اجیت پوار کا تمسخر اڑانے پر امول مٹکری نے راج ٹھاکرے کو’ سپاری باز‘اورمہاراشٹر کی سیاست کا ناکام ترین شخص قرار دیا تھااوریہ بھی کہا تھا کہ ’’سپاری بہادر کا کوئی احتجاج آج تک کامیاب نہیں ہواہے۔‘‘
EPAPER
Updated: July 31, 2024, 10:30 AM IST | Mumbai
اجیت پوار کا تمسخر اڑانے پر امول مٹکری نے راج ٹھاکرے کو’ سپاری باز‘اورمہاراشٹر کی سیاست کا ناکام ترین شخص قرار دیا تھااوریہ بھی کہا تھا کہ ’’سپاری بہادر کا کوئی احتجاج آج تک کامیاب نہیں ہواہے۔‘‘
یہاں این سی پی (اجیت پوار) کے ترجمان اور ایم ایل سی امول مٹکری کی گاڑی پر ایم این ایس کارکنان نے حملہ کیا ہے۔ اس حملے کا سبب امول مٹکری کا راج ٹھاکرے کے خلاف دیاگیا بیان بتایاجارہاہے۔ مٹکری نے راج ٹھاکرے کو سپاری باز کہا تھا۔جس پر اکولہ ایم این ایس کے کارکنان نے پرتشدد ردعمل ظاہر کیا اور منگل کو مٹکری کی گاڑی پر حملہ کردیا۔ حملے کا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میںایم این ایس کارکنان ریسٹ ہاؤس سے باہر آتی ہوئی گاڑی پر گملے اور پتھر پھینک رہے ہیں۔ اس باعث گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔
امول مٹکری نے اس حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اے بی پی ماجھا سے کہا کہ ’’میں ایسے حملے پر توجہ نہیں دیتا،انہیں لگتا ہے کہ وہ حملہ کرکے اقتدار میں آجائیں گے تو یہ ان کی خام خیال ہے۔‘‘انہوں نے بتایا کہ’’یہ حملہ اکولہ گورنمنٹ ریسٹ ہاؤس کے باہر کیا گیا ہے۔ ایم این ایس کارکنان وہاں موجود تھے۔ انہوں نے مجھ پر حملہ کرکے مجھے ڈرانے کی کوشش کی ۔ لیکن ایسا کرکے کچھ ملنے والا نہیں ہے۔ وہ ڈرپوک لوگ ہیں۔ ایسی غنڈہ گردی مہاراشٹر میں چلے گی نہیں۔ میں نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔‘‘
راج ٹھاکرے نے پیر کو پونے میں منعقدہ پریس کانفرنس میں موسلادھاربارش کے دوران کئی علاقے زیر آب آنے کے متعلق حکومت پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے اجیت پوار کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اجیت پوار کے پونے میں نہ ہونے کے باوجود ڈیم بھرگیا...‘‘ اس پر امول مٹکری نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے راج ٹھاکرے کو سپاری باز کہا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ’’ٹول اور لاؤڈاسپیکر آندولن کرنیوالے سپاری بہادر اجیت پوار کے متعلق کچھ نہ کہیں۔سپاری بہادر کا کوئی احتجاج آج تک کامیاب نہیں ہوا ہے۔ راج ٹھاکرے ، این ڈی آر ایف کا فل فارم نہیں بتاسکے ، یہ سب سے بڑا مذاق ہے۔‘‘ مٹکری نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’راج ٹھاکرے اپنی ساکھ گنواچکے ہیں۔ مہاراشٹر کی سیاسی تاریخ کےناکام ترین شخص کے ذریعہ اجیت پوار کی کارکردگی پر سوال قائم کرنا سورج کو چراغ دکھانے جیسا ہے۔‘‘