• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

فضائی آلودگی: بائیکلہ اور بوریولی میں ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے تمام تعمیراتی کام پر روک

Updated: December 31, 2024, 3:46 PM IST | Shahab Ansari | Borivali

ممبئی میں فضائی آلودگی کی سطح لگاتار خراب زمرے میں چل رہی ہے لیکن مرکزی ممبئی کے بائیکلہ اور مغربی مضافات کے بوریولی میں یہ سطح تشویشناک حد تک خراب ہوگئی ہے جس کے سبب بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی نے پیر کو اپنے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں ان دونوں مقامات پر جاری تمام تعمیراتی کام کم از کم ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

It has been decided to stop construction work at many places due to high air pollution. Photo: INN
فضائی آلودگی زیادہ ہونے کے سبب کئی مقامات پر تعمیراتی کام بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

ممبئی میں فضائی آلودگی کی سطح لگاتار خراب زمرے میں چل رہی ہے لیکن مرکزی ممبئی کے بائیکلہ اور مغربی مضافات کے بوریولی میں یہ سطح تشویشناک حد تک خراب ہوگئی ہے جس کے سبب بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی نے پیر کو اپنے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں ان دونوں مقامات پر جاری تمام تعمیراتی کام کم از کم ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 بھوشن گرانی نے پیر کو فضائی آلودگی کے عنوان پر ایک میٹنگ طلب کی تھی۔ اس میٹنگ کے اختتام پر انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ بائیکلہ اور بوریولی میں گزشتہ چند روز سے فضائی آلودگی کی سطح ’اے کیو آئی‘ ۲۰۰؍ سے اوپر ہی چل رہی ہے جس کے سبب ان دونوں علاقوں میں ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے تعمیراتی کام بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
 اس فیصلہ کے تحت تمام سرکاری اور غیر سرکاری تعمیراتی پروجیکٹ بند کردیئے جائیں گے۔ اس کے بعد ان لوگوں کو کام شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی جو دستاویز کے ذریعہ یہ ثابت کریں گے کہ انہوں نے فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے شہری انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی گائیڈلائن پر مکمل طور پر عمل شروع کردیا ہے۔ ہدایات کے مطابق زیر تعمیر پروجیکٹ کو چاروں جانب سے مکمل طور پر ڈھانکنا لازمی ہے۔
بی ایم سی کے مطابق ’کلائمیٹ چینج‘ (موسمیاتی تبدیلیوں)، موٹر گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں اور تعمیراتی کاموں کی وجہ سے ممبئی میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔
پیر کو پورے شہر میں سب سے زیادہ آلودگی بوریولی (مشرق) ایم پی سی بی میں ۳۷۱؍ تھی، اس کے بعد باندرہ میں ۲۳۲، بائیکلہ سے متصل مجگائوں میں ۲۲۹، بی کے سی (یو ایس قونصل خانہ) ۲۰۶، کرلا ۲۲۲؍ اور سائن میں ۲۰۸؍ درج کی گئی تھی۔ان کے علاوہ دیگر کئی علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح ۱۰۰؍ سے ۱۵۰؍ کے درمیان تھی۔
 شہر میں فضائی آلودگی کو قابو کرنے کیلئے بی ایم سی نے ہوا کے معیار کو بہتر بنانے والی ۴۵؍ مشینیں مختلف مقامات پر نصب کی ہیں۔ ان میں سے ۲۸؍ مشینیں بی ایم سی کی حدود میں نصب کی گئی ہیں۔یہ مشینیں موجودہ وقت میں فضائی آلودگی کی پیمائش کی تفصیلات بتاتی ہیں جس کی وجہ سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں آلودگی کم کرنے کے اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK