• Sat, 26 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عمران خان کی رہائی کیلئے امریکی قانون سازوں نےبائیڈن کو خط لکھا

Updated: October 25, 2024, 10:28 AM IST | Washington

برطانوی موسیقاریوسف اسلام اور صنعتکار رچرڈ برینسن نے بھی سابق وزیراعظم کے حق میں  آواز اٹھائی۔

There is a global protest for the release of Imran Khan. Photo: INN.
عمران خان کی رہائی کیلئے عالمی سطح پر صدائے احتجاج بلند ہورہی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کیلئے امریکی ایوان نمائندگان نے آواز بلند کی ہے۔ غیرملکی خبررساں  ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ۶۰؍ سے زائد ایوان نمائندگان کے اراکین نے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھا، جس میں عمران خان سمیت پاکستانی جیلوں میں موجود سیاسی قیدیوں کی رہائی کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 
امریکی کانگریس کے رکن گریگ کیسر کی قیادت میں گروپ نے جو بائیڈن سے پاکستان کے حوالے سے امریکی پالیسی میں انسانی حقوق کو مرکزی حیثیت دینے کا مطالبہ کیا۔ اراکین نے لکھا کہ ہم عمران خان کی فوری رہائی اور پاکستان میں ان کی پارٹی کے اراکین کی بڑے پیمانے پر نظر بندی کے خاتمے کے مطالبے کی تائید کرتے ہیں، ہم آپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر پاکستانی حکومت سے عمران خان کی حفاظت کی ضمانت لے، اور امریکی سفارتخانے کے عہدیداروں پر جیل میں عمران خان سے ملاقات پر زور دیں۔ جم میک گورن اور سمر لی کی مشترکہ قیادت میں لکھے گئے اس خط پر ڈیموکریٹس جن میں راشدہ طلیب، الہان عمر، الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز، باربرا لی، بریڈ شرمین، ڈیبی واسرمین شولٹز اور رو کھنہ و دیگر نے دستخط کیے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ہم پاکستانی نژاد امریکی عوام کے ساتھ ساتھ ملک اور دنیا بھر میں کمیونٹی لیڈران اور منتخب عہدیداروں کے ساتھ مل کر پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایک حقیقی جمہوریت کی جدوجہد میں شامل ہوئے ہیں۔ گریگ کیسر نے ہی رواں سال فروری میں امریکی کانگریس کے تقریباً۳۰؍ اراکین کے ہمراہ صدر جو بائیڈن اور سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن کو۸؍فروری کو ہونے والے انتخابات کی شفافیت کے بارے میں اپنے خدشات سے متعلق خط لکھا تھا۔ گزشتہ روز موسیقار یوسف اسلام (کیٹ اسٹیونز) نے بھی عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، ایک ٹوئٹ میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک سال سے زائد عرصے سے غیر قانونی طور پر جیل میں قید رکھا گیا ہے، اب انہوں نے انہیں ۳؍ ہفتوں سے اندھیرے میں رکھا ہوا ہے اور انہیں چہل قدمی کی اجازت بھی نہیں ہے۔ برطانوی صنعتکار رچرڈ برینسن نے بھی عمران خان کیساتھ اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئےایکس پر انکی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK