• Mon, 27 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

امیت شاہ کا پرانا سوال، پرانے الزامات، شردپوار کو پھر نشانہ بنایا

Updated: January 25, 2025, 11:50 AM IST | Agency | Nashik

مرکزی وزیر داخلہ نے یہ سوال دہرایا کہ’’ آپ نے بطور وزیر زراعت اپنے۱۰؍ سالہ دور میں مہاراشٹر کیلئے کیا کیا ؟‘‘ دعویٰ کیا کہ شکر کارخانوں کے مسائل کو وزیر اعظم مودی نے حل کیا۔ کو آپریٹیو سیکٹر کیلئے علاحدہ وزارت کے قیام کو بھی کارنامہ قرار دیا۔

Amit Shah visited Trimbakeshwar Temple in Nashik before leaving for Malegaon. Photo: PTI
امیت شاہ نے مالیگائوں جانے سے قبل ناسک کے ترمبکیشور مندر جا کر پوجا کی۔ تصویر: پی ٹی آئی

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جمعہ کو مہاراشٹر کے دورے پر تھے۔ انہوں نے مالیگائوں میں ایک زرعی فارم کا افتتاح کیا۔ اس بار بھی انہوں نے این سی پی کے بانی اور سابق مرکزی وزیر زراعت شرد پوار کو نشانہ بنایا او ر ان کے ۱۰؍ سالہ دور وزات کا حساب مانگا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ اسٹیج پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سابق وزیر اور این سی پی (اجیت) کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل، ریاستی وزیر برائے محصول چندر شیکھر باونکولے اور مرکزی وزیر مملکت برائے کو آپریٹیو مرلی دھر موہول بھی موجود تھے۔ 
 حسب اعلان امیت شاہ جمعہ کے روز ممبئی پہنچے جہاں سے وہ ہوائی جہاز کے ذریعے ناسک آئے۔ ناسک میں انہوں نے ترمبکیشور مندر میں پوجا کی۔ اس کے بعد مالیگائوں کیلئے روانہ ہوئے۔ مالیگائوں میں ۵۳۸؍ ایکڑ زمین پر پھیلے ہوئے وینکٹیشور زرعی فارم کا افتتاح کرنا تھا۔ مالیگائوں تعلقے میں واقع اجنگ گائوں میں بنائے گئے اس فارم کو وینکٹیشورکو آپریٹیو،پاور اینڈ ایگرو پروسیس لیمیٹیڈ نے قائم کیا ہے۔ امیت شاہ نے پھر ایک شرد پوار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’ ۱۰؍ سال تک مرکز میں وزیر زراعت رہتے ہوئے آپ نے کو آپریٹیو سیکٹر کیلئے کیا کیا؟‘‘ امیت شاہ نے کہا ’’ گزشتہ کئی سال سے لوگ ملک میں کو آپریٹیو کی علاحدہ وزارت قائم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن کوئی ان کی سن نہیں رہا تھا۔ آخر ۷۵؍ سال بعد وزیر اعظم مودی نے قدم اٹھایا اور علاحدہ کو آپریٹیو وزارت قائم کی۔ انہوں نے کہا ’’ اس کی وجہ سے کسانوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ اگر’ خود کفیل‘کیلئے کوئی خوبصورت سا استعارہ ہو سکتا ہے تو وہ کو آپریٹیو ہے۔ 
امیت شاہ نےدعویٰ کیا کہ’’گزشتہ کئی سال سے مہاراشٹر میں شکر کارخانوں پر بقایا ٹیکس بڑھتا جا رہا تھا۔ اس پر ریاست میں تنازع تھا لیکن وزیر اعظم مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے اس تنازع کو ختم کر دیا۔ ‘‘ امیت شاہ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے مہاراشٹر کے شکر کارخانوں کا ۴۶؍ ہزار کروڑ روپے کا بقایا ٹیکس معاف کر دیا۔ انہوں نے شرد پوار کو للکارتے ہوئے کہا ’’ میں اس پلیٹ فارم سے شرد پوار سے سوال پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ ۱۰؍ سال تک مرکزمیں وزیر زراعت تھے۔ اس وقت کو آپریٹیو سیکٹر وزارت زراعت کے ماتحت تھا۔ آپ نے اس وقت کو آپریٹیو سیکٹر کیلئے کیا کیا؟ شکر کارخانوں کیلئے کیا کیا؟ اور کسانوں کیلئے کیا کیا؟‘‘ امیت شاہ نے شرد پوار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’ پوار صاحب ! آپ کو اس چیز کا حساب مہاراشٹر کو دینا ہی ہوگا۔ پوار صاحب ! صرف مارکیٹنگ کے ذریعے کوئی لیڈر نہیں  بنتا۔ لیڈر بننے کیلئے زمینی سطح پر کام کرنا پڑتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ میں یہاں سیاست کرنے نہیں آیا ہوں لیکن یہ حقیقت ہے کہ کو آپریٹیو سیکٹر کے لئے علاحدہ وزارت اور شکر کارخانوں کے ٹیکس کا مسئلہ، نریندر مودی ہی نے حل کیا ہے۔ 
 امیت شاہ کی نظر میں بھجبل کی قدر !
 جمعہ کے روز مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مہاراشٹر آئے تھے۔ انہوں نے ناسک کے مالیگائوں تعلقے میں واقع اجنگ گائوں میں ایک زرعی فارم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سابق ریاستی وزیر اور این سی پی (اجیت) کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل بھی موجود تھے۔ امیت شاہ نے اپنی مقررہ کرسی پر بیٹھتے ہی چھگن بھجبل کو اشارہ کرکے اپنے پاس بلایا۔ اس کے بعد انہیں اپنی بغل والی کرسی پر بیٹھنے کیلئے کہا۔ یاد رہے کہ چھگن بھجبل اس وقت صرف رکن اسمبلی ہیں۔ ان کے پاس کوئی وزارت نہیں ہے۔ اس کی وجہ سے وہ ناراض بھی ہیں۔ امیت شاہ کے ساتھ اسٹیج پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، وزیر محصول چندر شیکھر باونکولے اور مرکزی وزیر مملکت برائے کو آپریٹیو مرلی دھر موہول بھی موجود تھے لیکن امیت شاہ نے رکن اسمبلی چھگن بھجبل کو اپنے بغل میں بٹھایا۔ 
 دونوں کافی دیر تک ایک دوسرے سے باتیں کرتے رہے۔ اس کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں کیونکہ وزارت نہ ملنے کی وجہ سے ناراض بھجبل کسی بھی پروگرام میں شرکت سے گریز کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں وہ این سی پی کے اجلاس میں گئے بھی تو وہاں  اجیت پوار پر تنقید کرکے آگئے۔ البتہ اس دوران وہ بار بار دیویندر فرنویس کی تعریف کر رہے ہیں۔ ایسی صورت میں ان کا امیت شاہ کے پروگرام میں شرکت کرنا جو کہ ان کے ضلع میں ضرورتھا لیکن ان کے حلقہ انتخاب میں نہیں تھا۔ اس کے بعد امیت شاہ کا انہیں اپنے پاس بلا کر بٹھا نا اور باتیں کرنا کہیں کوئی سیاسی اشارہ تو نہیں ہے؟ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چھگن بھجبل بی جے پی میں جا سکتے ہیں۔ میڈیا کے سوال پوچھنے پر چھگن بھجبل نے یہ کہتے ہوئے جواب دینے سے انکار کر دیا کہ ’’ اس طرح کے سیاسی سوال کرنے کا یہ وقت نہیں ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK