• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اجیت پوار نے فہرست جاری کئے بغیر ہی امیدواروں میں فارم تقسیم کئے

Updated: October 21, 2024, 11:36 PM IST | Mumbai

این سی پی سربراہ نے اپنی رہائش گاہ پر بلاکر ۱۷؍ لوگوں کو اپنے ہاتھوں سے فارم دیا، فہرست جلد جاری ہونے کا امکان

NCP Leaders: Chhagan Bhujbal, Ajit Pawar and Sunil Tatkare
این سی پی لیڈران : چھگن بھجبل، اجیت پوار اور سنیل تٹکرے

مہاراشٹر میں اسمبلی الیکشن کی گہما گہمی جاری ہے۔ بی جے پی اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر چکی ہے اب اسکی حلیف این سی پی (اجیت) بھی اپنی پارٹی کی فہرست جاری کرنے کی تیاری میں ہے لیکن پارٹی سربراہ اجیت پوار نے پیر کے روز ایک غیر معمولی طریقہ اختیار کرتے ہوئے پارٹی کے امید واروں کی فہرست جاری ہونے سے پہلے ہی کئی لیڈران میں اے بی فارم تقسیم کرنے شروع کر دیئے۔ 
 یاد رہے کہ سیاسی پارٹیوں کی عام روایت رہی ہے کہ وہ پہلے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کرتی ہیں۔ اسکے بعد ان امیدواروں کو بلاکر اے بی فارم دیا جاتا ہے جس پر پارٹی سربراہ یا جس کسی کو پارٹی کی جانب سے فارم جاری کرنے کا اختیار ہو اس کے دستخط ہوتے ہیں۔  اس فارم کو پُر کرکے امیدوار الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرواتے ہیں۔ لیکن این سی پی سربراہ اجیت پوار نے پیر کو اپنی پارٹی کے امیدواروں کی فہرست جاری ہونے سے پہلے ہی امیدواروں کو فارم دینا شروع کر دیا۔ ممبئی میں واقع ان کے دیوگیری بنگلے پر ۱۷؍ لیڈران کو اے بی فارم دیئے گئے جن میں کئی اہم نام شامل ہیں۔ 
  راجیش وٹیکر، سنجے بنسوڑے، چیتن توپے، سنیل ٹنگرے، دلیپ ولسے پاٹل، دولت دروڑا،  راجیش پاٹل، دتاتریہ بھرنے، آشوتوش کالے، ہیرا من کھوسکر ، نرہری زروال، چھگن بھجبل، بھرت گاوت، بابا صاحب پاٹل،  اتل بینکے۔  یہ وہ نام ہیں جنہیں اجیت پوار نے خود اپنے ہاتھوں سے اے بی فارم دیا ہے۔  یہ تمام اجیت دادا کے انتہائی قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ اجیت پوار نے فہرست جاری کرنے سے پہلے فارم کیوں تقسیم کئے ۔ البتہ ہیرامن کھوسکر کا کہنا ہے کہ  میں کانگریس کے دفتر کے گزشتہ ۲؍ ماہ سے چکر کاٹ رہا تھا مگر پارٹی نے میری ایک نہ سنی۔ مجھے لگا کہ میں کہیں پھنس نہ جائوں اسلئے میں نے اجیت دادا کا ہاتھ تھام لیا۔ انہوں نے مجھے آج صبح ۸؍ بجے فون کیا۔ میں ابھی یہاں آیا ہی تھا کہ مجھے فارم دیدیا گیا۔  ہیرامن کھوسکر ترمبکیشور سے امیدوار ہوں گے۔ ان کے علاوہ بھرت گاوت کو بھی فارم دیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے اے بی فارم مل گیا ہے۔ میں نوا پور سے الیکشن لڑنے والا ہوں جو کہ ایک ریزرو سیٹ ہے۔  لوک سبھا الیکشن میں صورتحال دیگر تھی۔ اب دیگر ہے۔ اس بار میں ضرور جیت کر آئوں گا۔ فارم دینے کیلئے میں اجیت پوار اور سنیل تٹکرے صاحب کا شکر گزار ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK