• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی‘‘

Updated: July 11, 2024, 11:26 AM IST | Mumbai

قانون ساز اسمبلی میں اراکین اسمبلی کی دودھ میں ملاوٹ پر ناراضگی کے بعد نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی یقین دہانی‌۔

Ajit Pawar. Photo: INN
اجیت پوار۔تصویر: آئی این این

 نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ اجیت پوار نے بدھ کو قانون ساز اسمبلی میں اعلان کیا ہے کہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ اعلان انہوں نے اس وقت کیا جب اراکین اسمبلی دودھ میں ملاوٹ کو روکنے  سے متعلق حکومت کے اقدام سے مطمئن نہیں تھے۔
اسمبلی میں متعدد اراکین اسمبلی نے دودھ کی ملاوٹ کو روکنے میں حکومت کو ناکام قرار دیا تھاجس پر ایف ڈی اے کے وزیر دھرم راؤ بابا اترام نے بتایا تھا کہ ریاست میں ۵ مائکرو لیبارٹریوں میں دودھ کی جانچ کی جاتی ہیں اور ان لیبارٹریوں کی تعداد پی او پی کی بنیاد پر بڑھائی جائے گی۔ 
 وزیر کے اس جواب پر رکن اسمبلی بچو کڑو نے ایوان  میں شدید ناراضگی کااظہار کیا اور کہا کہ حکومت کتنے ہی اسپتال تعمیر کر لے اور ۵ ؍لاکھ تک کے علاج کی سہولت بھی دے دے  تب بھی دودھ میں ملاوٹ کرنے کا معاملہ سنگین ہے۔ ملاوٹ کر کے کسان اور صارف دونوں کی جان سے کھیلا جارہاہے ۔ بچے بھی اس سے محفوظ نہیں اور حکومت  اس معاملے پر سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے۔ بچو کڑو کی اس ناراضگی پر نائب وزیر اعلی اجیت پوار کھڑے ہوئے اور  ایوان کو بتایا کہ دودھ میں ملاوٹ کرنا سنگین معاملہ ہے اور اسے روکنے کے لئے حکومت سنجیدہ ہے ۔ اراکین اس سے بھی واقف ہوں گے کہ دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کو پھانسی کی سزا دینے کا قانون حکومت کی جانب سے  منظور کیا گیا تھا لیکن اس قانون کو صدر جمہوریہ نے منظوری‌نہیںدی۔
ان کے مطابق حکومت کے اس رویے سے اندازہ ہوتاہے کہ حکومت اس معاملے میں سنجیدہ ہے۔ البتہ  دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف سخت موقف اختیار کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ  دودھ صارفین تک پہنچنے سے پہلے  اس کی ضروری جانچ کرنے کیلئے جو بھی جدید ٹکنالوجی اور انفر اسٹرکچر کی ضرورت ہوگی حکومت کی جانب سے مہیا کرا یا جائے گا۔
ریاستی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ ہے کہ ریاست کے شہریوں کو گائے اور بھینس کا خالص دودھ ملے اور دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ اجیت پوار نے قانون ساز اسمبلی کو یقین دلایا کہ دودھ میں ملاوٹ کو روکنے کیلئےفوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو جدید ٹیکنالوجی، مشینری اور مناسب افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے ضروری فنڈزمختص کئے جائیں گے۔ نائب وزیر اعلی نے بتایا کہ حکومت اس بارے میں سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ وزراء کی موجودگی میں وزیر خزانہ کی صدارت میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی  میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ایوان اسمبلی  میں یقین دلایا کہ دودھ میں ملاوٹ کو روکنے کے عمل میں اگر خامیاں ہیں تو ان کو دور کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورت حال میں دودھ بنانے والوں کو دودھ کی اچھی قیمت ملنا شروع ہو گئی ہے۔ ایسے معاملات میں یہ دیکھا گیا ہے کہ جھوپڑپٹیوں یا دیگر نامعلوم مقامات پر کچھ افراد کی طرف سے ملاوٹ کی جا رہی ہے۔ زیادہ قیمت والے برانڈز کے دودھ کی تھیلوں میں بھی پانی کی ملاوٹ، انجکشن اور ملاوٹ جیسی غلط حرکتیں کی جاتی ہیں۔ ایسا ملاوٹ شدہ دودھ بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے اور جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔ یہ چیزیں بہت سنگین ہیں اور ریاستی حکومت اس سلسلے میں انتہائی سخت موقف اختیار کرنے کو تیار ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے  اسمبلی کو بتایا کہ اس کے مطابق ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK