ریاست بھر کی ’لاڈلی بہنوں‘ سے راکھی بندھوانے میں مصروف نائب وزیر اعلیٰ کو سپریہ سلے کیلئے وقت نہیں ملا، سپریہ نے بھاسکر بھاگڑے کو راکھی باندھی۔
EPAPER
Updated: August 21, 2024, 11:22 AM IST | Agency | Mumbai
ریاست بھر کی ’لاڈلی بہنوں‘ سے راکھی بندھوانے میں مصروف نائب وزیر اعلیٰ کو سپریہ سلے کیلئے وقت نہیں ملا، سپریہ نے بھاسکر بھاگڑے کو راکھی باندھی۔
ریاست بھر میں لاڈلی بہنوں سے راکھی بندھواکر انہیں ’لاڈلی بہن اسکیم‘ کا تحفہ دینے والے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے خود اپنی لاڈلی بہن سپریہ سلے سے راکھی نہیں بندھوائی۔ یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ اجیت پوار اور رکن پارلیمان سپریہ سلے چچا زاد بھائی بہن ہیں۔ سپریہ سلے ہر سال اجیت پوار کو راکھی باندھتی ہیں ۔ میڈیا میں یہ سوال بار بار پوچھا جا رہا تھا کہ کیا وہ اس بار بھی اجیت پوار کو راکھی باندھیں گی؟ کیونکہ اس وقت دونوں کی پارٹیاں الگ الگ ہیں اور آپسی دوریاں بھی بڑھ گئی ہیں۔
گزشتہ دنوں ایک تقریب کے دوران جب اجیت پوار سے پوچھا گیا کہ کیا ’’ اس سال آپ اپنی لاڈلی بہن سے راکھی بندھوائیں گے؟ ‘‘ تو انہوں نے جواب دیا تھا کہ ’’ سپریہ سلے اگر ممبئی میں ہوئیں تو میں ان سے راکھی بندھوا لوں گا۔‘‘ جبکہ یہی سوا ل جب سپریہ سلے سے پوچھا گیا کہ کیا آپ اجیت پوار کو اس سال راکھی باندھیں گی؟ تو انہوں نے جواب دیا تھا کہ ’’میں اس وقت ناسک میں ہوں اگر کوئی راکھی بندھوانے ناسک آیا تو میرے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔‘‘ راکھی کے دن (پیر کو) سپریہ سلے ناسک دورے پر تھیں جبکہ اجیت پوار کے ممبئی میں لاڈلی بہن اسکیم سے متعلق کچھ پروگرام جن میں وہ مصروف تھے اس لئے دونوں مل نہیں سکے اور سپریہ سلے نے اس سال اپنے لاڈلے بھائی کو راکھی نہیں باندھی۔ البتہ سپریہ سلے نے ناسک میں ڈنڈوری حلقے سے رکن پارلیمان بھاسکر بھاگرے کو راکھی باندھی۔ حالانکہ اجیت پوار کئی بار یہ کہہ چکے ہیں کہ سیاسی رشتے الگ ہوتے ہیں اور گھریلو رشتے الگ۔ گھریلوں رشتوں کی ذمہ داریاں ہیں جو نبھا نی پڑتی ہیں اور ان کیلئے وقت نکالنا پڑتا ہے۔
یاد رہے کہ ۲۰۲۳ء میں اجیت پوار اپنے چچا شرد پوار کی پارٹی کے دو ٹکڑے کرکے ایک ٹکڑے (گروہ) کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ انہوں نے بی جے پی سے ہاتھ ملا لیا اور حکومت میں شامل ہو گئے۔ تب سے ان کی اپنے اہل خانہ سے دوریاں بڑھتی جا رہی ہیں۔