امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں انکشاف،سرپرست کمپنی ’میٹا‘ نفرت انگیز مواد( کنٹینٹ) کو لگام دینے میں ناکام۔
EPAPER
Updated: December 05, 2024, 6:54 PM IST | New Delhi
امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں انکشاف،سرپرست کمپنی ’میٹا‘ نفرت انگیز مواد( کنٹینٹ) کو لگام دینے میں ناکام۔
امریکہ کے مشہور تھنک ٹینک سینٹر فار دی اسٹڈی آف آرگنائزڈ ہیٹ (سی ایس او ایچ) کی ایک رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہےکہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں گئورکشک، انتہا پسندانہ کنٹینٹ کو فروغ دینے، اقلیت مخالف تشدد پر فخر جتانے اور فنڈس اکٹھا کرنے کے لئے انسٹاگرام کا سہارا لے رہے ہیں۔مکتوب میڈیا کے مطابق، سی ایس او ایچ نے اپنی رپورٹ بعنوان’’اسٹریمنگ وائلنس: ہائو انسٹاگرام فیز کاؤ ویجیلنٹزم ان انڈیا‘‘ میں ہندوستان میں گئو رکشا میں ملوث افراد اور تنظیموں کے ایک ہزار ۲۳ انسٹاگرام اکاؤنٹس کا سراغ لگایا اور ان کا تجزیہ کیا۔ گائے کی حفاظت کے نام پر گزشتہ برسوں میں ملک میں متعدد ہجومی تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں سے بیشتر ۲۰۱۴ء میں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد رپورٹ کئے گئے۔
تھنک ٹینک نے ’’تشدد، نفرت، اور استحصال‘‘ کے زمرے کے تحت ’’تشدد، موت، یا شدید چوٹ دکھانا‘‘ کے آپشن کو منتخب کرکے گئو رکشکوں کے ذریعہ واضح تشدد دکھانے والی کل ۱۶۷ انسٹاگرام پوسٹس کی شناخت کی۔ رپورٹ کے مطابق، انسٹاگرام پر ہزاروں اکاؤنٹس، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نفرت انگیز مواد کو فروغ دینے، اقلیتوں کے خلاف تشدد کی کارروائیوں کی تشہیر اور گئورکشکوں کے ذریعے تشدد پر فخر جتانے کیلئے استعمال کئے جارہے ہیں۔ سب سے زیادہ فالو کئے جانے والے ۵۰ اکاؤنٹس میں سے ۹ ؍اور مجموعی طور پر ۱۰۲۳ ؍اکاؤنٹس میں سے ۷۱؍ کے یوزرنیم میں بجرنگ دل لکھا ہے۔رپورٹ میں ایسے مواد کے لائیو اور آرکائیو لنکس پیش کئے گئے ہیں جس میں گئو رکشکوں کا تشدد دکھایا گیا ہے۔ ان پوسٹس اور ریلز کو لاکھوں صارفین نے دیکھا ہے۔ انسٹاگرام کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزیوں کے باوجود، میٹا نے ایسی ایک بھی پوسٹ کو ڈیلیٹ نہیں کیا ہے۔ رپورٹ میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ ۸۳۴ ؍اکاؤنٹس کی لوکیشن کا بآسانی پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ ان میں ۷۹۳ ؍ اکاؤنٹس بی جے پی ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ۳۲۰؍ اکاؤنٹس، ہریانہ سے فعال ہیں جہاں بی جے پی کی حکومت ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی درج ہے کہ ان گروپوں کو بی جے پی ریاستوں میں تحفظ ملتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، میٹا، اپنے پلیٹ فارمز پر گئو رکشک تنظیموں کے ذریعہ پرتشدد مواد کے پھیلاؤ کو روکنے، اپنی کمیونٹی کے رہنما خطوط کو نافذ کرنے اور ہندوستانی تناظر میں ایسے مواد کے حقیقی دنیا میں سنگین نتائج کی ذمہ داری قبول کرنے میں بری طرح ناکام ہوا ہے۔ سی ایس او ایچ کے بانی اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر رقیب حمید نائیک نے مکتوب میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے میٹا سے گئو رکشک تنظیموں اور دیگر متعلقہ ہندو قوم پرست گروپس جیسے بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کو ’’خطرناک تنظیموں‘‘ کے طور پر نامزد کرنے کی درخواست کی ہے۔ رپورٹ میں میٹا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ رپورٹ میں بتائے گئے تمام گئو رکشک اکاؤنٹس کے لئے ’گفٹ‘فیچر کو فوری طور پر غیر فعال کرے۔ اس سے ان کی فنڈنگ میں کمی آئے گی اور تشدد کم ہو گا۔