• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہریانہ میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے قبل ہی کامیابی کیلئے تمام پارٹیاں سرگرم

Updated: May 18, 2022, 10:30 AM IST | sirsa

موسم کے ساتھ ہی سیاست کا بھی درجہ حرارت بڑھا،ایک ہی دن بی جے پی، جے جے پی، کانگریس اور ’آپ‘ کی الگ الگ جگہوں پرریلیاں، کوئی اپنا قلعہ بچانے تو کوئی قلعہ حاصل کرنے کیلئے بے چین

manohar lal khattar
منوہر لال کھٹر

: ہریانہ میںپنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کا اشارہ ملتے ہی سیاسی پارٹیاں سرگرم ہوگئی ہیں اور ریلیوں کا موسم شروع ہو گیا ہے۔اس کی وجہ سے موسم کے ساتھ ہی ریاست کا سیاسی درجہ حرارت بھی کافی بڑھ گیا ہے۔اس الیکشن نے تمام بڑی پارٹی کے لیڈروں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ یہی سبب ہے کہ ۲۹؍ مئی کو ایک ہی دن ریاست کی ۴؍ پارٹیوں کی ریلیاں ہوں گی۔ اُس دن  حکمراں  بی جے پی، اس کی اتحادی جن نائک جنتا پارٹی، پنجاب  میں اپوزیشن میں آنے کے بعد کانگریس اور اقتدار میں آنے کے بعد عام آدمی پارٹی ریلی کرکےاپنی زمین بچانے اور اپنے پاؤں پسارنے کی کوشش کر رہی  ہیں۔ یہاں یہ واضح رہے کہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے ابھی تک تاریخوں کاباقاعدہ اعلان نہیں ہوا ہے البتہ ریاستی حکومت نے گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صرف اتنا ہی کہا ہے کہ ان انتخابات کیلئے راستہ صاف ہوگیا ہے۔ یہاں پر ڈیڑھ سال قبل ہی الیکشن ہوجانا چاہئے تھا لیکن بعض رکاوٹوں کی وجہ سے یہ معاملے آگے بڑھتا رہا ہے۔ سال کی ابتدامیں کچھ اس طرح اشارے ملے تھے کہ اپریل کے آخری ہفتے میں الیکشن ہوگا لیکن اب ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ الیکشن جون یا پھر جولائی میں ہوسکتا ہے۔ 
 اطلاعات کے مطابق بی جے پی نے۲۹؍ مئی کو سرسا ضلع کے اوڑھاں گاؤں میں ایک بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا ہے۔ بی جے پی نےریاست کی اپنی اتحادی جماعت ’جے جے پی‘ کو اس تقریب سے دور رکھا  ہے، اسلئے  جے جے پی نے اسی دن ٹوہانہ قصبہ میں اپنی ریلی کااہتمام کیا ہے۔ اسے الگ الگ الیکشن لڑنے کی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جارہا ہے اور یہ خیال بھی کیاجارہا ہے کہ اندر ہی اندر دونوں جماعتوں میں ایک دوسرے پر سبقت پانے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔
 دوسری طرف ریاست کی اپوزیشن جماعت کانگریس بھی اسی دن فتح آباد کی سبزی منڈی میں جلسہ کرے گی اور لوگوں کو بتائے گی کہ وہ ریاست کیلئے کتنی اہم ہے جبکہ عام آدمی پارٹی نے بھی ۲۹؍ مئی ہی کو کروکشیتر میں ریاستی سطح کی ایک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ ہریانہ کے تئیں اس مرتبہ عام آدمی پارٹی نے بھی کچھ خواب پالے ہیں۔
  بی جےپی کے ضلعی صدر آدتیہ چوٹالہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر، ریاستی صدر اوم پرکاش دھنکر اور ان کے کئی ساتھی وزیر بی جے پی کی اوڑھاں ریلی سے خطاب کریں گے۔ جے جے پی کو ریلی سے دور رکھنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی کی ریلی ہے اور بی جے پی کی طرف سے ضلع وار ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے،  اس ریلی کو ’پرگتی ریلی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
 اسی طرح جے جے پی نے پارٹی کے ریاستی صدر نشان سنگھ کے آبائی شہر یعنی ٹوہانہ میں ایک ریلی کا اہتمام کیا ہے۔ اس ریلی کو پارٹی کے سابق ایم پی اجے چوٹالہ، نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ اور ان کی پارٹی سے وابستہ وزراء خطاب کریں گے۔
  بلدیاتی انتخابات میںکانگریس بھی اپنی کارکردگی کو بہتربنانے کیلئے ایڑی چوٹی کازور لگا رہی ہے۔ اسلئے۲۹؍ مئی کو ’ وِپکش آپ کے سمکش‘  یعنی ’اپوزیشن آپ کے سامنے‘ کے سلسلے کے تحت فتح آباد کے سبزی منڈی میں ایک ریلی کرے گی۔ بھوپندر سنگھ ہڈا،  اپوزیشن لیڈر ہونے کی وجہ سے اس بار کافی سرگرم ہیں۔ اس سے قبل وہ کروکشیتر، جند، فرید آباد، کرنال اور نوح میں عوامی جلسے کر چکے ہیں۔ حالانکہ پارٹی کے نئےریاستی صدر اُدے بھان کی صدارت میں  یہ پہلا جلسہ عام منعقد ہوگا۔
 عام آدمی پارٹی  کے مغربی ہریانہ زون کے ترجمان وریندر کمار ایڈوکیٹ نے کہا کہ کروکشیتر ریلی کو پارٹی کے قومی صدر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے علاوہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان، پارٹی کے ریاستی انچارج سشیل گپتا  کے ساتھ ہی  دہلی اور پنجاب کے کئی وزراء اور ذمہ داران بھی خطاب کریں گے۔ عام آدمی پارٹی کا خیال ہے کہ اسے ہریانہ میں بھی پنجاب کی کارکردگی کاانعام ملے گا اور وہ یہاں ایک بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔
 خیال رہے کہ ۲۰۱۹ء میں ہریانہ کی ۹۰؍ رکنی اسمبلی کیلئے ہونے والےانتخابات میں بی جے پی کو ۷؍ سیٹوں کے نقصان کے ساتھ ۴۰؍ سیٹیں ملی تھیں جبکہ کانگریس کو ۱۶؍ سیٹوں کے فائدے کےساتھ ۳۱؍ سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔ نئی پارٹی کے طور پر قسمت آزمانے والی جے جے پی کو۱۰؍ سیٹیں مل گئی  تھیں جو الیکشن بعد بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت میں شامل ہوگئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK