سورا بھاسکر، ثانیہ مرزا ، گوہر خان ، ملائکہ اروڑہ، نورا فتحی، ترپتی ڈمری ، رادھیکا آپٹےاور دیگر نے سوشل میڈیا پوسٹ کئے۔
EPAPER
Updated: May 28, 2024, 11:28 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
سورا بھاسکر، ثانیہ مرزا ، گوہر خان ، ملائکہ اروڑہ، نورا فتحی، ترپتی ڈمری ، رادھیکا آپٹےاور دیگر نے سوشل میڈیا پوسٹ کئے۔
رفح کے پناہ گزیں کیمپ پرپیر کو اسرائیل کے وحشیانہ حملے میں ۴۵؍ سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ اس ظالمانہ کارروائی کی دنیا بھر میں مذمت کی جارہی ہے۔ اہل ہندوستان بھی اسرائیل کی خونریزی سے تڑپ اٹھے ہیں۔اس سلسلے میں نامور ہندوستانی شخصیات نے ’آل آئز آن رفح (سبھی کی نگاہیں رفح کی طرف)‘کے ہیش ٹیگ کے تحت فلسطینیوں سے اظہار یگانگت شروع کیا ہے۔ انسٹاگرام پر’آل آئزآن رفح‘کے وائرل گرافک کو ٹینس اسٹارثانیہ مرزا، اداکارہ سورابھاسکر، گوہرخان، دیا مرزا، ملائکہ اروڑہ، حنا خان ، نورا فتحی ،ترپتی ڈمری، بھومی پیڈنیکر ،رادھیکا آپٹے، ایمی جیکسن ،نامور کامیڈین ویرداس، نکول مہتا، گلوکارہ شلپا راؤ،روہت شما کی اہلیہ رتیکا سجدیہہ او ردیگر نے نہ صرف شیئر کیا ہے بلکہ اسرائیلی خونریزی روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’انڈیا اتحاد کی سرکار میں زرعی اشیاپر جی ایس ٹی نہیں ہوگا‘‘
جنوبی ہند کی اداکارہ سامنتھا نے جو تصویرشیئر کی ہے اس پر درج ہے کہ ’’رفح پر یہ تازہ حملہ عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد ہوا ہے۔یہ ہولناکی الفاظ میں بیاں نہیں ہوسکتی،اسے اب روکنا چاہئے۔ جنگ بندی کی جائے۔‘‘اداکارہ سورا بھاسکر جو مسلسل اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز بلند کرتی رہتی ہیں نے لکھا ہے کہ ’’میرے پاس کہنے کو الفاظ نہیں ہیں، دل سے فقط بددعائیں نکل رہی ہیںان کیلئے جنہوں نے یہ ظالمانہ حملہ کیا،جنہوں نے اس کو شہ دی، جنہوں نے مالی تعاون دیا،ان حملوں کی حمایت کی اور ان کیلئے بھی بددعائیں جنہوں نے ایسے حملوں کو جائز ٹھہرانے کیلئے بیانیہ گڑھا اور ان کارروائیوں کا جشن منایا۔‘‘