اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے میٹنگ کے بعد کہا کہ ’’حکومت جو بھی اقدام کرے گی ہم اس کی حمایت کریں گے ‘‘،آج جموں کشمیر کا دورہ کریں گے۔
EPAPER
Updated: April 25, 2025, 10:39 AM IST | Agency | New Delhi
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے میٹنگ کے بعد کہا کہ ’’حکومت جو بھی اقدام کرے گی ہم اس کی حمایت کریں گے ‘‘،آج جموں کشمیر کا دورہ کریں گے۔
پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے معاملے میں جمعرات کو پارلیمنٹ کی عمارت میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں کل جماعتی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جو تقریباً ۲؍ گھنٹے تک جاری رہی۔ اس میٹنگ میں وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت کئی لیڈروں نے شرکت کی۔ آل پارٹی میٹنگ میں شرکت کے بعد راہل گاندھی نے میڈیا سے خطاب میں واضح طور پر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف تمام پارٹیوں میں اتفاق رائے ہے۔ اپوزیشن حکومت کے کسی بھی اقدام کی مکمل حمایت کرے گا۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے جسے مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے کئی سطحوں کی حکمت عملی اپنانی ہو گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی روکنے کے سلسلے میں اپنی حکمت عملی اپوزیشن پارٹیوں پر واضح کرے۔
واضح رہے کہ میٹنگ سے پہلے اپوزیشن پارٹیوں نے مطالبہ کیا تھا کہ وزیر اعظم مودی اس اجلاس کی صدارت کریں لیکن حکومت نے مطالبہ تسلیم نہیں کیا اور صدارت راجناتھ سنگھ نے ہی کی۔ اس میٹنگ کے بعد اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کی غیر موجودگی پر تو کچھ نہیں کہا لیکن اعلان کیا کہ وہ جمعہ کو کشمیر کے اننت ناگ کا دورہ کریں گے جہاں وہ حملے میں زخمی ہونے والے سیاحوں سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق راہل گاندھی اننت ناگ میں مختصر قیام کے بعد سری نگر پہنچیں گے جہاں وہ کانگریس پارٹی کی جانب سے منعقدہ ایک اجلاس میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ اس آل پارٹی میٹنگ میں پہلگام حملے میں فوت ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔آل پارٹی میٹنگ سے پہلے امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ اور ایس جے شنکر نے علاحدہ میٹنگ کی تھی۔ ا س کے بعد تینوں ہی لیڈران نے میٹنگ میں اپوزیشن لیڈروں کو حکومت کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔