کنیڈا امریکہ کی درخواست پر۶۰؍ فائر فائٹرز کیلیفورنیا بھیجے گا۔ایران نےبھی امریکہ کو بڑی مدد کی پیشکش کی۔ مسک نے امکان ظاہر کیا کہ آگ کی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہوسکتی ہے۔
EPAPER
Updated: January 14, 2025, 12:30 PM IST | Agency | Ottawa
کنیڈا امریکہ کی درخواست پر۶۰؍ فائر فائٹرز کیلیفورنیا بھیجے گا۔ایران نےبھی امریکہ کو بڑی مدد کی پیشکش کی۔ مسک نے امکان ظاہر کیا کہ آگ کی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہوسکتی ہے۔
کیلیفورنیا میں لگی آگ کو بجھانے کیلئے عالمی برادری کی جانب مددکا ہاتھ بڑھایا گیا ہے۔ کنیڈا اور میکسیکو کی جانب سے پہلے دن سے ہی جنگلاتی آگ کو قابو میں کرنے کیلئے کوششیں کی جارہی تھیں۔ اب خبر ہے کہ امریکہ کی
کی درخواست پر کنیڈا۶۰؍ فائر فائٹرز بھیجے گا۔ کنیڈا کے ہنگامی تیاری کے وزیر ہرجیت سجن نے ایکس پر کہا ’’امریکی دوستوں نے جنگل کی آگ بجھانے میں مدد کی درخواست کی ہے۔ البرٹا اور بی سی سے۶۰؍ فائر بریگیڈ کےعملے کو منگل کو ہی تعینات کیا جائے گا اور ہم آنے والے دنوں میں مزید وسائل بھیجنے کی تیاری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہم اپنے پڑوسیوں کی مدد کر رہے ہیں۔‘‘
لاس اینجلس میں لگی خوفناک آگ پر قابو پانے کے لئے ایران کی جانب سے بھی امریکہ کو مدد کی پیشکش کی گئی ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ریڈ کراس کے سربراہ کلف ہولٹ کو لکھے گئے خط میں ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے امداد بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔ ایرانی ہلال احمر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے اپنے وسیع تجربے کے باعث ایرانی ہلال احمر متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر خصوصی ریپڈ ایکشن ٹیمیں اور ریسکیو سامان بھیجنے کیلئے تیار ہے۔ خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ پیر حسین کولیوند نے کلف ہولٹ کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔
آگ کی وجہ موسمیاتی تبدیلی : ایلون مسک
امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ کیلیفورنیا کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر آگ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے لگی ہے۔ مسک نے اس کا موازنہ ٹیکساس کی صورتحال سے کیا۔ `ایکس پر کہا کہ اگر موسمیاتی تبدیلی کی وضاحت درست ہوتی تو ٹیکساس کا جنگلات کا رقبہ کیلیفورنیا سے دوگنا ہوتا۔ یہاں اس سے دگنی آگ لگ چکی ہوتی جس سے گھر تباہ ہو جاتے۔ موسمیاتی تبدیلی بتدریج ہو رہی ہے۔لاس اینجلس کی آگ کو پھیلنے سے روکنے میں ناکامی، جھاڑیوں کی صفائی میں ناکامی، اور پانی کی مناسب فراہمی کو میں ناکامی، بدانتظامی ہے۔‘‘
دنیا کی سب سے بڑی لاٹری جیتنے والے کا بنگلہ بھی خاکستر
ایڈون کاسترو نامی شخص نے ۲۰۲۲ء میں ۲؍ ارب ڈالر کی لاٹری جیتی تھی، اس کے بعد اس نے ہالی ووڈ ہلز میں ۲؍ کروڑ ۵۰؍ لاکھ ڈالر کا بنگلہ خریدا تھا ۔یہ بنگلہ جنگلاتی آگ کی نذر ہوگیا۔ نیو یارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۲ء میں دنیا کی سب سے بڑی لاٹری جیتنے والے ایڈون کاسترو کا بھی اس بھیانک آگ میں بنگلہ خاکستر ہوگیاہے۔ ایڈون نے یہ بنگلہ ہالی ووڈ ہلز میں ۲؍ کروڑ ۵۰؍ لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔جو بدقسمتی سے لاس اینجلس میں لگنے والی خوفناک آگ کی نذر ہوگیا۔ آگ کی وجہ سے پورا علاقہ جلنے کے بعد ایڈوِن کاسترو کے بنگلے کے صرف ستون اور لکڑی کا کچھ سامان باقی رہ گیا ہے جس کی مالیت۳۸؍ لاکھ ڈالر ہے۔اس بنگلے میں پانچ بیڈرُومز اور چھ باتھ روم تھے۔ ایڈوِن کاسترو کو کیلی فورنیا لاٹری آفیشلز کی جانب سے ’پاوربال جیک پوٹ‘ کا ریکارڈ فاتح قرار دیا گیا تھا۔