خریدوفروخت کے الزام کی جانچ کی تحریری ہدایت دی جس کےبعد اے سی بی کی ٹیم   بغیر کسی پیشگی نوٹس کےکیجریوال کے گھر پہنچ گئی۔  عام آدمی پارٹی کےلیگل سیل کے سربراہ سنجیو نسیار نے  اے سی بی کے طرزعمل کو حیران کن قرار دیتے ہوئے بتایا کہ افسران کسی ہدایت یا دستاویز کے بغیر ہی پہنچ گئے اور کیجریوال کی رہائش گاہ پرپہنچنے کے بعد فون پر کسی سے رابطہ کر رہے تھے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے کیجریوال کو جو نوٹس دیا ہے اس میں  الزامات کو ’’انتہائی سنگین‘‘ قرار دیتے ہوئے فوری انکوائری کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ جن لوگوں کو  پیشکش کی گئی اور جنہوں نے پیشکش  کی، اُن کی تفصیل کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کے سربراہ سے مذکورہ الزام کی تائید میں  مزید ثبوت اور فون کال   کے ریکارڈ بھی مانگے گئے ہیں۔
کیجریوال کو کارروائی کی دھمکی 
  نوٹس میں کیجریوال سے اس بات کی تصدیق کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ اراکین اسمبلی کی خریدوفروخت کے الزام کا ایکس پوسٹ  انہوں  نے ہی کیا ہے۔ ساتھ ہی ’’آپ‘‘ سربراہ کو متنبہ کرتے ہوئے جواب مانگا گیا ہے کہ جو لوگ افواہ پھیلاکر دہلی کے عوام میں افراتفری مچا رہے ہیں،ان کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے؟
عام آدمی پارٹی الزام پر قائم
  دوسری طرف عام  آدمی پارٹی  اپنے الزام پر قائم ہے۔ ’’ آپ‘‘  کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے اروند کیجریوال  کے الزامات کی تائید کرتے ہوئے  بتایا کہ وہ خود اس کی شکایت کرنے کیلئے اے سی بی کے دفتر میں موجود ہیں۔  انہوں نے بتایاکہ ’’۶؍ فروری  جب وہ پارلیمنٹ میں تھے، تبھی ڈھائی بجے انہیں بی جے پی کے ذریعہ اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی اطلاع ملی تھی۔ انہیں پیسوں  کے ساتھ ہی حکومت میں وزارت کی بھی پیشکش ہوئی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK