امریکہ میں گرفتار کئے گئے افغان شہری سے ایران نے لاتعلقی کا اظہار کیا ، سازش میں صہیونی ہاتھ ہونے کا الزام۔
EPAPER
Updated: November 10, 2024, 11:22 AM IST | Tehran
امریکہ میں گرفتار کئے گئے افغان شہری سے ایران نے لاتعلقی کا اظہار کیا ، سازش میں صہیونی ہاتھ ہونے کا الزام۔
محکمہ انصاف کی جانب سے نو منتخب امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزام میں ایرانی پاسداران انقلاب سے وابستہ ایک شخص کی گرفتاری کے اعلان کے بعد تہران نے اس معاملے سے مکمل لا تعلقی کا اعلان کیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک بیان میں زور دے کر کہا ہے کہ اس طرح کے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ الزام کہ ان کا ملک سابق یا موجودہ امریکی عہدیداروں پرقاتلانہ حملے میں ملوث تھا ایک مکروہ سازش ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’امریکہ کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پیدا کرنے کے پیچھے صہیونی ہاتھ ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تہران اپنے عوام کے حقوق کیلئے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر تمام جائز اور قانونی ذرائع استعمال کرے گا۔
افغان شہری کی بھرتی
جمعہ کو امریکی محکمہ انصاف نے اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن پولیس نے ایک افغان شخص کو گرفتار کیا ہے جسے پاسداران انقلاب نے ٹرمپ کے قتل کے منصوبے کو انجام دینے کیلئے بھرتی کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کا نام فرہاد شاکری ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ اسے ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء کو ٹرمپ کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔