• Sun, 17 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبرا میں اجیت پوار کی ریلی، ۳؍ ہزار کروڑ کے پیکیج کا وعدہ

Updated: November 17, 2024, 10:58 AM IST | Inquilab News Network | Mumbra

نجیب ملا کیلئے ووٹنگ کی اپیل، دعویٰ کیا کہ جتنا کام۱۵؍ برسوں میں نہیں ہوا اتنا ۵؍ سال میں ہوگا۔

A public gathering in Mumbra came to listen to Ajit Pawar. Photo: INN
اجیت پوار کو سننے کیلئے ممبرا میں عوام کا جم غفیر امڈ آیا۔ تصویر : آئی این این

ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ سے این سی پی(اجیت) پوار کے امیدوارنجیب ملاکی حمایت میں پارٹی کے سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے جمعہ کو انتخابی ریلی سے خطاب کیااور علاقے کیلئے ۳؍ ہزا ر کروڑ کے ترقیاتی پیکیج نیز ممبرا کو منشیات سے پاک کرنے کا وعدہ کیا۔ ممبرا کا مقدر بدلنے کیلئے نجیب ملا کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہاکہ اگر وہ جیت گئے تو ممبرا میں   ۱۵؍  برسوں  میں  جتنا کام نہیں  ہوا اس سے زیادہ کام ۵؍ برسوں   میں  ہوگا۔ 
  اجیت پوار کوسننے کیلئے ممبرا کے عوام ہزاروں  کی تعداد میں گھنٹوں ریلی کا حصہ بنے رہے۔ ممبرا کے میک کمپنی میں مین روڈپر منعقدہ انتخابی ریلی میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ  نے بتایا کہ ’’ گزشتہ ۳؍ ماہ میں ہم نے ممبرا کلوا میں ترقیاتی کاموں کیلئے نجیب ملّا کو۲؍سو کروڑ کا فنڈ دیا ہے۔ ‘‘ انہوں  نے کہا کہ ’’میں اس جلسہ عام میں وعدہ کرتا ہوں کہ اگلے ۵؍ برسوں میں ممبرا کلوا کی ترقی کیلئے ۳؍ ہزار کروڑ روپے کا فنڈ دوں گا۔ ‘‘نجیب ملا نے اجیت پوار سے پہلے اپنے خطاب میں ممبرا میں نشتہ متاثرین کے علاج کیلئے ری ہیب سینٹر کا مطالبہ کیا تھا اس کا جواب دیتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ ’’میں اس کی اہمیت اور ضرورت کو بخوبی سمجھتاہوں نیز وعدہ کرتا ہوں کہ ممبرا میں نشہ متاثرین کی باز آبادکاری کیلئے رہیب سینٹرس کا قیام ہو گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں  نے ممبرا میں  معیاری اسپتال کیلئے بجٹ میں  رقم مختص کرنے اور صاف پانی کے مسئلے کو حل کرنے کا وعدہ کیا۔ بجلی سپلائی کرنےوالی کمپنی ٹورینٹ سے متعلق شکایات کی جانب توجہ مبذول کرائے جانے پرانہوں نے کہا کہ ٹورینٹ کی ہراسانی سے عوام کو نجات دلانا ان کی ترجیحات میں شامل رہےگا۔ 
 اس کے ساتھ ہی اجیت پوار نے وضاحت کی کہ ہماری پارٹی این سی پی کا نظریہ شیو اجی مہاراج، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر، شاہو اورمہاتما پھلے کا نظریہ ہے اور اسی نظریے کے تحت ہم اقلیتوں کو بھی ساتھ لے کر مہاراشٹر کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ ‘‘انہوں نے اقلیتوں کی ترقی کیلئے مہایوتی سرکار کی متعدد اسکیمیں گنوائیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK