• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’اندرا اور راجیو گاندھی پر قابل اعتراض تبصرہ کیلئے امیت مالویہ کو برخاست کیا جائے ‘‘

Updated: July 18, 2024, 10:06 AM IST | New Delhi

کانگریس جنرل سیکریٹری جئے رام رمیش کا بی جے پی صدر نڈا کو خط ، وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کی اعلیٰ قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ مالویہ جیسی ذہنیت کو پنپنے نہ دے

Amit Malviya has increased the difficulties of the BJP leadership through his controversial statement
امیت مالویہ نےاپنے متنازع بیان کے ذریعے بی جے پی قیادت کی مشکلیں بڑھادی ہیں

کانگریس نے بی جے پی صدر جے پی نڈا سے مطالبہ کیاہے کہ ملک کے ۲؍ سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قتل سے متعلق قابل اعتراض تبصرہ کرنے والے برسراقتدار پارٹی کے آئی ٹی سیل چیف امت مالویہ کو فوری طور پر برخاست کیا جائے۔ ساتھ ہی بی جے پی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ’غیر حساس‘ تبصرہ کیلئے ملک سے معافی مانگے۔ کانگریس جنرل سیکریٹر ی جئے رام رمیش نے اس تعلق سے ایک خط بی جے پی صدر جے پی نڈا کو  لکھا ہےجس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو مالویہ کے تبصرہ کو خارج کرنا چا ہئے۔یہ خط کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ’’میں بی جے پی کے آئی ٹی سیل چیف امیت مالویہ کے ذریعہ  کئے گئے حالیہ تبصرہ سے متعلق گہری فکر اور مایوسی کے ساتھ لکھ رہا ہوں۔ سابق وزرائے اعلیٰ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قتل کو لے کر کیا گیا ان کا تبصرہ نہ صرف انتہائی غیر حساس ہے، بلکہ تنگ ذہنی پر مبنی سیاسی فائدہ کے لئے افسوسناک تاریخی واقعات کو کمتر دکھانے کی کوشش بھی ہے۔ واضح رہے کہ امیت مالویہ نے یہ بیان دیا تھا کہ اندراگاندھی اور راجیو گاندھی کا قتل ان کے ذریعے کئے گئے سیاسی فیصلوں کی وجہ سے ہوا تھا ۔اس میں ملک کے مفاد  یا ملک کے لئے قربانی کی کوئی بات نہیں تھی ۔
 جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ایسے تبصرے نہ صرف ہمارے قابل احترام لیڈروں کی یادوں کو مسخ کرتےہیں بلکہ ملک میں سیاسی مباحث کے  لئے منفی ماحول بھی قائم کرتے ہیں۔  جے رام رمیش کے مطابق اندرا گاندھی نے چیلنج بھرے  وقت کے دوران ہمارے ملک کی سالمیت کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار نبھایا۔ راجیو گاندھی کی کوششوں سے امن معاہدے کی شروعات ہوئی جس سے جنگ سے متاثر  ہونے والے علاقوں میں استحکام پیدا ہوا۔ ان لیڈران کا قتل ہمارے ملک کی تاریخ کے سب سے سیاہ ابواب میں سے ایک ہے، ان کی وراثت کو کم کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے اور اس کی سخت مخالفت کی جائے گی۔جئے رام رمیش کا کہنا تھا کہ امن کی عالمی علامتیں اور ہمارے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے افسوسناک قتل کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرنا بھی ضروری ہے، جنہیں  اُسی ادارے کے ذریعہ بڑھائی گئی نفرت اور تقسیم کے نظریات کے ذریعہ مارا گیا تھا جو بی جے پی کی رہنمائی کرتا ہے۔  جے رام رمیش نے جے پی نڈا سے کہا کہ ’’اگر بی جے پی واقعی ملک کی تاریخ اور اس کے قائدین کا احترام کرتی ہے تو اسے امیت مالویہ کو برخاست کردینا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK