وزیر داخلہ کا گوپال گنج میں خطاب، عوام سے اپیل کی کہ وہ ۱۵؍ سال تک ریاست میں جاری رہنے والے جنگل راج کو واپس نہ آنے دیں۔
EPAPER
Updated: March 31, 2025, 1:26 PM IST | Patna
وزیر داخلہ کا گوپال گنج میں خطاب، عوام سے اپیل کی کہ وہ ۱۵؍ سال تک ریاست میں جاری رہنے والے جنگل راج کو واپس نہ آنے دیں۔
مرکزی وزیر داخلہ اوربی جے پی کے سینئر لیڈر امیت شاہ نے جو بہار کے دورہ پر ہیں، اتوار کو ریاست کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں ’جنگل راج‘ کو واپس نہ آنے دیں اور اس سال اکتوبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت کو ایک بار پھر منتخب کریں۔ انہوں نے گوپال گنج میں چین پٹی میں زیر تعمیر پولیس لائن کے گراؤنڈ میں ایک بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔
امیت شاہ نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہا’’بہار کے لوگ آر جے ڈی کے ۱۹۹۰ء سے ۱۵؍ سال تک جاری رہنے والے جنگل راج کو آج تک نہیں بھولے ہیں۔ اس دوران ریاست میں ڈکیتی، اغوا، قتل اور جرائم کے واقعات عام تھے ۔ عوام ریاست میں جنگل راج کو واپس نہ آنے دیں اور آنے والے انتخابات میں دوبارہ این ڈی اے کی حکومت بنانے کیلئے ووٹ دیں۔ ـــ‘‘انہوں نے اس موقع پرمختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا اورافتتا ح بھی کیا۔
آر جے ڈی حکومت پر بدعنوانی کے کئی معاملوں میں گھرے ہونے کا الزام لگاتے ہوئے امیت شاہ نے کہا’’اس دور میں سیلاب راحت گھپلا، کوئلہ گھپلا اور چارہ گھپلا جیسی بدعنوانی کی بہت سی کہانیاں عام ہوئیں۔ آر جے ڈی کے دور میں لوگوں کو آزادانہ اور بے خوف ہوکر ووٹ ڈالنے کی آزادی بھی نہیں تھی۔ امیت شاہ نے لالویادو اور ان کے حامیوں پررام مندر کی تعمیر کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ جس طرح ۵۵۰؍ سال بعدوزیر اعظم مودی کے دور اقتدار میں رام مندربن کر کھڑا ہے اسی طرح بہار میں ماں سیتا کیلئے وقف ایک مندر بنایاجائےگا۔
امیت شاہ نے کہا کہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے ہمیشہ اپنے کنبہ کو اقتدار میں رکھنے کی کوشش کی اور بہار کی ترقی کی کبھی فکر نہیں کی۔ انہوں نے کہا’’ لالو یادو کے دونوں بیٹے بہار میں وزیر تھے اور اب ایم ایل اے ہیں۔ ان کی اہلیہ رابڑی دیوی وزیر اعلیٰ رہیں، ایک بیٹی راجیہ سبھا کی رکن ہے جبکہ دوسری بیٹی نے بھی لوک سبھا کا الیکشن لڑا۔ ‘ ‘مر کزی وزیر نے الزام لگایا کہ جب لالو یادو مرکز میں سونیا- منموہن حکومت میں وزیر تھے، انہوں نے بہار کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مرکز نے بہار کو صرف ۲ء۸۰؍ لاکھ کروڑ روپے دیے تھے، جبکہ مرکز کی موجودہ نریندر مودی حکومت ۲۰۱۴ء سے اب تک بہار کو۹ء۲۳؍لاکھ کروڑ روپے کی امداد دے چکی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا ’’ آر جے ڈی کے دور حکومت میں بوتھ لوٹنے کے واقعات بھی عام تھے۔ مکمل جنگل راج تھا کیونکہ لوگوں کو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا حق بھی نہیں تھا۔ لالو یادو سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت کو سمجھنے میں ناکام رہے۔ ‘‘امیت شاہ کے بقول’’ لالو کہتے تھے کہ آئی ٹی۔ وائی ٹی کیا ہے اور سائنس اور ٹیکنالوجی کا مذاق اڑایا کرتے تھے۔ انہوں نے یہاں تک کہا تھا کہ کمپیوٹر کیا دودھ دے سکتا ہے۔ ‘‘
آرجےڈی نے امیت شاہ کو پردیسی قراردیا
وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ بہار پر سیاست گرما گئی ہے۔ امیت شا ہ کے دورہ پرآر جےڈی نے انہیں نشانہ بنایا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ اورلالویادوکی اہلیہ رابڑی دیوی کے گھر کے باہرپوسٹر لگائے گئے ہیں جن پر لکھا ہے ’’ تم تو ٹھہرے پردیسی، وعدہ کب نبھاؤگے‘۔ پوسٹر میں امیت شاہ کو مرکزی حکومت سے بہار سےکئے گئے وعدے یاددلائے گئے ہیں۔ ا س میں بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ بھی شامل ہے۔ اس پوسٹر میں وزیر اعلیٰ نتیش کمارکو بھی دکھا یا گیا ہےاور ان سے اپیل کی گئی ہے وہ امیت شاہ سے بہار کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کریں۔ پوسٹر میں یہ بھی پوچھا گیا ہےکہ ہر سال ۲؍ کروڑ نوجوانوں کو روزگار کب ملے گا، کالا دھن واپس کب آئے گااورکسانوں کی آمدنی کب دوگنی ہوگی ؟