Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیت شاہ کی مہاراشٹر کے عوام سے ہاتھ جوڑ کر گزارش

Updated: April 13, 2025, 10:09 AM IST | Raigarh

مرکزی وزیر داخلہ نے چھترپتی شیواجی کی ۳۴۵؍ ویں برسی پر اپیل کی کہ ’’ چھترپتی شیواجی کو صرف ایک ریاست تک محدود نہ رکھیں وہ پورے ملک بلکہ پوری دنیا کے ہیں‘‘

Eknath Shinde, Amit Shah, Devendra Fadnavis, Ajit Pawar and Uday Raje Bhosale (PTI)
ایکناتھ شندے، امیت شاہ، دیویندر فرنویس، اجیت پوار اور ادین راجے بھوسلے( پی ٹی آئی)

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سنیچر کے روز چھترپتی شیواجی کی ۳۴۵؍ ویں برسی پر مہاراشٹر پہنچے۔ یہاں انہوں نے رائے گڑھ کے قلعے پر جا کر مراٹھا حکمراں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ریاست کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے بھی موجود تھے۔ اور چھترپتی شیواجی کے خاندان سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان ادین راجے بھوسلے بھی موجود تھے۔ ا س موقع پر امیت شاہ نے کہا کہ ’’ میں مہاراشٹر کے لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں کہ وہ چھترپتی شیواجی کو ایک ریاست تک محدود نہ رکھیں۔ چھترپتی شیواجی پورے ملک کیلئے مشعل راہ ہیں۔‘‘
   یاد رہے کہ چھترپتی شیواجی کی سماجی کوکن کے رائے گڑھ میں واقع قلعے میں ہے۔ ان کے ۳۴۵؍ ویں یوم وفات پر امیت شاہ خصوصی طور پر رائے گڑھ آئے۔ امیت شاہ نے اپنے خطاب کے دوان کہا ’’  چھترپتی شیواجی کے یوم وفات پر مجھے خطاب کرنے کا موقع ملا اسے میں اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔ میں جیجا ماتا کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے صرف شیواجی کو جنم نہیں دیا بلکہ سوراج قائم کرنے کے تعلق سے ان کی رہنمائی بھی کی۔‘‘وزیر داخلہ نے کہا ’’ جو مہاراشٹر  عادل شاہ اور نظام شاہ کے قبضے میں تھا وہاں چھترپتی شیواجی نے ہندوی سوراج قائم کیا۔ میں یہاں تقریر کرنے یا سیاست کرنے نہیں آیا ہوں، بلکہ مجھے چھترپتی شیواجی کی یادگار سے نئی توانائی حاصل ہو اس غرض سے یہاں آیا ہوں۔‘‘ امیت شاہ نےکہا ’’ میں مہاراشٹر کے عوام سے ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں کہ چھترپتی شیواجی کو کسی ایک ریاست تک محدود نہ رکھیں۔  پورا ملک بلکہ پوری دنیا چھترپتی شیواجی سے رہنمائی حاصل کر سکتی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ اپنا مذہب، اپنی حکومت، اپنی زبان کی حفاظت کرنا ، یہ تینوں امور کسی ایک سرحد سے نہیں بلکہ انسان کی عزت نفس سے تعلق رکھتے ہیں۔ ‘‘
 اس موقع پرچھترپتی شیواجی کے خاندان سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان ادین راجے بھوسلے نے حکومت سے کچھ مطالبات کئے جن میں سب سے اہم یہ تھا کہ چھترپتی شیواجی، چھترپتی سمجھاجی اور جیجا ماتا کے تعلق سے توہین آمیز بیانات دینے والوں کے خلاف سخت قانون بنایا جائے۔ ایسے لوگوں کو ۱۰؍ سال قید کی سزا ہونی چاہئے۔ ان کا اشارہ پرشانت کورٹکر اور راہل شولاپورکر کی جانب تھا جن کے بیانات سے حال ہی میں تنازع کھڑا ہوا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ چھترپتی شیواجی کے زمانے کی تاریخ کو شائع کرنے کا اہتمام کیا جائے۔  نیز دہلی چھترپتی شیواجی کا مجسمہ نصب کیا جائے اور کرناٹک میں موجود شاہ جی راجے ( شیواجی کے والد) کی سمادھی کیلئے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت فنڈ فراہم کرے ۔وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ادین راجے بھوسلے نے جو مطالبات کئے ہیں ان کے تعلق سے ہماری حکومت سے گفتگو ہوئی ہے ۔ ہم جلد ان پر اقدامات شروع کریں گے۔ ‘‘ فرنویس نے کہا ‘‘چھترپتی شیواجی کی توہین کرنے والوں کو انگاروں پر لٹا دیا جانا چاہئے۔ لیکن ہم ایک جمہوری ملک میں رہتے ہیں اور یہاں جمہوریت کے مطابق ہی سزا دی جا سکتی ہے۔ ہم یقین طور پر چھترپتی شیواجی کی توہین کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دیں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ادین راجے نے چھترپتی شیواجی کے زمانے کی سچی تاریخ کو حکومت کی جانب سے مطالبہ کیا ہے ۔ ہمیں یہ مطالبہ درست معلوم ہوتا ہے اور ہم چھترپتی شیواجی کی تاریخ شائع کرنے کا کام کریں گے۔ 
  ایکناتھ شندے نے اپنی تقریر میں امیت شاہ کی اس بات پر تعریف کی کہ انہوں نے کشمیر سے دفعہ ۳۷۰؍ ہٹا دیا اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں۔ شندے نے تہوارا نا کو ہندوستا ن لانے کا سہرا بھی امیت شاہ کے سر باندھا اور کہا کہ تہوار رنا ہندوستان آچکا ہے ، اسے ممبئی بھی لایا جائے گا اس کے بعد پھانسی دی جائے گی۔  اس موقع پر رائے گڑھ کو پوری طرح سے چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ ہرطرف پولیس ہی پولیس نظر آ رہی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے بی جے پی حکومت کے بیشتر پروگرام تاریخ کے پس منظر میں منعقد کئے جا  رہے ہیں تاکہ ایک مخصوص طبقے کو ’متحد‘ کیا جا سکے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK