• Wed, 27 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایمسٹرڈیم میں پھر ہنگامہ، ٹرام کوآگ لگادی گئی اور توڑ پھوڑ کی گئی

Updated: November 13, 2024, 11:53 AM IST | Amsterdam

نیدرلینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم کے نواحی علاقے میں احتجاج کرنے والے افراد نے ایک ٹرام پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی۔

In view of the situation, police officers are on alert in Amsterdam. Photo: PTI.
حالات کے پیش نظر ایمسٹرڈیم میں پولیس اہلکار الرٹ نظر آرہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

نیدرلینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم کے نواحی علاقے میں احتجاج کرنے والے افراد نے ایک ٹرام پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی۔ یہ اطلاع غیر ملکی میڈیا نے دی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی فٹ بال کلب کےشائقین پر حملے کے بعد سے یہاں کئی دنوں سے کشیدگی پائی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ ایک ٹرام پر آتش بازی سے حملہ کیا جا رہا ہے اور اس کی کھڑکیوں کو توڑ دیا گیا ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے ’ڈی ڈبلیو‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹرام میں لگی آگ کو فوری طور پر بجھادیا گیا اور پولیس نے متعدد گرفتاریوں کے بعد مظاہرین کو منتشر کردیا۔ نیدرلینڈکے حکام کا کہنا ہے کہ وہ پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ 
پولیس نے بتایا کہ پیر کو رات بھر لاٹھیوں اور پٹاخوں سے مسلح درجنوں لوگ مضافاتی علاقے میں جمع ہوئے۔ ’ الجزیرہ‘ کی خبر کے مطابق فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا دعویٰ کرنے والے نوجوانوں نے ٹرام کو آگ لگا دی، کھڑکیوں کو توڑ دیا ۔ آگ پر فوری طور پر قابو پالیا گیا اور پولیس نے علاقے سے مظاہرین کو منتشر کردیا ہے۔ قبل ازیں ڈچ پولیس نےپیر کو مزید ۵؍ افراد کو گرفتار کیا تھا جن پر اسرائیلی فٹ بال ٹیم ’مکابی تل ابیب‘ کے حامیوں پر حملوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشتبہ افراد ۱۸؍ سے ۳۷؍سال کے افرادہیں جو ہالینڈ میں رہتے ہیں۔ اس سے قبل ۶۳؍ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اطلاع کے مطابق ایمسٹرڈیم واقعات کے بعد ترکی اور اسرائیل کی ٹیموں کے درمیان فٹ بال میچ کو ہنگری منتقل کر دیا گیاہے۔ 
اسرائیل کے وزیر خارجہ گیدون سار نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ اب تک کی گئی گرفتاریوں کی تعداد’بہت کم‘ ہے۔ 
پیر کو نیدرلینڈکے وزیر اعظم ڈک شوف نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ایمسٹرڈیم کی تصاویر اور رپورٹس اور جو ہم نے اس ہفتے کے آخر میں اسرائیلیوں اور یہودیوں کے خلاف یہود دشمنی کے حملے دیکھے ہیں، وہ چونکا دینے والے اور قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ پولیس اور استغاثہ بدستور اس واقعے کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔ 
واضح رہے کہ جمعہ کی صبح فٹ بال میچ کےبعدہنگامہ ہوا جس کے دوران تصادم میں کم از کم ۵؍ افراد زخمی ہو گئے تھے ۔ جمعرات کو میچ سے قبل اسرائیلی فٹ بال ٹیم کے حامیوں اور مقامی افراد کے درمیان بھی تصادم کی خبروں پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے شوف نے کہا کہ اسرائیلی حامیوں کے خلاف تشدد کا کوئی جواز نہیں تھا۔ ہالینڈ کی پولیس نے کہاتھا ہے کہ بدھ کو میکابی کے شائقین نے ایمسٹرڈیم میں ایک ٹیکسی پر حملہ اور فلسطینی پرچم نذرِ آتش کیا۔ کھیل کے دن اسرائیلی فٹ بال ٹیم کے حامیوں کو ویڈیوز میں عرب مخالف نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا جن کی رائٹرس نے تصدیق کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK