سنیچر کی صبح سے دھند چھائی رہی۔ ممبئی میں گرمی کم ہونے کے ساتھ فضا کی آلودگی میں اضافہ کا خدشہ۔ بوڑھوں اور بیماروں کو احتیاط برتنے کی ضرورت
EPAPER
Updated: October 26, 2024, 11:47 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
سنیچر کی صبح سے دھند چھائی رہی۔ ممبئی میں گرمی کم ہونے کے ساتھ فضا کی آلودگی میں اضافہ کا خدشہ۔ بوڑھوں اور بیماروں کو احتیاط برتنے کی ضرورت
ممبئی اور مضافات میں سنیچر کی صبح سے دھند چھائی رہی اور مختلف علاقوں میں گزشتہ ۴؍ روز کے دوران فضائی آلودگی کی سطح خراب درجہ میں رہی ہے ۔ اس دوران ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممبئی میں جیسے جیسے ٹھنڈی کا موسم قریب آرہا ہے اور درجہ حرارت میں کمی آئے گی ویسے ویسے فضائی آلودگی میں بھی اضافہ ہوگا اور اس دوران بچوں، بوڑھوں اور بیمار افراد کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
سنیچر کو جنوبی ممبئی کے قلابہ میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی ریکارڈ کی گئی جبکہ فضاء میں آلودگی کی سب سے کم سطح بوریولی (مشرق) ایم پی سی بی میں ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے علاوہ کرلا، مجگائوں، ورلی، ولے پارلے (مغرب)، ملاڈ اور بوریولی میں فضائی آلودگی خراب درجہ میں رہی۔
سنیچر کو جنوبی ممبئی کے قلابہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۴؍ ڈگری سلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت ۲۵ء۵؍ ڈگری سلسیس رہا اور مضافات کے سانتا کروز میں ۳۵ء۳؍ ڈگری اور کم از کم درجہ حرارت ۲۱ء۴؍ ڈگری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران شہر و مضافات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً ۳۴؍ اور کم سے کم درجہ حرارت ۲۲؍ ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق ۱۵؍ اکتوبر کو ممبئی سمیت مہاراشٹر اور آس پاس کے علاقوں میں بارش کا موسم ختم ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے گرمی میں اضافہ ہوگیا اور ہوائیں سست رفتار سے چلنے کی وجہ سے دھول فضا میں موجود رطوبت میں جمع ہونے لگی اور دھند میں اضافہ ہونے لگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت کم ہونے کیساتھ فضائی آلودگی میں اضافہ کا خدشہ ہے اور اس بوڑھوں اور بیماروں کو اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہئے۔