• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اجیت پوار نے امیت شاہ کے سامنے وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش ظاہر کی تھی؟ میڈیا رپورٹ کے بعد چہ میگوئیاں

Updated: September 11, 2024, 11:10 AM IST | Agency | Mumbai

ایک روز قبل مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ممبئی دورے پر آئے تھے جہاں انہوں نے مہایوتی میں شامل پارٹیوں کے لیڈران سے سیٹوں کی تقسیم پر بھی بات کی۔

Ajit Pawar`s ambitions are high!. Photo: INN
اجیت پوار کے عزائم بلند ہیں!۔ تصویر : آئی این این

ایک روز قبل مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ممبئی دورے پر آئے تھے جہاں انہوں نے مہایوتی  میں شامل پارٹیوں کے لیڈران سے سیٹوں کی تقسیم پر بھی بات کی۔ اطلاع کےمطابق امیت شاہ نے کہہ دیا ہے کہ بی جے پی  ۱۵۰؍ سیٹوں پر الیکشن لڑنا چاہتی ہے۔ جبکہ شیوسینا (شندے) کو ۸۰؍ تا ۸۵؍ اور این سی پی (اجیت) کو ۵۵؍ تا ۶۰؍ سیٹیں دی جائیں گی۔ ہر چند کہ اس تعلق سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن ’دی ہندو‘ کی ایک رپورٹ شائع ہونے کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر مہایوتی میں چپقلش کے تعلق سے تبصرے جاری ہیں۔   اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اجیت پوار نے میٹنگ کے دوران امیت شاہ سے انہیں وزیراعلیٰ بنانے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی سیٹوں پر تقسیم کے تعلق سے اتفاق نہ ہونے پر مہایوتی کے درمیان کئی سیٹوں پر دوستانہ مقابلہ بھی ہو سکتا ہے۔ 
  یاد رہے کہ امیت شاہ گزشتہ اتوار اور پیر کو ممبئی میں تھے۔ اتوار کی رات انہوں نے مہایوتی لیڈران سے ملاقات کی جس میں سیٹوں کی تقسیم پر بھی گفتگو ہوئی۔ امیت شاہ نے سیٹوں کی تقسیم کا جو فارمولہ پیش کیا ہے اس سے ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کے مطمئن ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دی ہندو اخبار  نے شیوسینا (شندے) کے تعلق سے تو کچھ نہیں لکھا ہے لیکن اجیت پوار کے تعلق سے اخبار نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اجیت پوار نے میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے سوال جواب کئے۔ حتیٰ کہ انہوں نے امیت شاہ کے سامنے یہ تجویز پیش کی کہ اسمبلی الیکشن کے بعد بہار پیٹرن کے مطابق انہیں مہاراشٹر کا وزیر اعلیٰ بنایا جائے۔ یاد رہے کہ بہار میں نتیش کمار کی پارٹی کی سیٹیں کم ہیں اور بی جے پی کی زیادہ لیکن بی جے پی نتیش کمار کو وزیر اعلیٰ کی کرسی دی ہے۔ 
 اخبار کے مطابق بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ۱۵؍ تا ۲۰؍ دنوں سے ایکناتھ شندے، اجیت پوار اور دیویندر فرنویس  کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے گفتگو ہو رہی ہے۔  بی جے پی نے اپنی ۱۵۰؍ سیٹوں میں سے نصف تعداد پر امیدوار بھی طے کر لئے ہیں اور ان سے اعلیٰ کمان کی ملاقاتیں بھی ہو رہی ہیں۔ اگر بات نہیں بنی تو بی جے پی نے واضح کر دیا ہے کہ تقریباً ۲۵؍ سیٹیں ایسی ہیں جن پر مہایوتی کا آپس میں دوستانہ مقابلہ ہو سکتا ہے۔  ادھر این سی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی ۷۰؍ سے کم سیٹیں قبول نہیں کرے گی۔ کم از کم ان سیٹوںکو تو بالکل نہیں چھوڑا جائے گا جس پر ان کے امیدوار پچھلے الیکشن میںجیت کر آئے ہیں۔  البتہ ۳؍ یا ۴؍ سیٹیں ہم ایک دوسرے سے تبدیل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ 
  جب اس تعلق سے میڈیا نے اجیت پوار سے سول کیا تو انہوں نے کہا ’’ آپ جو کچھ کہہ رہے ہیں اس کا مجھے علم نہیں ہے۔ کیونکہ میں نے امیت شاہ سے ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا ہے۔‘‘ اجیت پوار نےکہا ’’ آپ لوگ اپنی طرف سے کوئی بھی افواہ اڑاتے رہتے ہیں۔ جہاں تک بات ہے سیٹوں کی تقسیم کی تو امیت شاہ نے وعدہ کیاہے کہ تمام پارٹیوں کا یکساں طور پر لحاظ کیا جائے گا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ جلد ہی دہلی میں  مہایوتی کے لیڈران کی میٹنگ ہوگی جس میں سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ہوگا ۔ اس کے بعد ہم اس کا اعلان کریں گے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK