دھاراوی میں دلت تنظیموں کا احتجاج ۔ مہلوک سومناتھ سوریہ ونشی کے اہل خانہ کو انصاف دینے کا مطالبہ ۔ تھانے میں بھی مورچہ نکالا گیا۔
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 4:47 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
دھاراوی میں دلت تنظیموں کا احتجاج ۔ مہلوک سومناتھ سوریہ ونشی کے اہل خانہ کو انصاف دینے کا مطالبہ ۔ تھانے میں بھی مورچہ نکالا گیا۔
یہاں پرگیہ بودھ وہار سیوا سمیتی ، مکند نگر اور بودھ پنچایت سمیتی شاکھا کی جانب سے دیگر دلت تنظیموں نے مشترکہ طور پر احتجاج کیا جس کے دوران مظاہرین نے پربھنی میں کھلے عام آئین کا مذاق اڑانے،شہید سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کی جانچ کرنے اور امیت شاہ کے ذریعے بابا صاحب امبیڈکر کی توہین پر ان سے معافی مانگنے کا پُرزور مطالبہ کیا گیا۔
دلت لیڈر بھالے راؤ نےمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ ’’بابا صاحب کے آئین نے سبھی ذات برادری اوردھرم کے لوگوں کو حفاظت اورباعزت طریقے سے زندگی گزارنے کا حق دیا ہے لیکن پربھنی میںکھلےعام آئین کا مذاق اڑایا گیا۔اسی طرح ہمارا ماننا ہے کہ سومناتھ سوریہ ونشی کی موت پولیس کی حراست میںہوئی ہے،اس لئے اس کی ہر پہلو سے جانچ کرائی جائے اورقصور واروں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے۔ اس کے علاوہ امیت شاہ نے جس طرح سے بابا صاحب کا مذاق اڑایا ، ان کی توہین وہ ناقابل برداشت ہے ، امیت شاہ ملک کے وزیر داخلہ ہیں، انہیںایسا گھٹیا انداز نہیںاپنا نا چاہئے تھا۔ہم لوگ کسی صورت اسے برداشت نہیںکریں گے ،ان کومعافی مانگنی ہوگی ۔‘‘
رام جی گپتا نے کہاکہ ’’ ہم سب اسی لئے جمع ہوئے کہ ان سوالات پرحکومت سے جواب مانگا جائے ۔امیت شاہ نے جس طرح سےبابا صاحب کا مذاق اڑایاہے، وہ کسی صورت برداشت کے قابل نہیں ۔ بابا صاحب نے ۱۴۰؍ کروڑ دیش واسیوں کے حقوق اوران کے وقار کی ضمانت دینے والا ایسا آئین دیا ہے جس پرہم سب کو فخر ہے ۔ امیت شاہ کو معافی مانگنی ہی پڑے گی۔‘‘
مظاہرین میں شامل راجو شندے نے کہا کہ ’’ مذکورہ تینوں مطالبات ہم سب کے دل کی آواز ہے ۔ہمیں انصاف چاہئے اور جو بھی سومناتھ سوریہ ونشی کی موت کے ذمہ دار ہیں ، ان کوسخت ترین سز ا ملنی چاہئے ۔ ‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’محض دلت تنظیمیں ہی نہیںبلکہ جو بھی بابا صاحب کا سمّان کرتے ہیں ، وہ سب دُکھی ہیںاورسبھی احتجاج کررہے ہیں ۔اس لئے حکومت ہمارے مطالبات کوتسلیم کرے ورنہ احتجاج کا سلسلہ مزید درازہوگا۔‘‘
اسی طرح تھانے میں بدھ کوباباصاحب امبیڈکرکے عقیدتمندوں نے آنند نگر ورکرس ویلفیئر سینٹر گراؤنڈ سے مورچہ نکالا جو بارہ بنگلہ سرکل پر شیواجی مہاراج کی یادگار پر ختم ہوا۔