• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

امول مٹکری کا راج ٹھاکرے پر سنگین الزام، ایم این ایس کی جانب سے پھر دھمکی

Updated: August 03, 2024, 1:38 PM IST | Agency | Mumbai

رکن اسمبلی نے کہا ’’ کینی قتل کیس سے بری ہوجانے پر راج ٹھاکرے سمجھتے ہیں کہ وہ کسی کو بھی مار سکتے ہیں‘‘ وزیر اعلیٰ کے تئیں بھی شکایت۔

Eknath Shinde has not called Amul Mitkari yet. Photo: INN
امول مٹکری کو ایکناتھ شندے نے اب تک فون نہیں کیا۔ تصویر : آئی این این

این سی پی کے نوجوان ایم ایل سی امول مٹکری کی جانب سے راج ٹھاکرے اور ان کی پارٹی مہاراشٹر نونرمان سینا پر تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نےیہ سنگین الزام لگایا ہے کہ عدالت نے راج ٹھاکرے کو کینی قتل کیس سے بری کر دیا تو انہیں لگتا ہے کہ وہ کسی کو بھی مار سکتے ہیں۔ دوسری طرف ایم این ایس کے امئے کھوپکر نے مٹکری کو کپڑے اتار کر مارنے کی دھمکی دی ہے۔ 
  یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امول مٹکری نے راج ٹھاکرے کو ’سپاری باز‘ کہا تھا جس پر ایم این ایس  کارکنان نے ان کی گاڑی پر پتھرائو کر دیا تھا۔  پولیس میں شکایت درج کروانے کے باوجود پتھرائو کرنے والوں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ اس پرناراض مٹکری نے  بدھ کو اکولہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔   جمعرات کو مٹکری نے پھر ایک بار ایم این ایس سربراہ کے خلاف مورچہ کھولا ۔ انہوں نے کہا’’  کینی قتل معاملے میں عدالت نے انہیں بری کر دیا تھا اس لئے انہیں لگتا ہے کہ  وہ کسی کو بھی مار سکتے ہیں۔ وہ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ وقت آنے پر وہ اپنے باپ کا قتل کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔‘‘ امول مٹکری نے کہا کہ ’’ میں ودھان پریشد کا رکن ہوں ۔ اگر میں نے ایک ایک کرکے ان کے سارے معاملات باہر نکالنے شروع کر دیئے تو ان کیلئے مشکل کھڑی ہو جائے گی۔‘‘ مٹکری نے ایکناتھ شندے کے تعلق سے بھی شکایت کی۔  ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر حملہ ہونے کے بعد اجیت پوار اور دیویندر فرنویس  نے فون کرکے میری خیریت دریافت کی لیکن وزیر اعلیٰ کو   یہ ضروری نہیں معلوم ہوا کہ وہ میری خیریت بھی دریافت کریں۔ کیا وہ میرے مرنے کے بعد  میری خبر لیں گے؟‘‘ 
ایم این ایس کی جانب سے دھمکی
اس دوران ایم این ایس کے امئے کھوپکر نے  امول مٹکری کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے دوبارہ راج ٹھاکرے کے تعلق سے زبان کھولی تو کپڑے اتار کر ان کی پٹائی کی جائے گی۔ امئے کھوپکر سندھو درگ میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ’’  راج ٹھاکرے پر تنقید کرنے والے امول مٹکری کون ہوتے ہیں؟ ان کی لیاقت کیا ہے؟  وہ گھاسلیٹ (مٹی کاتیل) چور ہیں۔ وہ پہلے اپنے گائوں میں گھاسلیٹ چوری کیا کرتے تھے اور بیچا کرتے تھے۔‘‘  کھوپکر نے کہا’’ دو پارٹیاں ایک دوسر ے پر تنقید کریں تو الگ بات ہے لیکن دوسری اور تیسری صف کے لوگ اٹھ کر کچھ بھی بولیں تو ان کے کان کے نیچے لگائیں گے۔‘‘ کھوپکر یہیں نہیں رکے بلکہ انہوں یہ تک کہہ دیا کہ ’’ اجیت پوار خود چوری کی ہوئی پارٹی کے صدر ہیں۔  اس کے آگے اگر امول مٹکری نے منہ کھولا تو کپڑے اتار کر ان کی پٹائی کی جائے گی۔  پھر ہم جو بھی کیس درج کرنا ہو کرتے رہیں۔‘‘ 
 پولیس کی کارروائی 
اس دوران اکولہ پولیس نے امول مٹکری کے احتجاج کے بعد ایم این ایس کے جنرل سیکریٹری کرن بالا  سدنبولے کو گرفتار کرنے کیلئے ۳؍ ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو کہ ممبئی کیلئے روانہ ہو گئی ہیں۔ کرن بالا کا فون اس وقت ناٹ ریچ ایبل ہے اور وہ روپوش ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK