نتیش رانے کی اشتعال انگیزی پر اجیت پوار کا ردعمل، کہا ’’تاریخ دانوں نے جو کچھ لکھا ہے لوگوں کو اس کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ‘‘
EPAPER
Updated: March 13, 2025, 12:38 PM IST | Satara
نتیش رانے کی اشتعال انگیزی پر اجیت پوار کا ردعمل، کہا ’’تاریخ دانوں نے جو کچھ لکھا ہے لوگوں کو اس کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ‘‘
ریاستی وزیر برائے ماہی گیری نتیش رانے کے اشتعال انگیز بیانات کے تعلق سے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے پہلی بار لب کشائی کی ہے اور ان کے بیانات کو یشونت رائو چوان کے مہاراشٹر کی تہذیب کے خلاف قرار دیا ہے۔ پوار نے کہا کہ اس ملک کے مسلمان محب وطن ہیں اور چھترپتی شیواجی کے سوراج میں بھی ان کا بڑا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ اجیت پوار بدھ کے روز مہاراشٹر کےپہلے وزیر اعلیٰ یشونت رائو چوان کی ۱۱۳؍ ویں جینتی کے موقع پر ستارا ضلع کے کراڈ تعلقے میں واقع ان کی سمادھی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے تھے۔
اس دوران میڈیا نے اجیت پوارکی توجہ نتیش رانے کے اس بیان کی طرف دلائی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مسلمان چھترپتی شیواجی کی فوج کا حصہ نہیں تھے۔ ساتھ ہی نتیش رانے کی طرف سے ہندوئوں کو جھٹکے کا گوشت کھانے کی تلقین اور جتیندر اوہاڑ کی جانب سے اس تلقین کی مخالفت پر بھی اجیت پوار کی توجہ مبذول کروائی گئی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ شیو شاہو، پھلے، امبیڈکر کی اس سرزمین پر ہم یشونت رائو چوان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے برسراقتدار اوراپوزیشن دونوں طبقے کے لوگ ایسے بیانات دے رہے ہیں جو یشونت رائو چوان کی تعلیمات کے برخلاف ہیں۔ ان لوگوں کو مہاراشٹر کبھی برداشت نہیں کرے گا۔ ‘‘ اجیت پوار نے کہا ’’ میں جب تک سیاست میں ہوں تب تک یشونت رائو چوان کے نظریات سے انحراف نہیں کروں گا۔ ‘‘
اجیت پوار نے کہا ’’ مہاراشٹر کیسا ہوناچاہئے، اس کی تعلیم یشونت رائو چوان نے دی ہے۔ لیکن حالیہ دنوں میں دونوں جانب کے کچھ لیڈران ایسے بیانات دے رہے ہیں جو برداشت کرنے لائق نہیں ہیں۔ آپ اقتدار میں ہوں یا اپوزیشن میں، آپ کو نظم ونسق کا پاس رکھنا ہوگا۔ ‘‘ ایک سوال کے جواب میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ’’مہاراشٹر اور ملک میں بڑے پیمانے پر مسلمان ایسے ہیں جو حب الوطنی کا جذبہ رکھتے ہیں۔ تاریخ دانوں نے اور محققین نے، جو کچھ لکھا ہے اسے آپ کو پڑھنے کی ضرورت ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ چھترپتی شیواجی کے سوراج میں مسلمانوں کا بھی بہت بڑا حصہ ہے۔ مہاراج کا دارو گولہ کون سنبھالتا تھا؟ ایسی کئی مثالیں ہیں جوہم پیش کر سکتے ہیں۔ ایسے مسلمانوں کی کمی نہیں ہے جن پر ملک کو ناز ہے۔ یہ سب دیش بھکت ہی ہیں۔ ‘‘ نتیش رانے کے بیان کی جانب توجہ دلانے پر اجیت پوار نے کہا ’’ انہوں نے ایسا کیوں کہا یہ مجھے نہیں معلوم۔ البتہ میں یہ جانتا ہوں کہ اس ملک کے مسلمان دیش بھکت ہیں۔ ‘‘
ادین راجے بھوسلے کی جانب سے بھی تنقید
چھتر پتی شیواجی کے گھرانے سے تعلق رکھنے والے ادین راجے بھوسلے نے بھی نتیش رانے کے اس بیان سے اختلاف ظاہر کیا ہے کہ چھترپتی شیواجی کی فوج میں مسلمان نہیں تھے۔ جبکہ حلال اور جھٹکے والے گوشت کے سوال کو انہوں نے یہ کہہ کر ٹال دیا کہ ’’ میں گوشت نہیں کھاتا۔ جسے کھانا ہے وہ کھائے۔ ‘‘ یاد رہے کہ حال ہی میں اورنگ زیب کی قبر کو اکھاڑ پھینکنے کی بات کرنے والوں میں ادین راجے بھی شامل تھے لیکن نتیش رانے کے بیان کی جانب توجہ دلانے پر ادین راجے نے کہا ’’ میں نے نتیش رانے کابیان نہیں سنا ہے لیکن چھتر پتی شیواجی کی تمام مذاہب کے احترام ہی کی پالیسی تھی۔ اگر انہوں نے بھید بھائو کیا ہوتا تو ہم آج بھی مغلوں کے غلام ہوتے۔ ‘‘ ادین راجے کے مطابق ’’ اگر نتیش رانے ایسا کہنا چاہتے ہیں کہ اورنگ زیب کی قصیدہ خوانی جاری ہے اس لئے اورنگ زیب کی قبر کھود کر نکال دیجئے تو یہ بات میں بھی کئی بار کہہ چکا ہوں لیکن اس کا آپ وہ مطلب مت نکالئے ( کہ چھترپتی شیواجی کے ساتھ مسلمان نہیں تھے )۔ حال ہی میں نتیش رانے نے ’ملہار سرٹیفکیٹ ڈاٹ کام‘ نامی ویب سائٹ جاری کی جس میں ان دکانوں کے نام درج ہیں جو جھٹکے کا گوشت بیچتے ہیں۔ نتیش رانے کا کہنا ہے کہ ہندو صرف جھٹکے کاگوشت کھائیں ، حلال گوشت نہ کھائیں۔ اس تعلق سے سوال پوچھے جانے پر ادین راجے نے کہا ’’ میں گوشت نہیں کھاتا ہوں البتہ جسے کھانا ہو وہ کھائے۔ ‘‘ ادین راجے کا تعلق بھی ستارا ہی سے ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے زعفرانی خیمے کی جانب سے ان افراد پر بھی لفظی حملے جاری ہیں جو چھترپتی شیواجی اور مسلمانوں کے درمیان خوشگوار تعلقات کے تعلق سے روایات یا واقعات بیان کرتے ہیں۔ نتیش رانے بھی ایسے لوگوں پر ’چھترپتی شیواجی کے سوراج کو اسلامی رنگ دینے کی کوشش‘ کا الزام لگا چکے ہیں۔