شرڈی میں منعقدہ بی جے پی کے ریاستی کنونشن سے امیت شاہ کا خطاب، انڈیا اتحاد پر تنقید کی اوردہلی الیکشن جیتنے کا دعویٰ کیا۔
EPAPER
Updated: January 13, 2025, 12:14 PM IST | Agency | Shirdi
شرڈی میں منعقدہ بی جے پی کے ریاستی کنونشن سے امیت شاہ کا خطاب، انڈیا اتحاد پر تنقید کی اوردہلی الیکشن جیتنے کا دعویٰ کیا۔
مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے این سی پی سربراہ شردپوار اور شیوسینا یوبی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں شرد پوار کی طویل مدتی دھوکہ دہی کی سیاست کا خاتمہ بی جے پی کی اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت کے ساتھ ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں ایک مستحکم حکومت قائم کرنے کے عزم کو تقویت ملی ہے۔
شرڈی میں ریاستی بی جے پی کے کنونشن کا افتتاح پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کیا۔ جس میں تقریباً ۱۵؍ہزار پارٹی کارکنان اور لیڈران نے شرکت کی ۔ مرکزی وزیر اور سینئر بی جے پی لیڈر نتن گڈکری، وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس، ریاستی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے سمیت دیگر لیڈران نے اس کنونشن سے خطاب کیا۔
اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ مہاراشٹر کے عوام نے شرد پوار اور شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کی ’خاندانی اور دھوکہ دہی کی سیاست‘کو مسترد کر دیا ہے اور انہیں۲۰۲۴ء کے انتخابات میں اپنی جگہ دکھا دی۔ انہوں نے کہا کہ پوار نے ۱۹۷۸ء سے مہاراشٹر میں ’دغا پھٹکا(خیانت اور غداری)‘ کی سیاست شروع کی تھی، جسے اب عوام نے ۲۰۲۴ء کے انتخابات میں مسترد کر دیا ہے۔
امیت شاہ نے مزید کہا کہ۲۰۲۴ء کے انتخابات میں عوام نے یہ واضح کر دیا کہ وہ خاندان کی سیاست اور دھوکہ دہی کی سیاست کو قبول نہیں کرتے، اور یہی پیغام پوار اور ادھو ٹھاکرے کو مل چکا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن اتحاد ’انڈیا بلاک‘ کے زوال کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ’’ دہلی، مغربی بنگال، بہار اور مہاراشٹر میں کانگریس اور اس کے اتحادیوں کے درمیان اختلافات کے نتیجے میں یہ اتحاد اب ٹوٹ رہا ہے۔‘‘ شاہ نے کہا کہ یہ اتحاد اپنی بنیاد میں مضبوط نہیں ہے اور اس کے اندرونی اختلافات سامنے آ چکے ہیں۔ شاہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی دہلی میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی اور پارٹی کا حوصلہ بلند ہے۔
نتن گڈکری نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مہاراشٹر الیکشن میں مہایوتی کی شاندار کامیابی کے بعد لوگوں کی امیدوں پر کھرا اترنے کی بڑی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں بی جے پی ایک آتم نربھر، مضبوط اور خوشحال ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کیلئے عہد بند ہے۔‘‘ گڈکری نے پارٹی کارکنان کو پیغام دیا کہ ’’مہاراشٹر میں جیت کے بعد ریاست میں سُوراجیہ لانا ہے۔ اقتدار کے ذریعے سماج میں تبدیلی لانا ہے۔الیکشن میں جیت یا ہار سے کوئی چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا ہے، ہمارا کام ہی ہماری پہچان ہوتا ہے۔‘‘