بدھ کو اکولہ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت کا قومی ریکارڈ بن گیا، ۴۲ء۸؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ناسک میں گرمی کی شدت میں اضافہ ، مالیگائوں میں۲؍دن کے وقفے سے پانی کی سپلائی۔
EPAPER
Updated: March 28, 2024, 11:54 PM IST | Agency | Akola
بدھ کو اکولہ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت کا قومی ریکارڈ بن گیا، ۴۲ء۸؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ناسک میں گرمی کی شدت میں اضافہ ، مالیگائوں میں۲؍دن کے وقفے سے پانی کی سپلائی۔
ہولی گزرنے کے بعد اب ریاست بھر میں گرمی کا زور بڑھنے لگا ہے۔ پچھلے تین چار دنوں سے درجہ حرارت بڑھنا شروع ہوا ہے اور اگلے چند دنوں میں ریاست موسم گرم ہونے کے آثار ہیں۔ ودربھ اور مراٹھواڑہ کے ساتھ ساتھ وسطی مہاراشٹر میں درجہ حرارت میں اضافہ جاری ہے۔ بدھ کو اکولہ میں ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت۴۲ء۸؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پیش گوئی کی گئی ہے کہ اگلے دو روز تک درجہ حرارت میں اضافہ جاری رہے گا اور رات کے درجۂ حرارت میں بھی اضافہ ہوگا اور گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں گرمی کی صورتحال برقرار ہے۔ اس لئے گزشتہ چار پانچ دن سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ زیادہ سے زیادہ اورکم سے کم درجۂ حرارت میں اضافے کا رجحان اگلے دو دنوں تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ اکولہ، امراؤتی، بلڈانہ، وردھا، ایوت محل ، بیڑ، ناندیڑ، پربھنی، جلگاؤں، مالیگاؤں اور شولاپور میں بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۰؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے دو دنوں تک جلگاؤں، ناسک، پربھنی، بیڑ، ناندیڑ، لاتور اور عثمان آباد اضلاع میں رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، اس لئے اگلے دو دنوں تک ودربھ، مراٹھواڑہ اور وسطی مہاراشٹر کے کچھ اضلاع کو دن اور رات میں ناقابل برداشت گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اورنگ آباد میں اس سال سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جہاں چھترپتی سمبھاجی نگر میں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۹ء۵؍ڈگری سیلسیس تک چلا گیا۔ رواں سیزن میں پہلی بار درجہ حرارت۳۹؍ ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ دوپہر کے وقت گرمی جسم کو جھلسا رہی تھی، پنکھوں سے گرم ہوا آرہی ہے۔ دن اور رات کی گرمی میں اضافے سے شہری پریشان ہیں۔ یہاں۲۲؍ مارچ کو درجۂ حرارت۳۵ء۵؍ ڈگری تھا۔۵؍ دنوں میں اس میں۴؍ ڈگری کا اضافہ ہوا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے ۵؍ دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۸؍ سے۴۱؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔
جہاں ایک طرف گرمی میں اضافہ ہوتا جارہاہے ، وہیں دوسری جانب ذخائر آب میں محفوظ پانی اور موسم کی مناسبت سے درکارپانی سے متعلق سرکاری انتظامیہ منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔شمالی مہاراشٹر کےاضلاع جلگائوں، دھولیہ اور ناسک میں جہاں شدید گرمی ہوتی ہے وہاںاس موسم میں قلت آب کے مسائل بھی درپیش ہوتے ہیں۔ ان اضلاع میں مصنوعی اور قدرتی ذخائر آب کے جائزے کا عمل جاری ہے۔
اس ضمن میں میٹرو لوجیکل ڈپارٹمنٹ ڈسٹرکٹ ناسک سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق موسم گرما کے آغاز میں درجۂ حرارت تیزرفتاری سے بڑھتا جارہاہے۔ اس کی وجہ سے پورے ضلع میں شدید گرم ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ ۱۹؍مارچ کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۳۵ء۵؍ جبکہ ۲۷؍مارچ کو ۳۹ء۴؍ سیلسیسریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ ۴؍دنوں میں درجہ حرارت میں اضافے سے زبردست گرمی محسوس کی گئی ۔محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی بھی ہے۔
ناسک ضلع کے مشہور پال کھیڑ ڈیم کی صورتحال کو سمجھنے کیلئے جلج شرما(کلکٹرناسک)نے سرکاری محکمہ آب رسانی ومتعلقہ سرکاری افسران کے ساتھ دورہ کیا۔پال کھیڑ ڈیم سے منماڈ اور ایولہ کے علاوہ ۱۳۸؍گائوں میں پینے اوراستعمال کیلئے پانی فراہم کیاجاتاہے۔سرکاری محکمہ نشریات سے جاری تحریری معلومات کے مطابق منماڈ اور ایولہ سمیت دیگر شہروں کیلئے پال کھیڑ ڈیم سے ۲۶؍مارچ سے۹؍اپریل ۲۰۲۴ء کے درمیان سنچائی کیلئے پانی فراہم نہیں کی جائے گا۔
۲؍دن کے وقفے سے پانی کی سپلائی
شہری انتظامیہ کے محکمہ آب رسانی نے دعویٰ کیا ہےکہ گرنا ، ہری باری اور چنکاپورڈیموںمیں آئندہ ماہ جولائی کے وسط تک کا آبی ذخیرہ محفوظ ہے۔ اِن ڈیموں سے مالیگائوں کے شہریوں کو پانی فراہم کیاجاتا ہے۔ چنکاپورڈیم میں ۴۱؍فیصد ،ہرن باری ڈیم میں ۳۶؍فیصد اور گرنا ڈیم میں ۳۱؍فیصد ذخیرئہ آب مالیگائوں کیلئے مختص ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ جون میں بروقت مانسون نے دستک دی تو مالیگائوں کے شہریوں کو پانی کا قلت کاسامنا نہیں کرنا ہوگا اور انہیں بر وقت پانی کی فراہم کیاجائے گا۔ مانسونی کیفیت کے مد نظر مالیگائوں میں فی الحال ۲؍دن کے وقفےسے پانی دیا جارہاہے۔