ضلع احمد نگر کے سنگم نیر تعلقے میں پولیس کے بچ کر بھاگنے والا ملزم اور اس کا پیچھا کرنے والا پولیس اہلکار ایک کے بعد ایک کنویں میں گر پڑے۔
EPAPER
Updated: December 10, 2024, 1:07 PM IST | Agency | Ahmednagar
ضلع احمد نگر کے سنگم نیر تعلقے میں پولیس کے بچ کر بھاگنے والا ملزم اور اس کا پیچھا کرنے والا پولیس اہلکار ایک کے بعد ایک کنویں میں گر پڑے۔
ضلع احمد نگر کے سنگم نیر تعلقے میں پولیس کے بچ کر بھاگنے والا ملزم اور اس کا پیچھا کرنے والا پولیس اہلکار ایک کے بعد ایک کنویں میں گر پڑے۔ پولیس اور گائوں والوں نے انہیں باہر نکالا اور زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا جہاں دونوں کا علاج جاری ہے۔ یہ حادثہ رات کے اندھیر کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس اور ملزم دونوں ہی کنویں کو دیکھ نہیں سکے۔
اطلاع کے مطابق احمد نگر ضلع کے سنگم نیر تعلقے میں واقع سانگوی گائوں میں ۲۰۱۶ء میں ایک نوجوان نے زمین کے تنازع کے سبب اپنے ماموں اور ممانی کی پٹائی کی تھی۔ پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے خوف سے وہ فرار ہو گیا تھا۔ گزشتہ ۸؍ سال سے پولیس اسے تلاش کر رہی تھی۔ اتوار کی دیر رات پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلا ع ملی کہ وہ اپنے رشتہ داروں سے ملنے گائوں آیا ہے۔ پولیس نے فوراً اس علاقے کا محاصرہ کیا لیکن ملزم کو پہلے ہی بھنک لگ گئی تھی کہ پولیس نے اسے گھیر لیا ہے۔ وہ کسی طرح وہاں سے نکل کر بھاگا۔ پولیس ٹیم نے اس کا پیچھا کیا۔ دوڑتے ہوئے وہ ایک کھیت میں گھس گیا۔ اندھیرے میں اسے دکھائی نہیں دیا کہ آگے ایک کنواں ہے اور وہ کنویں میں گر پڑا۔ ملزم کے پیچھے جو اہلکار تھا وہ بھی کنویں میں گر پڑا۔ اہم بات یہ ہے کہ ملزم کو تیرنا آتا تھا لہٰذا اس نے جھٹ کنویں کے اندر موجود کڑی کو پکڑ لیا۔ جبکہ اہلکار کو تیرنا نہیں آتا تھا اور وہ ڈوبنے لگا۔ اس دوران پولیس ٹیم نے آواز لگائی تو آس پاس کے باشندے وہاں جمع ہو گئے۔ سب نے مل کر روشنی کا انتظام کیا اور دونوں کو کنویں سے باہر نکالا۔ دونوں کو زخمی حالت میں سنگم نیر کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔