شیوسینا (یوبی ٹی) کے اسٹیٹ آرگنائزر اکھل چترے کا ریاست کے گورنر سے مطالبہ۔
EPAPER
Updated: March 17, 2025, 11:25 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
شیوسینا (یوبی ٹی) کے اسٹیٹ آرگنائزر اکھل چترے کا ریاست کے گورنر سے مطالبہ۔
شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) گروپ کے اسٹیٹ آرگنائزر اکھل چترے نے ریاستی وزیر نتیش رانے کے استعفیٰ کا مطالبہ کیاہے۔ انہوں نے اس ضمن میں حال ہی میں گورنر کو مکتوب بھیج کر مطالبہ کیا ہےکہ آئین کا حلف لے کر ماہی گیری اور بندرگاہ وزارت کا قلمدان سنبھالنے والے وزیر نتیش رانے بار بار آئین مخالف بیان بازی کرتے رہتے ہیں ۔ وہ اپنے اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ مسلسل نفرت پھیلارہے ہیں۔ ان کے اس آئین مخالف بیان بازی پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور حلف دلانے والے گورنر کو ان سے استعفیٰ لے لینے چاہئے۔
گورنر کو بھیجے گئے اپنے مکتوب میں اکھل چترے نے یہ بھی کہا ہےکہ نتیش رانے نے جو وزارتی عہدہ سنبھالا ہے اس کا حلف لیتے ہوئے انہوںنے اس کا اقرار کیا تھاکہ وہ کسی کے خلاف کوئی رنجش یا انتقام کا جذبہ نہیں رکھیں گے۔ وہ سب کے ساتھ یکساں سلوک کریں گے وغیرہ۔ یہ حلف لینے کے باوجود وہ بار بار اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔اگر وہ حلف کے خلاف کام کر رہے ہیں تو گورنر کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے اور وزیر کے عہدے سے ان کا استعفیٰ طلب کرنا چاہئے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ’’ کون سا وزیر بار بار کہتا ہے کہ وہ کسی بھی اپوزیشن پارٹی کے کارکن یا سرپنچ کو ایک روپیہ فنڈ نہیں دے گا؟ ترقیاتی فنڈز ہمارے ٹیکس دہندگان کا ہے ، یہ رقم تمہارے گھر یا تمہارے باپ کی جائیداد نہیں ہے؟ اس کے بعد، وہ اس بارے میں بات کرتے ہیں کہ کس کو کیا، کہاں کھانا چاہیے؟کہاں سے چکن /مٹن خریدنا چاہئے؟
اکھل چترے کے بقول ’’نتیش رانے چھترپتی شیواجی مہاراج کی گمراہ کن تاریخ بیان کرتے ہیں۔ اس سارے غیر آئینی رویے میں ملوث ہوتے ہوئے وہ فخر سے کہتے ہیں کہ ’’میرا باس ساگر بنگلے میں ہے۔‘‘اکھل چترے نے سوال قائم کیاکہ جو شخص آئین پر حلف اٹھاتا ہے اور اس طرح برتاؤ کرتا ہے کیا وہ وزیر کے عہدے کے لئے موزوں ہے؟وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس حکومت کے سربراہ ہیں۔ کیا آپ ان بیانات کی حمایت کرتے ہیں؟ اگر نہیں تو ایسے وزیر کے خلاف قانونی کارروائی کب ہوگی؟ آپ کو اپنی خاموشی توڑنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آپ اس حوالے سے اپنا نظریہ واضح کریں۔