گوریگاؤں آتشزدگی سانحہ کے بعد وزیر اعلیٰ کا اعلان، سروے کیلئے خصوصی افسر کے تقررکا بھی حکم دیا۔ نگراں وزیر نے ۱۵؍ دنوں میں آتشزدگی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
EPAPER
Updated: October 09, 2023, 10:51 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
گوریگاؤں آتشزدگی سانحہ کے بعد وزیر اعلیٰ کا اعلان، سروے کیلئے خصوصی افسر کے تقررکا بھی حکم دیا۔ نگراں وزیر نے ۱۵؍ دنوں میں آتشزدگی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
گوریگاؤں آتشزدگی سانحہ کے بعد وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے جلد ہی ’زوپو‘ اسکیم کے تحت سلم ری ہیبلیٹیشن اتھاریٹی(ایس آر اے) کی سبھی عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کرنے کا حکم دیا ہے اور اس سروے کیلئے ایک خصوصی افسر کو بھی مقرر کرنےکی ہدایت دی ہے۔ اسی دوران ممبئی مضافات کے نگراں وزیر منگل پربھات لودھا نے بھی گوریگاؤں کی عمارت کاجائزہ لیا اور آتشزدگی کی جانچ کیلئے کمیٹی تشکیل دینے اور ۱۵؍ دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ ایسے اقدام کر یں جس سےآتشزدگی کے حادثات میں دھوئیں کے سبب دم گھٹنے سے اموات کو روکا جاسکے۔واضح رہے کہ ۶؍ اکتوبر کو گوریگاؤں کے علاقے اننت نگر میں واقع جے بھوانی ایس آر اےبلڈنگ میں بھیانک آتشزدگی میں ۷؍ افراد ہلاک اور ۶۲؍ افراد زخمی ہو گئے تھے جن میں سے ۳۷؍ افراد جوگیشوری کے ٹراما کیئر اسپتال،کوپر اسپتال،کستوربا اسپتال،سیون ہلس اسپتال، لائف لائن میڈیکل اسپتال، ماتوشری گومتی اسپتال اور سویدھا اسپتال میں اب بھی زیر علاج ہیں ۔مذکورہ عمارت میں ’بھانڈی‘کی پھیری کرنے والوں کی اکثریت ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایات
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ایس آر اے کی تمام عمارتوں کافائرسیفٹی آڈٹ کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔ اس مقصد کیلئے ایک خصوصی افسر بھی مقرر کیا جائے گا۔ ا نہوں نے یقین دلایا کہ عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ اور مضبوطی کی جانچ کی جائے گی۔ سانحہ کے بعد وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل کے ساتھ جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا اور اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت بھی کی تھی۔
سنیچر کو وزیر اعلیٰ نے اپنی سرکاری رہائش گاہ ورشا پر مہلوکین اورمتاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور یہ بتایا تھا کہ آتشزدگی میں ان کا سب کچھ ختم ہو چکا ہے ۔ بعدازیں وزیراعلیٰ نے انہیں ۵۰، ۵۰؍ ہزار روپے امداد دینے کا یقین دلایا تھا۔ اس کے علاوہ مرکز اور ریاست کی جانب سے مہلوکین کے اہل خانہ کیلئے ۵،۵؍ لاکھ ریاست اور۲، ۲؍ لاکھ مرکز کی جانب سے اس طرح کل ۷،۷؍لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
حادثہ کے پیش نظر ممبئی مضافاتی کے نگراں وزیر منگل پربھات لودھا اور ممبئی شہر کے نگراں وزیر دیپک کیسرکر نے گزشتہ روز جائے حادثہ کا معائنہ کیا تھا اور آتشزدگی کے اس واقعہ میں زخمی ہونے والے مریضوں کی جوگیشوری کے ٹراما کیئر اسپتال جاکر عیادت بھی کی تھی۔اس موقع پر کانگریس کے سابق رکن پارلیمان سنجے نروپم بھی موجود تھے۔
منگل پربھات لودھا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاتھا کہ جے بھوانی ایس آر اے بلڈنگ میں آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے ممبئی کے میونسپل کمشنر کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور انہیں ۱۵؍ دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اموات دھوئیں سے دم گھٹنے کے سبب ہوئی ہے اس لئے میونسپل کمشنر کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایسے ضروری اقدامات کریں کہ آئندہ آتشزدگی میں دم گھٹنے سے موت نہ ہو۔
اس طرح کےحادثات روکنے کے اقدام کرنے کی ہدایت
ممبئی شہر کے نگراں وزیر دیپک کیسرکر نے میونسپل کارپوریشن اور کلکٹر کو ایس آر اے کی عمارتوں میں اس طرح کے حادثات کی روک تھام کیلئےچوکس رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
جائے حادثہ کے دورہ کے بعد سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے عہدیداروں سے بات چیت کے بعد واقعہ کا جائزہ لیا جبکہ رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے ڈاکٹر سے گفتگو کی تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ مریضوں کاٹھیک طرح سے علاج ہو رہا ہے یا کوئی پریشانی ہے۔