نتیش حکومت نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ۱۶؍ انجینئروں کو معطل کردیا۔
EPAPER
Updated: July 06, 2024, 9:52 AM IST | Agency | Patna
نتیش حکومت نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ۱۶؍ انجینئروں کو معطل کردیا۔
بہار کے سابق نائب وزیر اعلی اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے جے ڈی یو پر سخت حملہ کیا ہے۔ پٹنہ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے بہار میں گررہے ُ پلوں کے بارے میں کہا کہ جتنے بھی پل گر رہے ہیں، وہ سب جے ڈی یو اور بی جے پی اتحاد کے دور حکومت میں بنے ہیں۔ اپنے ۱۸؍ ماہ کے دور میں ہم نے جن پلوں کو منظوری تھی، وہ تو اب بننے شروع ہوں گے یا ٹینڈر کے عمل میں ہوں گے۔بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ جب میں نے محکمہ سنبھالا تو محکمہ میں پیسہ لانے میں چھ سے آٹھ مہینے لگے۔ ۱۸؍ماہ کے علاوہ جے ڈی یو کے پاس ۱۷؍ سے ۱۸؍ سال تک دیہی امور کا محکمہ تھا۔ پل گر رہے ہیں، نیٹ اور بھرتی کے پیپر لیک ہو رہے ہیں، مجرمانہ واقعات ہو رہے ہیں، بدعنوانی ہو رہی ہے، ڈبل انجن والی حکومت ہے کرپشن میں ملوث ہے لیکن اس پر کوئی کچھ نہیں بول رہا ہے۔تیجسوی یادو نے کہا کہ ڈبل انجن والی حکومت کا کھیل حیرت انگیز ہے۔ ایک انجن کرپشن میں لگا ہوا ہے، ایک انجن جرائم میں مصروف ہے۔ یہ ڈبل انجن والی حکومت ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ جن لوگوں کے پرچے لیک ہو رہے ہیں، جن لوگوں نے بے روزگاری بڑھائی، مہنگائی بڑھائی، جن لوگوں کے دور حکومت میں پل گرے، بہار کے لوگ انہیں اقتدار میں واپس نہیں لوٹنے دیں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کے بعد انہوں نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ۱۵؍دنوں میں ۱۲؍ پلوں کا گرنا کوئی عام واقعہ نہیں ہے۔ یہ کرپشن کی انتہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ریاستی حکومت کے دیہی امور محکمے کے وزیر اشوک چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ پہلے یہ محکمہ آر جے ڈی کے پاس تھا اور تیجسوی یادو اس کے وزیر تھے۔ جب جے ڈی یو کو یہ محکمہ ملا ہے تو اس وقت انتخابات کا اعلان ہو گیا تھا یعنی ضابطہ اخلاق نافذ تھا۔ یعنی اس محکمہ میں ہم نے کام ہی نہیں کیا تو بتائیں کہ اس کا ذمہ دار کون ہے؟ دوسری طرف اس معاملے میں مسلسل پُلوں کے گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے نتیش حکومت نے یہ بریج بنانے والے ۱۶؍ انجینئروں کو معطل کردیا ہے۔ معطلی کے احکامات پلوں کی ابتدائی آڈٹ رپورٹ کے بعد جاری کئے گئے ہیں۔ ساتھ ہی نتیش حکومت نے اس معاملے میں تفصیلی تفتیش کے احکامات بھی جاری کردئیے ہیں۔