• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

علی باغ : سمندر میں پھنسے جہاز کے عملے کو بچا لیا گیا

Updated: July 27, 2024, 10:51 AM IST | Siraj Shaikh | Mumbai

۱۴؍افراد کوبچانے کیلئے کوسٹ گارڈ نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو مشن انجام دیا۔

A coast guard and police team can be seen along with the ship`s crew on the beach at Alibagh. Photo: INN
علی باغ کے ساحل پر جہاز کے عملہ کے ساتھ کوسٹ گارڈ اور پولیس ٹیم دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر : آئی این این

جے ایس ڈبلیو کمپنی کا جہاز جمعرات(۲۵؍جولائی) کو علی باغ کے سمندر میں بھٹک کر پھنس گیا تھا۔ یہ جہاز دھرمتر سے کوئلہ لے کر جے گڑھ کی طرف جارہا تھا۔ جہاز کے تمام ملاح محفوظ ہیں اور پھنسے ہوئے ملاحوں کو کوسٹ گارڈ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ کوسٹ گارڈ اور رائے گڑھ پولیس نے مشترکہ طور پر بچاؤ آپریشن کیا۔ تمام ملاحوں کو تقریباً ۲۱؍ گھنٹے بعد بچا لیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق خراب موسم، تیز ہواؤں اور اندھیرے کی وجہ سے جہاز بھٹک کر علی باغ کے  قلا بہ قلعہ کے عقب میں آ کر پھنس گیا تھا۔  بڑی کوششوں کی بعداسے لنگر انداز کر دیا گیا۔ اس جہاز پر۱۴؍  ملاح سوار تھے۔ تمام ملاحوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے علی باغ کے ساحل پر پہنچا دیا گیا ہے۔ ان تمام ملاحوں کا تعلق ملک کی ۱۰؍ مختلف ریاستوں سے ہے۔ انہیں طبی معائنہ کے لئے علی باغ کے سرکاری اسپتال بھیجا گیا ہے۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سومناتھ گھارگے نے بتایا کہ تمام ملاحوں کو جے ڈبلیو کمپنی انتظامیہ کی تحویل میں دے دیا  جائے گا۔
جہاز کا ایک حصہ ٹوٹنے سے پانی بھرنے لگاتھا
جہاز کے کپتان نے دیکھا کہ جمعرات کی دوپہر ایک بجے کے قریب خراب موسم کے سبب انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی ۔کپتان نے جہاز کو بچانے کی کوشش کی۔ تاہم خراب موسم اور اندھیرے کی وجہ سے جہاز بھٹک گیا اور سمندری لہروں میں پھنس گیا۔ اس کے بعد کیپٹن نے جہاز پر سےکنٹرول کھو دیا اور جہاز قلعے کے عقب میں ایک  چھوٹی چٹان سے ٹکرا گیا۔ جس کی وجہ سے جہاز کا نچلا حصہ پھٹ گیا ہے اور اس میں پانی داخل ہونے لگا۔  کپتان نے کوسٹ گارڈ کو حالات سے مطلع کیا۔اس طرح کوسٹ گارڈ اور رائے گڑھ پولیس کی مستعدی اور مشترکہ کوششوں کے سبب  کامیاب ریسکیو آپریشن انجام دیا گیا اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK