اکھلیش یادو کا یوپی حکومت پرطنز، لمبی لمبی قطار وں والا ایک ویڈیو جاری کرکے کہا کہ مہلوکین کے ورثا معاوضہ نہیں، اپنے عزیزوں کی لاشیں مانگ رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: February 04, 2025, 11:10 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
اکھلیش یادو کا یوپی حکومت پرطنز، لمبی لمبی قطار وں والا ایک ویڈیو جاری کرکے کہا کہ مہلوکین کے ورثا معاوضہ نہیں، اپنے عزیزوں کی لاشیں مانگ رہے ہیں۔
پریاگ راج کے مہا کمبھ میں ہوئی بھگدڑکے بعد سے مہلوکین کی تعدادکے سلسلے میں قیاس آرائیوں کا بازارگرم ہے۔ اپوزیشن جماعتوں میں بالخصوص سماجوادی پارٹی مسلسل کمبھ کے انتظامات کو ناقص اور مہلوکین وزخمیوں کی تعداد کوگمراہ کن بتا رہی ہے۔ تازہ بیان میں پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ مہا کمبھ میں جس طرح کا واقعہ ہوا، اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’یوگی سرکار نے مہا کمبھ میں اسنان کرنےوالوں کی گنتی تو کرلی لیکن مہلوکین کی تعداد نہیں جانتی۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت اسنان کرنےوالوں کے ہر گھنٹے کے اعداد و شمار دے رہی ہے مگر بھگدڑ میں جان گنوانے والوں کی اصل تعداد نہیں بتا پارہی ہے۔ اکھلیش یادو نے اپنے اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہلوکین کے لواحقین سرکاری معاوضہ کیلئے یہاں لمبی قطاروں میں نہیں کھڑے ہیں بلکہ وہ صرف اپنے عزیزو اقارب کی لاشیں لے جانا چاہتے ہیں مگرانہیں دی نہیں جارہی ہیں۔
یادو کے ذریعہ جاری کئے گئے ویڈیو میں پریاگ راج میں پوسٹ مارٹم ہاؤس کے باہر لواحقین کی بھیڑ دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: آئی این این
ملکی پورمیں انتخابی مہم کے آخری دن اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت نے کمبھ میں ہندوؤں کی جان لی ہے۔ ان کی لاشیں ہر سو بکھری پڑی تھیں ۔ اس دوران جے سی بی کے ذریعے عقیدت مندوں کے بکھرے ہوئے سامان کو پھنکوا دیا۔ سننے میں تو یہ بھی آرہا ہے کہ اس میں لاشیں بھی تھیں۔ ‘‘ اکھلیش نے کہا کہ مہا کمبھ میں ہوئی بھگدڑ کے بارے میں وزیر اعلیٰ اور ان کی حکومت سچ نہیں بتا رہی ہے۔ ہلاکتوں کے اعداد و شمار چھپائے جا رہے ہیں۔ حکومت ۳۰؍افراد کی ہلاکت کی اطلاع دے رہی ہے جو کہ درست نہیں ہےکیونکہ موقع سے جو تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئے ہیں وہ انتہائی خوفناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے لباس سے نہیں اپنے خیالات سے یوگی بنتے ہیں ۔ جو سچ کو چھپاتا ہے وہ یوگی نہیں ہے بلکہ جو سچ بولتا ہے وہ یوگی ہے۔
سماجوادی پارٹی کے صدر نےایکبھیڑکا ویڈیو سوشل میں پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ خبر افسوسناک ہے کہ مہا کمبھ حادثے میں مارے گئے عقیدت مندوں کی لاشیں لینے کیلئے پریاگ راج میں پوسٹ مارٹم ہاؤس کے باہر لواحقین قطار میں کھڑے ہیں، لیکن لاشیں لواحقین کو نہیں دی جا رہی ہیں ۔ مہلوکین کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی مدد، تسلی یا معاوضہ نہیں چاہئے، بس ان کے رشتہ دار کی لاش ان کے حوالے کردی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’لواحقین اپنے پیاروں کو ڈھونڈ رہے ہیں اور رو رہے ہیں لیکن حکومت کوئی اطلاع نہیں دے رہی ہے۔ مہا کمبھ میں آئے ہوئے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد سنگم میں اسنان کئے بغیر واپس چلی گئی۔ افسوس کی بات ہے کہ انہیں راستے میں کھانے پینے اور آنے جانے سمیت ہر قسم کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
ملکی پور میں سماجوادی اور بی جے پی میں مقابلہ
ایودھیا کی ملکی پور سیٹ پر ضمنی الیکشن میں بی جے پی کا سیدھا مقابلہ سماجوادی پارٹی سے ہے۔ بی ایس پی اور کانگریس نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا ۔ بی جے پی نےیہاں سے چندر بھان پاسوان کو امیدوار بنایا ہے جبکہ سماجوادی پارٹی نے رکن پارلیمان اودھیش پرساد کے بیٹے اجیت پرساد کو ٹکٹ دیا ہے۔ پیر کو تشہیر کے آخری دن بی جے پی کے ریاستی صدر چودھری بھوپندر سنگھ اور سماجواد ی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے مورچہ سنبھالا۔ دونوں ہی لیڈروں نے اپنے اپنے امیدوار وں کوکامیاب بنانےکی اپیل کی ۔ دوسری جانب ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ پولنگ کے پیش نظر منگل کو پولنگ ٹیموں کو روانہ کیا جائےگا، بوتھوں پر مرکزی فورس کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ بوتھ کے باہر پولیس اور ہوم گارڈوں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے ۔