• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امیت شاہ میرے خلاف الیکشن جیت لیں تو میں سیاست چھوڑ دوں گا: ابھیشیک بنرجی

Updated: May 01, 2024, 2:47 PM IST | Inquilab News Network | Kolkata

ابھیشیک بنرجی کا چیلنج، ترنمول کانگریس کے نوجوان لیڈر نے کہا کہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ چاہتے ہیں کہ میں سیاست سے سنیاس لے لوں، اس کیلئے انہیں میرا چیلنج قبول کرنا ہوگا، جے شاہ کے حوالے سے بھی نشانہ بنایا۔

Abhishek Banerji. Photo: INN
ابھیشیک بنرجی۔ تصویر: آئی این این

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی کے بھتیجے اور ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر ابھیشیک بنرجی نے منگل کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو کھلا چیلنج دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امیت شاہ چاہتے ہیں کہ میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلوں تو اس کیلئے انہیں میرے خلاف الیکشن جیت کر دکھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈائمنڈ ہاربر آئیں اور میرے خلاف الیکشن لڑکر جیت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ (امیت شاہ) مجھے یہاں سے الیکشن میں ہراتے ہیں تو میں فعال سیاست سے ہمیشہ کیلئے سبکدوش ہو جاؤں گا۔ابھیشیک بنرجی نے اس کیلئے امیت شاہ کو تین متبادلات پیش کئے۔
ابھیشیک بنرجی متھرا پور سے اپنی پارٹی کے امیدوار باپی ہلدار کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمان ابھیشیک بنرجی نے امیت شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی خواہش ہے کہمیں فعال سیاست سے الگ ہوجاؤں تو میں چاہوں گا کہ آپ تین میں سے کسی ایک متبادل کاانتخاب کریں اور اسے پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ’’ پہلا متبادل یہ ہے کہ آپ ریاست کے  ایک لاکھ ۶۴؍ ہزار کروڑروپے کے واجبات فوری طورپر جاری کردیں۔اگر آپ ایسا کردیتے ہیں تو میں۲۴؍ گھنٹے کے اندر سیاست چھوڑ دوں گا۔ دوسرامتبادل ’پی ایم آواس یوجنا‘کا فنڈ جاری کروانا ہے۔اسی طرح سے تیسرامتبادل یہ ہے کہ آپ میرے خلاف الیکشن لڑیں اورجیت کردکھائیں۔ اگر آپ ایسا کرسکے تو میں ہمیشہ کیلئے سیاست کو خیربادکہہ دوں گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: عمرعبداللہ کا سیلاب متاثرین کو فوری معاوضہ دینے کا مطالبہ

ابھیشیک بنرجی نے امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ کا بھی ذکر کیا اور ان کے حوالے سے مرکزی وزیرداخلہ کونشانہ بنایا۔  خیال رہے کہ ایک دن قبل  امیت شاہ نے کہا تھا کہ ٹی ایم سی سپریمو ممتا بنرجی ابھیشیک بنرجی کو مغربی بنگال کا اگلا وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہیں۔ امیت شاہ کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ ہر کوئی امیت شاہ کے جیسا نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ آپ اپنے بیٹے کو بی سی سی آئی کا صدر بنانا چاہتے ہیں تو سمجھتے ہیں کہ ہرکوئی اسی طرح اپنے بچوں کو پروموٹ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہر کوئی آپ کے جیسا نہیں ہے۔ آپ کبھی بھی کسی تحریک کا حصہ نہیں رہے ہیں بلکہ آپ تو ایک ایسے شخص ہیں جو جیل بھی جاچکے ہیں،ایسے میں ہمیں آپ سے سیاسی اخلاقیات کی کوئی توقع نہیں ہے ، نہ ہی آپ سے کچھ سیکھنے کی  ضرورت  ہے۔‘‘ خیال رہے کہ  جے شاہ فی الحال ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری ہیں۔
امیت شاہ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ اپنے فائدے کیلئے سیاست میں ہیں لیکن ہم ایسا نہیں کرتے۔ ہم عوام کے مفادات کیلئے سیاست میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK