• Thu, 30 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہلی الیکشن میں امیت شاہ کی عام آدمی پارٹی اور کانگریس پر تنقید

Updated: January 29, 2025, 11:52 AM IST | Agency | New Delhi

بی جے پی نے پوری طاقت جھونکی، ایک دن میں ۴۰؍ سے زائد انتخابی ریلیاں،اُترپردیش کے وزیراعلیٰ بھی دہلی میں سرگرم۔

Union Home Minister Amit Shah and Member of Parliament Bansri Swaraj in a rally. Photo: INN
ایک ریلی میںمرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور رکن پارلیمان بانسری سوراج۔ تصویر: آئی این این

دہلی میں اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹنگ کے دن جوں جوں قریب آتے جا رہے ہیں، توں توں سیاسی جماعتوں کی  دھڑکنیں بڑھتی جارہی ہیں۔ اسی درمیان منگل کو بی جے پی نے ایک ساتھ ۴۰؍ سے زائد انتخابی  ریلیاں کیں جن میں وزیرداخلہ امیت شاہ اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جیسے بڑے لیڈران نے شرکت کی۔ اس دوران امیت شاہ نے ۲؍ روڈ شو اور ایک انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔
 اسی کے ساتھ سیاسی جماعتوں میں الزامات اور جوابی الزامات کا  سلسلہ بھی تیز ہوگیا ہے۔ منگل کو امیت شاہ نے ایک ساتھ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کو نشانہ بنایا۔ ان کی تنقید کا محور و مرکز عام آدمی پارٹی تھی جس نے ایک دن قبل الزام عائد کیا تھا کہ بی جے پی کی حکومت ایک سازش کے تحت جمنا ندی کے پانی میں زہر گھول رہی ہے۔ بی جے پی نے اس پر سخت رد عمل کااظہار کیا ہے۔
  خیال رہے کہ ایک دن قبل عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال اور دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے الزام لگایا  تھاکہ ہریانہ کی بی جے پی حکومت جمنا ندی کے پانی کو آلودہ کر رہی ہے، اس میں زہر ملایا جا رہا ہے۔ یہ وہ ندی ہے جس سےدہلی میں لاکھوں لوگوں کو پینے کیلئے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
  کیجریوال یہیں نہیں رکے بلکہ بی جے پی پر نسل کشی کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ زہریلے پانی سے لوگ مر رہے ہیں جس کیلئے پوری طرح سے بی جے پی ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہار جیت تو لگی رہتی ہے لیکن کیا کوئی پارٹی اتنی گر جائے گی کہ وہ لاکھوں افراد کی جان لینے کی سازش کرلے؟
 امیت شاہ  نے کستوربا نگر  اور کالکاجی  اسمبلی حلقوں میں روڈ شو کے  دوران کہا کہ ’’دہلی والوں کیلئے ’آپ۔ دا‘کی بدانتظامی اور بدعنوانی کے اندھیروں سے باہر نکلنے کا واحد متبادل بی جے پی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ۵؍فروری دہلی کے لوگوں کیلئےکیجریوال کی ’آپ ‘ سے آزاد ہونے کا ایک بڑا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’۵؍ فروری کو کمل کا بٹن دبائیں اور  اس حکومت سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا پائیں کیونکہ یہ حکومت جھوٹ، فریب، وعدہ خلافی اور بدعنوانی کی حکومت ہے۔ ‘‘ کیجریوال کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس واٹر بورڈ کی جو بھی رپورٹ ہے، اسے عوامی کریں، اس کے بعد کی  ذمہ داری ہم لیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK