• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امیت شاہ کا دیویندر فرنویس کو اگلا وزیراعلیٰ بنانے کا اشارہ؟

Updated: November 10, 2024, 9:50 AM IST | Mumbai

بی جے پی کے چانکیہ نے عوام سے کہا ’’ ۲۰؍ نومبر کو مہایوتی کو ووٹ دیں اور فرنویس کو کامیاب کروائیں‘‘ اجیت پوار نے میڈیا سے کہا ’’ اس بیان سے غلط فہمی پیدا نہ کریں ‘‘

For the first time, BJP has highlighted the name of a local leader during the election campaign.  Photo: PTI
پہلی بار بی جے پی نے انتخابی مہم کے دوران کسی مقامی لیڈر کا نام نمایاں کیا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سانگلی کے شیرالہ علاقے میں اپنی تقریر کے دوران یہ اشارہ دیا ہے کہ مہاراشٹر کے اگلے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ہوں گے۔ حالانکہ امیت شاہ نے لفظ ’وزیر اعلیٰ‘ کا استعمال نہیں کیا لیکن ان کے ادا کئے گئے جملے کا مطلب وہی ہے جس کے بعد سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچی ہوئی۔ 
جمعہ کی شام مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سانگلی ضلع کے شیرالہ علاقے میں مہایوتی کے امیدور ستیہ جیت دیشمکھ کے انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا  ’’۲۰؍ نومبر کو  پورے مہاراشٹر میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس دن آپ لوگوں کو ایک فیصلے کن قدم اٹھا نا ہے۔ میں گزشتہ ڈیڑھ  دو ماہ سے مہاراشٹر میں گھوم رہا ہوں، کوکن، ودربھ، ممبئی اور شمالی مہاراشٹر، میں جہاں کہیں گیا مجھے لوگوں نے ایک ہی بات بتائی، ہر کسی کے دل میں یہی جذبہ ہے کہ مہایوتی کی حکومت بنانی ہے اور دیویندر فرنویس کو کامیاب کرنا ہے۔ ‘‘  انہوں نے کہا’’ مرکز اور ریاست  دونوں جگہوں پر بی جے پی کی قیادت والی حکومت ہوگی تو مہاراشٹر اور زیادہ تیزی سے ترقی کرے گا۔ ‘‘ 
’’غلط فہمی میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ‘‘
امیت شاہ کے اس بیان سے واضح اشارہ مل رہا ہے کہ الیکشن بعد دیویندر فرنویس کو وزیر اعلیٰ بنانے کے حق میں ہیں۔ اس تعلق سے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ پونے میں جب میڈیا نے امیت شاہ کے بیان پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا رد عمل معلوم کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا ’’ امیت شاہ کو ایسا کہنے کا اختیار ہے۔ دیویندر فرنویس مہاراشٹر میں ان کی پارٹی کا سب سے اہم چہرہ ہیں۔ لیکن وزیر اعلیٰ کے عہدے کا فیصلہ الیکشن بعد متفقہ طور پر کیا جائے گا۔ ‘‘ اجیت پوار نے واضح طور پر کہا ’’ الیکشن بعد دیکھا جائے گاکہ کس پارٹی کی کتنی سیٹیں آئی ہیں یہ دیکھا جائے گا۔ اس کے بعد تینوں پارٹیوں کے لیڈر بیٹھ کر فیصلہ کریں گے کہ کسے وزیر اعلیٰ بنانا ہے۔ اس لئے امیت شاہ کے بیان سے کسی غلط فہمی مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ 
 فرنویس خود الیکشن ہارنے والے ہیں
امیت شاہ کے بیان پر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے یہ کہتے ہوئے طنز کیا ہے کہ فرنویس خود الیکشن ہارنے والے ہیں پھر وہ وزیر اعلیٰ کیسے بنیں گے؟ ‘‘ میڈیا نے جب نانا پٹولے سے امیت شاہ کے بیان پر رد عمل ظاہر کرنے کیلئے کہا تو انہوں نے جواب دیا ’’ دیویندر فرنویس کیسے وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں؟ وہ خود الیکشن ہارنے والے ہیں۔ ان کی پارٹی بھی الیکشن ہارنے والی ہے۔ پھر وہ کیسے وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں؟  
بیان کا غلط مطلب نہ نکالیں
یاد رہے کہ امیت شاہ کے بیان کا ایک مطلب یہ بھی نکالا جا سکتا ہے کہ ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نہیں ہوں گے جن کے چہرے پر یہ الیکشن لڑا جا رہا ہے۔ اس لئے یہ بیان مہایوتی میں دراڑ ڈالنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اسی لئے بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے نے پہلی فرصت میں امیت شاہ کے بیان پر صفائی پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ مہاراشٹر میں دوبارہ مہایوتی کی حکومت قائم کرہو، اور مہاراشٹر دن بہ دن ترقی کرے اس کیلئے محنت کر رہے ہیں۔  ریاست میں بی جے پی کا چہرہ دیویندر فرنویس ہیں اسلئے بی جے پی کی کامیابی اصل میں دیویندر فرنویس کی کامیابی ہوگی۔ ‘‘ باونکولے نے کہا ’’ ہماری کوشش یہ ہے کہ مہایوتی کی زیادہ سے زیادہ سیٹیں آئیں۔ بی جے پی ، شیوسینا(شندے) اور این سی پی (اجیت) تینوں کے حصے میں خاطر خواہ سیٹیں آئیں۔  اس لئے آپ لوگ امیت شاہ  کے بیان کا کوئی غلط مطلب نہ نکالیں۔  فی الحال ایکناتھ شندے کا اس پر کوئی بیان نہیں  آیا ہے۔ 
یاد  رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی دھولیہ میں دیویندر فرنویس کی خوب تعریفیں کی تھیں۔ ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ کسی الیکشن میں نریندر مودی سے زیادہ دیویندر فرنویس کی قیادت کی تعریفیں ہو رہی ہیں۔ سیاسی مبصرین اس بات کا کچھ اور بھی مطلب نکال رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK