ممبئی دورے کے دوران وزیر داخلہ کی تینوں پارٹیوں کے لیڈران کے ساتھ میٹنگ، بی جے پی کے۱۵۰؍ امیدوار کھڑا کرنے کا اشارہ، ۱۲۵؍ سیٹیں جیتنے کا ہدف مقرر۔
EPAPER
Updated: September 10, 2024, 11:04 AM IST | Agency | Mumbai
ممبئی دورے کے دوران وزیر داخلہ کی تینوں پارٹیوں کے لیڈران کے ساتھ میٹنگ، بی جے پی کے۱۵۰؍ امیدوار کھڑا کرنے کا اشارہ، ۱۲۵؍ سیٹیں جیتنے کا ہدف مقرر۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اتوار اور پیر کو ممبئی کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے تاریخی حیثیت کا حامل ’لال باغ‘ کا راجا کے درشن کئے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ، نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فرنویس اور اجیت پوار سے ملاقات کی ۔ نیز جاتے جاتے مہایوتی لیڈران کی ایک میٹنگ سے خطاب کیا جس میں انہیں آپسی تنازعات سے بچنے اور ایک دوسرے کے خلاف بیان بیازی سے گریز کرنے کی تلقین کی۔
یاد رہے کہ امیت شاہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی گنیش چترتھی کے موقع پر خصوصی طور پر ممبئی پہنچے اور حسب روایت پریل علاقے میں لگنے والے ممبئی کے سب سے بڑے گنپتی پنڈال ’لال باغ کا راجا‘ جا کر درشن کئے۔ لیکن اس بات امیت شاہ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا جب مہا یوتی کے لیڈران ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں۔ کبھی وہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں تو کبھی اتحاد ختم کردینے کی بات کرتے ہیں۔ ایسی صورت میں سب کی نگاہیں امیت شاہ کے اس دورے پر تھی۔
اجیت پوار لال باغ کا راجا نہیں پہنچے
امیت شاہ کے دورے کے وقت بھی یہ چپقلش صاف نظر آئی جب پیر کو امیت شاہ لال باغ کا راجا کے درشن کیلئے پریل پہنچے تو ان کے ساتھ ایکناتھ شندے ، اور دیویندر فرنویس سمیت تمام بڑے لیڈران موجود تھے لیکن اجیت پوار غائب تھے۔ حالانکہ اجیت پوار ممبئی ہی میں تھے۔ اس سے مہایوتی کے تعلق سے جاری چہ میگوئیوں میں اضافہ ہو گیا۔ البتہ اتوار کی رات امیت شاہ ایکناتھ شندے، اجیت پوار اور ایکناتھ شندے ان تینوں سے ایک ساتھ ملاقات کر چکے تھے جہاں انہوں نے ریاست میں سرکاری اسکیموں کے نفاذ کے تعلق سے معلومات حاصل کی ۔ ساتھ ہی آئندہ اسمبلی الیکشن کے تعلق سے انہوں نے کچھ ہدایات جاری کیں۔ اس میں سب سے خاص بات یہی تھی کہ حکومت کے کئے گئے کاموں اور سرکاری اسکیموں کو عوام تک پہنچایا جائے۔
ایک دوسرے پر بیان بازی سے گریز کی تلقین
اطلاع کے مطابق امیت شاہ نے ممبئی سے دہلی روانہ ہونے سے قبل ایئر پورٹ سے قریب مہایوتی کے لیڈران کی اہم میٹنگ بلوائی جس میں انہوں نے سخت تلقین کی کہ کوئی بھی لیڈر مہایوتی میں شامل کسی دیگر لیڈر یا پارٹی کے تعلق سے کوئی متنازع بیان جاری نہ کرے۔ نہ ہی ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرے۔ امیت شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس مہایوتی کو قائم رکھنا ہے۔ ا س کیلئے ضروری ہے کہ ہر کوئی ایک دوسرے کا احترام کرے۔ اور حتی الامکان صبر سے کام لے۔ انہوں نے سمجھایا کہ بیان بازی کے سبب ایک دوسرے کی شبیہ خراب ہوگی جس کا نقصان مہایوتی کو ہوگا۔
بی جے پی ۱۵۰؍ سیٹوں پر الیکشن لڑے گی
امیت شاہ نے میٹنگ کے دوران اشارہ دیا کہ بی جے پی اسمبلی کی ۲۸۸؍ سیٹوں میں سے ۱۵۰؍ پر امیدوار کھڑا کرے گی جبکہ ایکناتھ شندے کی شیوسینا کو ۸۵؍ تا۹۰؍ سیٹیں دی جائیں گی اور اجیت پواری کی این سی پی کو ۵۵؍ تا ۶۰؍ سیٹیں۔ یاد رہے کہ دونوں ہی پارٹیوں ملنے والی تعداد ان کے مطالبے سے بہت کم ہے۔ این سی پی ۸۰؍ تا ۹۰؍ سیٹیں چاہتی تھی جبکہ شیوسینا ۱۰۰؍ تا ۱۲۰؍۔ ساتھ ہی امیت شاہ نے بی جے پی لیڈران کو ہدایت دی کہ وہ ۱۵۰؍ میں سے ۱۲۵؍ سیٹوں پر کسی بھی طرح جیتنے کی کوشش کریں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ایسے امیدواروں کو ٹکٹ دیا جائے جو جیتنے کے قابل ہوں۔ سوال یہ ہے کہ امیت شاہ کی اس میٹنگ کے بعد مہایوتی کی تینوں پارٹیاں ایک دوسرے پر حملہ کرنا بند کردیں گی یا انہیں بڑھا دیں گی کیونکہ سیٹوں کی تقسیم کا جو فارمولہ انہوں نے پیش کیا ہے وہ اپنے آپ میں شیوسینا اور این سی پی کو ناراض کرنے والا ہے۔ حالانکہ امیت شاہ نے اس پر تفصیلی گفتگو کا وعدہ کیا ہے۔ اس میٹنگ میں پرفل پٹیل بھی شریک تھے۔